Inquilab Logo

وزیراعظم نے راجستھان میں ۱۷؍ہزار کروڑ کے پروجیکٹس کا اعلان کیا

Updated: February 17, 2024, 10:19 AM IST | Agency | Jaipur

نریندر مودی نے’’ترقی یافتہ ہندوستان، ترقی یافتہ راجستھان‘‘ نامی پروگرام میں آن لائن شرکت کی اور خطاب میں کہا:ترقی یافتہ ہندوستان کی تعمیر میں راجستھان کا اہم رول ہوگا۔

Prime Minister Narendra Modi inaugurating the online project. Photo: PTI
وزیر اعظم نریندر مودی آن لائن پروجیکٹ کا افتتاح کرتےہوئے۔ تصویر :پی ٹی آئی

 جمعہ کو وزیر اعظم نریندر مودی نے راجستھان میں تقریباً ۱۷؍ ہزار کروڑ روپے کے نئے پروجیکٹس کا اعلان کیا۔ وزیر اعظم نے ’’ترقی یافتہ ہندوستان، ترقی یافتہ راجستھان‘‘ نامی پروگرام میں آن لائن شرکت کی اور خطاب بھی کیا۔ انہوں نے ترقی یافتہ ہندوستان کی تعمیر میں راجستھان کے اہم رول کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’’آج راجستھان کی ترقی کیلئے تقریباً ۱۷؍ ہزار کروڑ روپے کے پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد رکھا گیا ہے۔ یہ منصوبے ریل، سڑک، شمسی توانائی، پانی اور ایل پی جی جیسے ترقیاتی پروگراموں سے متعلق ہیں۔ ان سے ریاست کے ہزاروں نوجوانوں کو روزگار ملے گا۔ ‘‘ 
 اس دوران انہوں نے فرانسیسی صدر کے دورہ کا بھی حوالہ دیا اور تمام اسمبلی ممبران کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے راجستھان کے عوام کے متعلق کہا کہ ’’جب اسمبلی انتخابات کے وقت میں یہاں آیا تھا تو سبھی نے میرا استقبال کیا تھا۔ آپ سبھی نے مودی کی گارنٹی پر اعتماد کیا، آپ سبھی نے ڈبل انجن کی سرکار بنائی اور اب دیکھئے، راجستھان کی ڈبل انجن سرکار نے کتنی تیزی سے کام کرنا شروع کردیا ہے۔ ‘‘ انہوں نے کانگریس کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ’’ آپ یاد کیجئے کہ ۲۰۱۴ء سے پہلے ملک میں کیا باتیں چل رہی تھیں ؟ اس وقت پورے ملک میں بڑے بڑے گھوٹالوں کی بات ہو رہی تھی۔ کانگریس کے دور میں چاروں طرف یہی ماحول تھا۔ اور آج ہم کس کے بارے میں بات کر رہے ہیں ؟ آپ کس مقصد کی بات کر رہے ہیں ؟ آج ہم ترقی یافتہ ہندوستان، ترقی یافتہ راجستھان کی بات کر رہے ہیں۔ آج ہم بڑے خواب دیکھ رہے ہیں، بڑے بڑے عہد کررہے ہیں اور ان کے حصول کیلئے سخت محنت کر رہے ہیں۔ یہ ہر خاندان کی زندگی کو سنوارنے کی مہم ہے۔ یہ غریبی کو جڑ سے ختم کرنے کی مہم ہے۔ یہ نوجوانوں کیلئے بہتر روزگار پیدا کرنے کی مہم ہے۔ یہ ملک میں جدید سہولیات پیدا کرنے کی مہم ہے۔ ‘‘ مودی نے ترقی یافتہ راجستھان کے متعلق امید ظاہر کی کہ ’’ترقی یافتہ ہندوستان کیلئے ترقی یافتہ راجستھان کی تعمیر بہت ضروری ہے۔ ریاست میں جب بنیادی انفرا اسٹرکچر بہتر ہوگا تو کسانوں اور مویشی پالنے والوں کو فائدہ ہوگا۔ راجستھان میں صنعتیں آئیں گی، کارخانے لگیں گے، سیاحت بڑھے گی۔ اگر زیادہ سرمایہ کاری آئے گی، تو یہ فطری ہے کہ زیادہ سے زیادہ نوکریاں بھی آئیں گی۔ جب سڑکیں بنتی ہیں، ریلوے لائنیں بچھائی جاتی ہیں، ریلوے اسٹیشن بنتے ہیں، جب غریبوں کیلئےگھر بنتے ہیں، جب پانی اور گیس کی پائپ لائنیں بچھائی جاتی ہیں تو تعمیرات سے متعلق ہر کاروبار میں روزگار بڑھتا ہے۔ پھر ٹرانسپورٹ سے وابستہ لوگوں کو روزگار ملتا ہے۔ اس لئے اس سال کے مرکزی بجٹ میں بھی ہم نے بنیادی ڈھانچے کیلئے ۱۱؍ لاکھ کروڑ روپے مختص کئے ہیں۔ یہ کانگریس حکومت کے دور سے ۶؍ گنا زیادہ ہے۔ ‘‘
 وزیر اعظم نے اس جانب بھی توجہ دلائی کہ راجستھان کو کس طرح اطراف کی ریاستوں سے جوڑا جارہا ہے۔ جن سڑکوں کا آج سنگ بنیاد رکھا گیا اور افتتاح کیا گیا ان سے کوٹہ، ادئے پور، ٹونک، سوائی مادھو پور، بوندی، اجمیر، بھیلواڑہ اور چتوڑ گڑھ کی روابط میں بہتری آئے گی۔ ان سڑکوں کے ذریعے ہریانہ، گجرات، مہاراشٹر اور دہلی کے ساتھ رابطہ بھی مضبوط ہوگا۔ اسی طرح ریاست میں شمسی توانائی کے پروجیکٹ کی بھی بنیاد رکھی گئی ہے۔ اس کے متعلق مودی نے کہا کہ ’’ہم نے پی ایم سوریہ گھر نامی اسکیم شروع کی ہے جس کے تحت حکومت ہر ماہ ۳۰۰؍ یونٹ تک مفت بجلی کا بندوبست کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔ ابتدائی طور پر ملک بھر کے ایک کروڑ خاندانوں کو اس اسکیم سے جوڑا جائے گا۔ مرکزی حکومت چھت پر سولر پینل لگانے کیلئے ہر خاندان کے بینک اکاؤنٹ میں براہ راست رقم جمع کرے گی۔ اس سے سب سے زیادہ فائدہ متوسط طبقے اور نچلے متوسط طبقے کو ہوگا۔ سولر پینل لگانے کیلئے بینکوں سے سستے اور آسان قرضے بھی فراہم کئے جائیں گے۔ ‘‘
 وزیر اعظم نریندر مودی نے مزید کہا کہ ’’ترقی یافتہ ہندوستان بنانے کیلئے ہم ملک کے چار طبقوں کو مضبوط کرنے میں لگے ہیں۔ یہ طبقات ہیں ؛ نوجوان، خواتین، کسان اور غریب۔ ڈبل انجن والی سرکار ان طبقات کو بااختیار بنانے کی گارنٹی پوری کر رہی ہے۔ ریاست کی بی جے پی حکومت نے اپنے پہلے بجٹ میں ہی نوجوانوں کیلئے ۷۰؍ ہزار بھرتیاں نکالی ہیں، غریب خاندانوں کی بہنوں کو ۴۵۰؍  روپے میں سلنڈر دینے کی گارنٹی دی تھی۔ یہ گارنٹی بھی پوری کی جا چکی ہے۔ راجستھان کی لاکھوں بہنیں اس سے فائدہ اٹھا رہی ہیں۔ یہاں کے کسانوں کو پی ایم کسان سمان ندھی کے تحت اب ۸؍ ہزار روپے مل رہے ہیں۔ ‘‘ مودی نے یقین دلایا کہ وہ راجستھان کی ترقی کیلئے جی جان لگا دیں گے۔ 

 کھٹی پورہ  اسٹیشن کوچ کیئر کمپلیکس
 پی ایم مودی نے راجستھان میں ۱۷؍ ہزار کروڑ روپے کے ترقیاتی پروجیکٹوں کا افتتاح کیا۔ اس میں کھٹی پورہ اسٹیشن پر زیر التواء کوچ کیئر کمپلیکس اور بندیکوئی-آگرہ ٹریک کو ڈبل کرنے کا پروجیکٹ بھی شامل ہے، جو جے پور اور آگرہ ڈویژن کیلئے سب سے اہم ہے۔ وزیر اعظم نے راجستھان میں تقریباً۲۲۷۵؍ کروڑ روپے کی لاگت سے۸؍ نئے پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد رکھا۔ بندیکوئی-آگرہ (۱۵۱؍کلومیٹر) ٹریک پر دُگنا کرنے کے منصوبے کی لاگت، جو تقریباً۱۰؍ سال سے رکی ہوئی تھی، اب۱۳۸۰؍ کروڑ روپے سے کم ہو کر ایک ہزار کروڑ روپے رہ گئی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK