• Sat, 07 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

’’اس بات کی کوئی گارنٹی نہیں ہے کہ وزیراعظم مودی پھر منتخب ہوں گے‘‘

Updated: April 18, 2024, 9:24 AM IST | Mumbai

سنجے رائوت نے دعویٰ کیا کہ اس بار جیت انڈیا اتحاد کی ہوگی ، شیوسینا(ادھو) لیڈر نے کانگریس کو باغی لیڈران پر کارروائی کی نصیحت بھی کی

Shiv Sena spokesperson Sanjay Raut (file photo)
شیوسینا ترجمان سنجے رائوت( فائل فوٹو)

شیو سینا( ادھو ) کے رکن پارلیمان سنجے راؤت  نے مودی کے ذریعے گارنٹی دینے پر پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’اس بات کی کوئی گارنٹی نہیں ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی خود ایک بار پھر منتخب ہوں گے تو وہ عوام کو کیا گارنٹی دے رہے ہیں؟‘‘سنجے راؤت نے دعویٰ کیا کہ وہ کتنی ہی میٹنگیں کریں، جیت انڈیا اتحاد کی ہی ہوگی۔ انہوں نےناگپور میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے مودی پر تنقید کی اور کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کو مذہبی معاملات کے باہر آکر تقریر کرنی چاہئے۔ 
 راؤت کے بقول ریلی میں جس طرح کی زبان مودی بولتے ہیں ،گلی محلے کے لوگ بھی وہ زبان نہیں بولتے۔ انہوں نےکہا کہ پہلے مرحلے میں ہمارا(شیوسینا) کوئی امیدوار نہیں ہے بلکہ مہاوکاس اگھاڑی کے امیدوار ہیں۔ کوئی کچھ بھی کہے، چاہے جتنے بھی سروے آئےاس بار تبدیلی آئے گی اور   تبدیلی ودربھ سے شروع ہوتی ہے۔‘‘ رائوت کے مطابق لوگ پارٹی کو نہیں بلکہ مہاوکاس اگھاڑی کے امیدوار کو دیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رام ٹیک میں ہمارے پاس کوئی امیدوار نہیں ہے لیکن میں مہاوکاس اگھاڑی کیلئے میٹنگ کر رہا ہوں۔امیدواروں کے ناموں کا اعلان کرنے پر جو لوگ بغاوت کر رہے ہیں ان کے تعلق سے سنجے راؤت نے مہا وکاس اگھاڑی کی سبھی پارٹیوں کے لیڈروں کو مشورہ دیا کہ ایسے لیڈر اور ورکروں کو پارٹی سے باہر نکال دینا چاہئے۔
دیویندر فرنویس کو اعداد شمار کی عادت ہے
 الیکشن سے قبل کے سروے اور فرنویس کے دعوؤں کے تعلق سےسنجے راؤت نے کہا کہ ’’لوک سبھا انتخابات سے  پہلے جو سروے رپورٹ آرہی ہے ہم اس سے متفق نہیں ہیں۔ ہمیں مہاراشٹر میں صد فیصد کامیابی ملے گی۔ دیویندر فرنویس  یہ دعویٰ کر رہے ہیں کہ انہیں ۴۵؍ سے زیادہ سیٹیں ملیں گی ، ان کی تعداد کچھ بھی ہو۔ انہیں اعداد و شمار کی عادت ہے۔ سنجے راؤت نے یہ بھی کہا کہ الیکشن کے بعد انہیں نمبر کے حساب کتاب کے کاروبار میں اترنا پڑے گا۔سنجے راؤت نے  یقین ظاہر کیا کہ مہاراشٹر میں مہا وکاس اگھاڑی کو ۳۵؍  اور ملک میں انڈیا اتحاد کو ۳۰۵؍ سیٹیں ملیں گی۔
اجیت پوار پر تاجروں کا ایجنٹ ہونے کا الزام
 سنجے راؤت نے اجیت پوار پر بھی تنقید کی  اور کہا کہ  اجیت پوار خود ایک تاجر ہیں، اس لئے  وہ سودا کریں گے۔ملک کو تاجر ہی چلا رہے ہیں، جن کے ایجنٹ اجیت پوار ہیں۔ امراؤتی کی ایم پی نونیت رانا نے ٹھیک کہا، ملک میں مودی لہر نہیں ہے۔ مودی لہر پر ان کا اپنا امیدوار منتخب نہیں ہوگا۔ 
 سنجے راؤت نے کہا کہ یہ معلوم نہیں ہے کہ کانگریس سانگلی میں آزاد امیدوار کی حمایت کر رہی ہے یااپنا امیدوار اتار رہی ہے ۔  انہوں نے کہاکہ اگر کوئی بغاوت کرکے الیکشن لڑ رہا ہے تو کارروائی ہونی چاہئے۔ راؤت نے کانگریس کو یہ بھی مشورہ دیا کہ اگر پارٹی کا لیڈر نظم و ضبط کی خلاف ورزی کرتا ہے تو پارٹی کو اسے نکال دینا چاہئے۔  یاد رہے کہ سانگلی میں کانگریس کے وشال پاٹل نے شیوسینا امیدوار چندر ہار پاٹل کے سامنے پرچہ بھرا ہے لیکن اب تک کانگریس نےانہیں سمجھانے یا وارننگ دینے والی کوئی بات نہیں کہی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK