Inquilab Logo

۲؍کھلاڑی باہر ،سرفرازخان ٹیم انڈیامیں شامل

Updated: January 29, 2024, 9:59 PM IST | New Delhi

دوسرے ٹیسٹ کیلئے ہندوستانی ٹیم میں سرفراز کے ساتھ واشنگٹن سندر اور سوربھ کمار کو بھی موقع ملا۔ جڈیجا اور راہل باہر ہوئے

Sarfaraz Khan. Photo:INN
سرفراز خان۔ (تصویر:آئی این این )

ہندوستانی ٹیم کو انگلینڈ کے خلاف۵؍ ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں شرمناک شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اب اس شکست کے بعد ہندوستانی ٹیم سے۲؍ کھلاڑی   باہر ہوگئے ہیں جبکہ سرفراز خان جو کافی عرصے سے ٹیم میں جگہ حاصل کرنے کے منتظر تھے انہیں موقع دیا گیا ہے۔ ممبئی کے بلےباز سرفراز خان کے علاوہ دوسرے ٹیسٹ کے لئے  واشنگٹن سندر اور سوربھ کمار کو بھی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
دراصل آل راؤنڈر رویندر جڈیجا اور  بلے باز کے ایل راہل۲؍ فروری سے شروع ہونے والے دوسرے ٹیسٹ سے باہر ہو گئے ہیں۔ آل راؤنڈر جڈیجاہیمسٹرنگ انجری کی وجہ سے ٹیم سے باہر ہوگئے ہیں جبکہ  کے ایل راہل کواڈریسیپس درد کی وجہ سے دوسرا ٹیسٹ میچ نہیں کھیل سکیں گے۔ ان کی جگہ بلے بازسرفراز خان، سوربھ کمار اور آل راؤنڈر واشنگٹن سندر کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
بی سی سی آئی کی جانب سے ایک آفیشل پریس ریلیز جاری کرتے ہوئے کہا گیا کہ `میڈیکل ٹیم جڈیجا اور راہل دونوں کی صحت پر نظر رکھے ہوئے ہے لیکن دوسرے ٹیسٹ سے قبل ان کی صحت یابی بہت مشکل ہے، اس لئے  یہ دونوں کھلاڑی دوسرے ٹیسٹ میں نہیں کھیل سکیں گے۔  جڈیجا اور راہل کی جگہ سرفراز خان، سوربھ کمار اور واشنگٹن سندر کو ٹیم میں شامل کیا جا رہا ہے۔آپ کو بتا دیں کہ سرفراز خان انگلینڈ لائنس کے خلاف ۳؍ میچوں کی سیریز کا حصہ تھے۔ انہوں نے احمد آباد میں کھیلے جانےوالے آخری میچ میں۱۶۱؍ رن کی شاندار اننگز کھیلی تھی۔ سندر نے اس میچ میں ۲؍ وکٹ حاصل کئے  اور نصف سنچری بھی بنائی تھی۔
انگلینڈ کیخلاف دوسرے ٹیسٹ کیلئے ہندوستانی اسکواڈ: روہت شرما (کپتان)، شبھمن گل، یشسوی جیسوال، شریاس ایّر، کے ایس بھرت (وکٹ کیپر بلے باز)، دھرو جوریل (وکٹ کیپر بلے باز)، روی چندرن اشون، اکشر پٹیل، کلدیپ یادو، محمد سراج، مکیش کمار، جسپریت بمراہ (نائب کپتان)، اویس خان، رجت پاٹیدار، سرفراز خان، واشنگٹن سندر، سوربھ کمار۔  
ہندوستان ڈبلیو ٹی سی پوائنٹس ٹیبل میں ۵؍ویں نمبر پرپہنچا
انگلینڈ کے خلاف۲۸؍ رن کی شکست کی وجہ سے ہندوستان ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ (ڈبلیو ٹی سی) پوائنٹس ٹیبل پر ۳؍ مقام نیچے پانچویں نمبر پر پہنچ گیا ہے۔ہندوستان دو بار ڈبلیو ٹی سی فائنل کھیل چکا ہے اور ٹیبل پر دوسرے نمبر پر تھا۔ انگلینڈ کے خلاف شکست کے بعد ہندوستان ٹیبل میں جنوبی افریقہ، نیوزی لینڈ اور بنگلہ دیش سے نیچے چلا گیا ہے۔ اس شکست کے بعد ہندوستان کا پوائنٹس فیصد۵۴ء۱۶؍ سے اب ۴۳ء۳۳؍ ہو گیا ہے۔ پچھلے سال کا فاتح آسٹریلیا ٹیبل میں سرفہرست ہے۔کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں جنوبی افریقہ کو دو دن کے اندر شکست دینے کے بعد ہندوستان کچھ وقت کیلئے ٹیبل پر سرفہرست بھی تھا لیکن اس کے ٹھیک دو دن بعد ہی پاکستان کے خلاف ٹیسٹ میں آسٹریلیا نے کلین سویپ کیا اوروہ پہلی پوزیشن پر پہنچ گیا۔قابل ذکر ہے کہ ڈبلیو ٹی سی کے موجودہ سائیکل میں ہندوستان نے ۵؍ ٹیسٹ میچ کھیلے ہیں اور۲؍ میں کامیابی حاصل کی ہے جبکہ ایک میچ ڈرا پر ختم ہوا ہے۔ حالانکہ ہندوستان کو شکست دینے کے باوجود انگلینڈ بھی ٹیبل میں ایک مقام نیچے کھسک گیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK