Inquilab Logo

ودیا وہار ریل اوو ربریج کا کام آئندہ برس مکمل ہونے کا امکان

Updated: May 29, 2023, 11:10 AM IST | Vidyavihar

اس پل کے توسیعی منصوبے پر ۷۰ء۹۳؍ کروڑ روپے لاگت آئے گی۔میگابلاک کے دوران گرڈربچھا دیا گیا

Girder laid during megablock on rail over bridge at Vidya Vihar. (Photo: Sameer Markande)
ودیاوہار میں ریل اوور بریج پرمیگابلاک کے دوران گرڈربچھایا گیا۔(تصویر: سمیرمارکنڈے)

محکمۂ شہری مالیات کی جانب سے ودیا وہار ریل اوور بریج کی توسیع کی تجویز کو منظوری ملنے کے بعد سنیچر اور اتوار کی درمیانی رات گرڈربچھانے کا کام کیا گیا ۔ واضح رہے کہ مجوزہ توسیع کے ساتھ پروجیکٹ کی لاگت ۹۹ء۹۸؍ کروڑ روپے سے بڑھ کر۱۷۸ء۹۳؍ کروڑ روپے ہوگئی ہے۔ افسران نے اس تعلق سے کہا کہ لاگت میں اضافہ اضافی کام کی وجہ سے ہوا جس کیلئے وہ ۷۰ء۹۳؍ کروڑ روپے کے ٹینڈر طلب کریں گے۔  بی ایم سی اس منصوبے کو۲۰۲۴ء کے وسط تک مکمل کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔واضح رہے کہ اس نمائندے  نے نومبر میں محکمۂ خزانہ کی جانب سے محکمہ بریج کی طرف سے پیش کی گئی تجویز کو منظور کرنے میں تاخیر کے معاملے کو اجاگر کیا تھا۔
 بریج ڈپارٹمنٹ کے ایک اہلکار نے اس بارے میں کہاتھاکہ میونسپل اقبال سنگھ چہل کی جانب سے اس کی منظوری کے بعد ہم پل پر اضافی کام کیلئے ٹینڈر طلب کریں گے۔انہوں نے مزید کہاکہ پل کی تعمیر کا کام نہیں روکا گیا ہے۔ یہ پہلے سے منظور شدہ ٹینڈرس کے مطابق جاری ہے۔ حتمی منظوری کے بعد ہم توسیعی کام کیلئے ٹینڈرز طلب کریں گے۔ اس کیلئے ورک آرڈر جاری کرنے میں تقریباً ایک ماہ کا وقت لگے گا۔
 میونسپل کمشنر اقبال سنگھ چہل کی جانب سےجنوری میں ہری جھنڈی دکھائے جانے کے بعد بریج ڈپارٹمنٹ نے توسیعی منصوبے کیلئے ٹینڈر س طلب کرلئے ہیں۔اس کام کیلئے ۱۸؍ مہینے لگیں گے۔
 لاگت میں اضافے کے بارے میں بات کرتے ہوئے ایک افسر نے کہاکہ ’’ ۴۰۰؍ میٹر کے پل کیلئے پروجیکٹ کی اصل لاگت۹۹؍ میٹر گرڈر سمیت۹۹ء۹۸؍کروڑ روپے تھی۔ ریلوے کی جانب سے پل کے ڈیزائن میں کچھ تبدیلیاں کرنے کے بعد یہ بڑھ کر۱۰۸؍ کروڑ روپے تک پہنچ گئی ہے۔ اب بی ایم سی نے پل کی لمبائی ۶۱۳؍ میٹر اور گرڈر کو۱۲۰؍ میٹر کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کی وجہ سے لاگت بڑھ کر ۱۷۸ء۹۳؍ کروڑ روپے ہو گئی ہے۔‘‘انہوں نے مزید کہا کہ ’’پل کا منصوبہ۲۰۱۶ء میں تیار کیا گیا تھا۔ ریلوے   نے بھی اس منصوبے کی منظوری دے دی تھی کیونکہ یہ پل ٹرین کی پٹریوں کے اوپر سے گزر رہا ہے۔ اس کے بعدوزارت ریل  کے ریسرچ ڈیزائنز اینڈ اسٹینڈرڈس آرگنائزیشن (آر ڈی ایس او) نے پل کے معیار کو اپ گریڈ کیا۔ لہٰذا ریلوے کے علاقے میں ڈیزائن کو تبدیل کرنا پڑا اور ریلوے سےاس کی  اجازت لی گئی۔‘‘
 واضح رہے کہ یہ منصوبہ مارچ۲۰۱۸ء میں شروع ہوا تھا اور۲۰۲۲ء سے قبل مکمل ہونے کی امید تھی۔

vidyavihar Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK