Inquilab Logo

اس باربورڈ امتحانات روایتی اندازمیں منعقد کئے جائیں گے

Updated: October 07, 2022, 9:27 AM IST | saadat khan | Mumbai

کوووڈ کے دوران نصاب، فارم اور وقت کے تعلق سے طلبہ کو دی جانے والی سہولیات اس سال نہیں دی جائیں گی

This time the students have to read the entire syllabus first and prepare for the exam (file photo).
اس بار طلبہ کو پہلے پورا نصاب پڑھ کر امتحان کی تیاری کرنی ہوگی (فائل فوٹو)

 مہاراشٹر اسٹیٹ بورڈ  آف سیکنڈری اینڈ ہائر سیکنڈری ایجوکیشن پونےکی نگرانی میں سال ۲۰۲۳ء میں منعقد ہونےوالے ایس ایس سی اور ایچ ایس سی امتحان کیلئے ان دنوں اسکولوںاور جونیئر کالج کے ہیڈماسٹر، ا ساتذہ اور سینٹر انچارج وغیرہ کو ٹریننگ دی جارہی ہے۔ ٹریننگ میں جہاںیہ بتایاجارہاہےکہ امتحان روایتی انداز میں منعقدکئے جائیں گے وہیں یہ بھی کہاگیاہےکہ کووڈ کی وجہ سےگزشتہ بورڈ امتحان میں جس طرح کی رعایتیں دی گئیں تھیں ویسی رعایتیں نہیں دی جائیں گی۔ ساتھ ہی امتحان ہوم سینٹر میں منعقد نہیں کئے جائیں گے۔ امتحان ۱۰۰؍فیصد نصاب کےمطابق ہوں گے ۔   جلد ہی امتحان سے متعلق گائیڈلائن اور سرکیولر جاری کئے جائیں گے۔ امسال  ایس ایس سی امتحان میں زیادہ طلبہ کے شریک ہونے کاامکان ہے۔
 دھاراوی کی ایک سیکنڈری اسکول کےمعلم نے بتایاکہ ’’ ان دنوں الگ الگ وارڈ میں بورڈ کی طرف سے ٹریننگ دی جار ہی ہے جس میں بتایا جا رہا ہے کہ امسال امتحان کی تیاریاں کس طرح کرنی ہے۔کووڈ کی وجہ سے ایس ایس سی کےگزشتہ امتحا ن میں طلبہ کا نصاب کم کیاگیاتھا۔ طلبہ کو ہوم سینٹر میں امتحان دینےکی اجازت دی گئی تھی ۔ علاوہ ازیں امتحان کے آغاز سے ایک دن قبل تک امتحان میں شریک ہونےکیلئے فارم پُرکرنےکی سہولت مہیاکی گئی تھی۔ ساتھ ہی طلبہ کو پرچہ حل کرنےکیلئے اضافی وقت دیاگیاتھا۔ لیکن امسال  ایس ایس سی امتحان میں اس طرح کی سہولیات نہیں دی جائیں گی۔ جس طرح کووڈ سے پہلے بورڈ امتحان منعقد کئے جاتے تھے انہی اُصول وضوابط کے مطابق امتحانات ہوں گے ۔‘‘
 ناگپاڑہ کی ایک ہائی اسکول کے ہیڈماسٹر نے بتایاکہ ’’ ٹریننگ میںحصہ لینےوالے بیشتر اساتذہ اور ہیڈماسٹر کے دماغ میں یہ سوال تھاکہ کیا بورڈ امسال ایس ایس سی امتحان کیلئے ہوم سینٹر کی سہولت فراہم کرسکتاہے؟ مگر ٹریننگ کے دوران ایسی کوئی بات سامنے نہیں آئی بلکہ یہ کہاگیاہےکہ امسال روایتی طورپرامتحان منعقدکئے جائیں گے ۔ ساتھ ہی امتحان کیلئے فارم پُرکرنےکی مدت بھی تبدیل کی جائے گی تاکہ طلبہ وقت سے قبل فارم پُرکریں ۔گزشتہ سال  امتحان سے ایک دن قبل تک فارم پُرکرنےکی سہولت  تھی جس سے بورڈ کے عملے کی پریشانی بڑھ گئی تھی۔ انہیں رات میں دیر تک کام کرکے ان طلبہ کا ہا ل ٹکٹ  بنانا پڑ اتھا۔اس کےعلاوہ جلدبازی میں  طلبہ نے فارم میں اپنے نام کے املے میں متعدد غلطیاں کی تھیں جنہیں درست کرنےاور نیا ہال ٹکٹ جاری کرنے میں  بورڈ کےعملے کا کافی وقت ضائع ہواتھا۔ اسلئے ٹریننگ  میں کہاگیاہےکہ طلبہ کے ناموں کے املے میں کوئی غلطی نہ ہو اس کا خاص خیال رکھاجائے ۔ ‘‘
    مدنپورہ کی ا یک اسکول کے ہیڈماسٹر نے کہاکہ ’’ کووڈ کی وجہ سے گزشتہ سال جو سہولتیں دی گئی تھیں ، ان تمام سہولتوںکو ختم کرنے کا اشارہ دیاگیاہے۔طلبہ کو ۱۰۰؍فیصد نصاب کے مطابق امتحان کی تیاری کرنی ہے۔ امتحان ہال میں کیمرے  لگانےکیبھی تجویز ہے۔ غرضیکہ امسال  امتحان کی تیاریاںروایتی طورپر کی جارہی ہیں۔ اس لئے اساتذہ اور طلبہ پوری توجہ کےساتھ امتحان کی تیاری کریں۔‘‘  یاد رہے کہ  یہ پہلا امتحان ہے جب کورونا کے مریض اور اس کا خدشہ دونوں کافی کم سمجھے جا رہے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK