Inquilab Logo

امریکی حکومت سیمی کنڈکٹرکیلئے سبسیڈی فراہم کرے گی

Updated: August 11, 2022, 12:38 PM IST | Agency | Washington

جوبائیڈن نے ’لینڈ مارک چپس بل‘ پر دستخط کئےجس کی رو سے امریکہ میں بحران کا شکار کارسازی کی صنعت کو راحت دینے کیلئے کئی اہم معاشی اقدامات کئے جائیں گے

Joe Biden signed the bill in the presence of industrialists .Picture:Agency
جو بائیڈن نے صنعتکاروں کی موجودگی میں بل پر دستخط کئے تصویر: ایجنسی

 امریکی حکومت نے ۲؍ سال سے بحران کا شکار کارسازی کی صنعت کو راحت دینے کا اعلان کیا ہے۔ دراصل  امریکی صدر جو بائیڈن نے ایک ایسے بل پر دستخط کئے ہیں جس کے ذریعے  کاربنانے والی کمپنیوں کو درکار سیمی کنڈکٹر اور چپس تیار کرنے کیلئے سبسیڈی دینے کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔   یاد رہے کہ امریکہ میں گزشتہ ۲؍ سال سے کار تیار کرنے کیلئے ضروری  اجزاء کے طور پر استعمال ہونے والے سیمی کنڈکٹر اور اس کے چپس کی قلت ہے جس کی وجہ سے ملک میں کاروں کی قلت ہے او ر اس کے داموں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔  اطلاع کے مطابق جو بائیڈن نے جس بل کو منظوری دی ہے اس کا مقصد سیمی کنڈکٹر اور چپس کی مسلسل قلت کو دور کرنا ہے جس نے کاروں، ہتھیاروں، واشنگ مشینوں اور ویڈیو گیمز  کے علاوہ  کئی  چیزوں کے پروڈکشن کو  متاثر کیا ہے۔  یاد رہے کہ امریکہ میں ان دنوں کاروں کی قیمتیں آسمان چھو رہی ہیں کیونکہ مارکیٹ میں نئی کاریں نہیں آ رہی ہیں۔ نئی کاریں نہ آنے کی وجہ سیمی کنڈکٹر کا تیار نہ ہونا ہے۔ اطلاع کے مطابق کورونا وائرس کے دوران  سیمی کنڈکٹر بنانےوالی کئی کمپنیاں بند ہو گئی تھیں ۔ ان کے دوبارہ شروع ہونے کا کوئی امکان نظر نہیں آ رہا ہے کیونکہ ان کی صنعت کیلئے درکار اشیا موجود نہیں ہیں اور ان میں سے بیشتر کمپنیوں کا سرمایہ ڈوب چکا ہے۔کہا جا رہا ہے کہ امریکہ کے  جنوب مشرقی مشی گن  علاقےمیں ہزاروں کاریں اور ٹرک چپس کا انتظار کر رہی ہیں کیونکہ یہ آٹومیکرس کی قلت کا شکار ہیں۔  صدر جو بائیڈن نے منگل کو امریکی سیمی کنڈکٹر کے پروڈکشن اور ریسرچ کیلئے ۵۲ء۷؍ بلین ڈالر کی سبسیڈی فراہم کرنے کیلئے ایک تاریخی بل پر دستخط کئے۔ ہر چند کہ اس کا مقصد ملک میں کار سازی کو درپیش بحران کا مقابلہ کرنا ہے لیکن  ماہرین اسے ایک دوسرے زاویے سے بھی دیکھ رہے ہیں۔ کہا جا رہا ہے کہ  اس بل کا مقصد امریکہ کو چین کے خلاف  صنعتی طور پر مزید مضبوط بنانا ہے۔ بل پر دستخط کرنے کے بعد جو  بائیڈن نے کہاکہ ’’( کار سازی کا) مستقبل، امریکہ میں بننے جا رہا ہے۔‘‘ انہوں نے کہا’’ امریکہ میں، یہ صدی میں ایک بار کی جانے والی سرمایہ کاری ہے، اور چپ کمپنیاں سرمایہ کاری کر رہی ہیں۔‘‘  حالانکہ یہ واضح نہیں ہے کہ امریکی کامرس ڈپارٹمنٹ گرانٹس کا جائزہ لینے کیلئے کب قواعد لکھے گا اور منصوبوں میں کتنا وقت لگے گا۔کچھ ریپبلکن ( اپوزیشن پارٹی )اراکین بھی  چپس بل پر دستخط کے دوران وہائٹ ہاؤس کے لان میں بائیڈن کے ساتھ موجود تھے۔ ان کے علاوہ مشہور کمپنیوں جیسے  مائیکرون، انٹیل، لاک ہیڈ مارٹن، ایچ پی اور ایڈوانسڈ مائیکرو ڈیوائس کے سی ای او نے بھی اس تقریب میں شرکت کی  وہائٹ ہاؤس نے کہا ہے کہ بل کی منظوری سے نئی چپ سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی ہو رہی ہے۔ کوال کام نے پیر کو گلوبل فاؤنڈریز کی نیویارک فیکٹری سے ۴ء۲؍ بلین ڈالر اضافی سیمی کنڈکٹر چپس خریدنے پر اتفاق کیا، جس سے ۲۰۲۸ء تک اس کی کل وابستگی ۷ء۴؍ بلین ڈالر ہو جائے گی۔وہائٹ ہاؤس نے میموری چپ مینوفیکچرنگ میں مائیکرون کو ۴۰؍ بلین ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے، جس سے امریکی مارکیٹ  شیئر ۲؍فیصد سے بڑھ کر ۱۰؍فیصد ہو جائے گا۔ واضح رہے کہ امریکہ میں ترقی پسندوں نے دلیل دی ہے کہ یہ بل منافع بخش چپس کمپنیوں کیلئے پہلے کے امریکی پلانٹس کو بند کرنے کا ایک سستا طریقہ ہے۔ بائیڈن نے منگل کو دلیل دی کہ یہ  قانون کمپنیوں کو خالی چیک نہیں سونپ رہا ہے۔ اس قانون کا مقصد مسلسل قلت کو دور کرنا ہے جس نے کاروں، ہتھیاروں، واشنگ مشینوں اور ویڈیو گیمز سے لے کر ہر چیز کو متاثر کیا ہے۔  اس بل کے مطابق حکومت چپس بنانے والی کمپنیوں کو   سبسیڈی  کے علاوہ قرض بھی فراہم کرے گی نیز چین سے مقابلے کی غرض سے  اس جیسی ٹیکنالوجی حاصل کرنے کیلئے ریسرچ کا انتظام کروائے گی۔  وہائٹ ہائوس کے مطابق یہ کمپنیوں کیلئے نہیں بلکہ امریکہ کیلئے کیا گیا اقدام ہے۔ 

Joe Biden Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK