Inquilab Logo

برطانیہ میں تنخواہوں میں ۲۶؍فیصد اضافے کیلئے ہزاروں جونیئر ڈاکٹر کی ہڑتال،طبی خدمات ٹھپ

Updated: March 16, 2023, 10:58 AM IST | London

جو نیئر ڈاکٹروںنے تنخواہوں میں اضافے کیلئے ملک کےمختلف حصوں میں مظاہرہ کیا ا ور مطالبہ کیا کہ ان کی تنخواہوں میں ۲۶؍فیصد اضافہ کیا جائے ، اسے حکومت نے مسترد کر دیا ، رشی سونک نے مایوسی کا اظہار کیا

A view of the junior doctors` strike in the UK.
برطانیہ میں جونیئر ڈاکٹروں کی ہڑتال کا ایک منظر۔

 برطانیہ میں ہزاروں جونیئر ڈاکٹرتنخواہوں میں ۲۶؍فیصد اضافے کیلئے ہڑتال  کررہےہیں جس کے نتیجے میں طبی خدمات بری طرح متاثر ہوئیں۔ 
  یاد رہےکہ جونیئر ڈاکٹر گزشتہ کچھ عرصے سے تنخواہوں میں اضافے کا مطالبہ کر رہے تھے لیکن حکومت کی طرف سے مسلسل ٹال مٹول سے کام لینے کے بعدجونیئر ڈاکٹروں نے یہ قدم اٹھا یا اور مطالبات کی منظوری کیلئے سہ روزہ تاریخی ہڑتال کا اعلان کیا  ۔
   میڈیا رپورٹس کےمطابق منگل اور بدھ کوجو نیئر ڈاکٹروںنے تنخواہوں میں اضافے کیلئے ملک  کےمختلف حصوں میں مظاہرہ کیا اور اس دوران ڈاکٹروں کا مطالبہ  تھا کہ ان کی تنخواہوں میں ۲۶؍فیصد اضافہ کیا جائے جسے حکومت نے مسترد کر دیا ہے۔
  قبل ازیں برطانیہ کے وزیر اعظم رشی سونک نے بھی ڈاکٹروں کی اس ہڑتال پر مایوسی کا اظہار کیا ہے اور کہا کہ ڈاکٹروں کو حکومت کے نمائندوں سے مذاکرات کرنے چاہئیں۔ ڈاکٹرز کی ہڑتال کے باعث ہزاروں اپوائنٹ منٹس ، آپریشنز اور آپریشن متاثرہوئے ہیں۔جونیئر ڈاکٹروں کی ہڑتال  سےسینئر ڈاکٹر، سرجن اور کنسلٹنٹ کا کام بھی شدید متاثر ہوا ہے ۔
  برطانوی  میڈیا رپورٹس کے مطابق  دو دن کے دوران ہزاروں آپریشنز منسوخ کئے گئے ہیں۔ سیکریٹری صحت  اسٹیو بارکلے نے جونیئر ڈاکٹروں کی ہڑتال کو انتہائی قدم قرار دیتے ہوئے ان کی تنخواہوں میں ۲۶؍فیصد اضافے کے مطالبے کو مسترد کردیا ہے۔ انہوں نے ایک بار پھر کہا کہ ڈاکٹروں کو مذاکرات کی میز پر آنا چاہئے ۔
  جونیئر ڈاکٹروں کی ہڑتال کے بعد ’برٹش میڈیکل اسوسی ایشن ‘اور ڈاکٹروں کی دیگر تنظیموں نے بھی ان کے مطالبات کی حمایت کا اعلان کردیا۔ واضح رہے کہ برطانیہ میں جونیئر ڈاکٹروں کی تعداد کل ڈاکٹروں کی تعداد کا ۴۰؍فیصد ہے جس کی وجہ سے طبی سہولتوں کی فراہمی  میںشدید دشواری ہوئی اور ملک بھر طبی خدمات  متاثر ہوئیں۔ 

london doctor Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK