Inquilab Logo

موسلادھار بارش کے سبب۲۴؍گھنٹوں میں جھیلوں کی سطح آب میں ۳؍ فیصد اضافہ

Updated: September 09, 2023, 9:15 AM IST | Shahab Ansari | Mumbai

جھیلوں میں۱۷ء۹۳ ؍فیصد پانی ذخیرہ ہوگیا۔شہری علاقوں میں بھی موسلا دھار بارش۔متعدد سڑکیں زیر آب،ٹریفک نظام متاثر۔ سہار گائوں میں بجلی کا جھٹکا لگنے سے ۳؍ گائیں مرگئیں

Heavy rains are continuing in the city and suburbs due to which the roads were flooded in many places causing problems for motorists.
شہر اور مضافات میں تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے کئی جگہ سڑکوں پر پانی بھر جانے سے گاڑی چلانے والوں کو دشواری پیش آئی۔(ستیج شندے)

بدھ کی شب سے شروع ہونے والی بارش جمعہ کو بھی جاری رہی اور اس سے نہ صرف عوام کو گرمی سے راحت ملی ہے بلکہ ممبئی واسیوں کیلئے ایک خوش آئند خبر یہ بھی رہی کہ شہری علاقوں کے ساتھ جھیلوں پر بھی اچھی بارش ہوئی جس سے ممبئی کو پینے کا پانی سپلائی کرنے والی ساتوں جھیلوں میں محض ۲۴؍ گھنٹوں میں سطح آب میں ۳؍ فیصد اضافہ ہوگیا اور پانی کا ذخیرہ ۹۳ء۱۷؍ فیصد ہوگیا۔یاد رہے کہ اگست کے اخیر تک ممبئی کو پانی سپلائی کرنے والی جھیلوں میں ۹۰؍ فیصد پانی تو ذخیرہ ہوگیا تھا لیکن اگست میں بھی بارش کم ہوئی اور ستمبر کے ابتدائی دنوں میں بھی معمولی بارش ہورہی تھی جس کی وجہ سے ان جھیلوں میں سطح آب ۹۰؍ فیصد سے اوپر نہیں جارہی تھی۔ البتہ جمعہ کی صبح ۶؍ بجے تک ان جھیلوں میں سطح آب ۹۳ء۱۷؍ فیصد ہوگئی۔
 یہاں قابل ذکر بات یہ ہے کہ رقبہ کے اعتبار سے سب سے بڑی جھیل اَپر ویترنا پر گزشتہ ۲۴؍ گھنٹوں میں ۱۱۲؍ ملی میٹر، سب سے زیادہ پانی سپلائی کرنے والی بھاتسا جھیل پر ۱۱۹؍ ملی میٹر اور زیادہ پانی سپلائی کرنے والی دوسرے نمبر کی جھیل مڈل ویترنا پر ۱۰۵؍ ملی میٹر بارش ہوئی ہے۔ مجموعی طور پر ساتوں جھیلوں پر ۸۳۲؍ ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ یہ تینوں وہ جھیلیں ہیںجو اب تک ۱۰۰؍ فیصد نہیں بھری ہیں اور ان تینوں سے ہی زیادہ پانی سپلائی ہوتا ہے۔
 البتہ جمعرات کو ہونے والی موسلادھار بارش سے بھاتسا جھیل ۹۳ء۳۸؍ فیصد، مڈل ویترنا ۹۸ء۵۹؍ فیصد اور اپر ویترنا ۸۱ء۴۵؍ فیصد بھرگئی تھی۔ مڈل ویترنا میں پانی کے بڑھتے دبائو اور قرب و جوار میں بسے گائوں کے تحفظ کے پیش نظر جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب ایک بج کر ۱۵؍ منٹ پر اس جھیل کا ’اسپِل وے گیٹ‘ کھول دیا گیا تھا۔
 دیگر۴؍ جھیلیں، تُلسی، ویہار، تانسا اور موڈک ساگر پہلے ہی بھرچکی ہیں اور گزشتہ ۲۴؍ گھنٹوں میں ان جھیلوں پر بھی اول الذکر تینوں جھیلوں سے زیادہ بارش ہوئی ہے۔
 جمعہ کو ممبئی اور ضلع تھانے کیلئے محکمہ موسمیات نے ’یلوالرٹ‘ کو ’اورینج الرٹ‘ میں تبدیل کردیا تھا۔ جمعہ کو صبح ۸؍ بجے تک گزشتہ ۲۴؍ گھنٹوں کے دوران قلابہ مشاہدہ گاہ میں ۵۰ء۱؍ ملی میٹر اور صبح ۸؍ بجے سے شام ساڑھے ۵؍ بجے تک ۴۶؍ ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ دوسری طرف سانتاکروز مشاہدہ گاہ میں گزشتہ ۲۴؍ گھنٹوں میں ۱۱۱ء۱؍ ملی میٹر اور شام ساڑھے ۵؍ بجے تک ۷۰ء۳؍ ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
 شہر و مضافات میں بارش کا سلسلہ جاری رہنے کی وجہ سے عام طور پر تمام مصروف سڑکوں پر ٹریفک کی رفتار متاثر ہوئی۔ ملنڈ میں ایل بی ایس روڈ، پوائی، ویسٹرن ایکسپریس ہائی وے، اندھیری سب وے، گوونڈی  اور متعدد علاقوں کی سڑکیں زیر آب آگئی تھیں۔
 جمعہ کو صبح ۸؍ بجے سے شام ۶؍ بجے تک بائیکلہ میں ۴۶؍ ملی میٹر، حاجی علی پر ۴۵، کرلا میں ۵۴، مالونی میں ۷۶، مرول میں ۷۰، گوریگائوں میں ۶۸، چمبور میں ۶۰؍ اور وکھرولی میں ۵۹؍ ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ اسی وقفہ کے دوران ممبئی میں درخت اور شاخیں گرنے کے ۷، مغربی مضافات میں ۲؍ اور مشرقی مضافات میں ۷؍ حادثات ہوئے۔ شارٹ سرکٹ کے صرف مغربی مضافات میں ۳؍ واقعات ہوئے۔ جبکہ عمارتوں کے حصہ یا دیوار گرنے کے شہر میں ایک اور مشرقی اور مغربی مضافات میں ۲۔ ۲؍ حادثات ہوئے۔ البتہ مذکورہ حادثات میں کسی کے زخمی ہونے کی کوئی خبر نہیں ملی۔
 البتہ جمعہ کو صبح ۵؍ بج کر ۳۴؍ منٹ پر اندھیری مشرق کے سہار گائوں میں انڈین آئل پٹرول پمپ کے قریب ایک الیکٹرک پول سے بجلی کا جھٹکا لگنے سے ۳؍ گائیں مرگئیں۔اس سال بارش کے موسم کی روایت کو جاری رکھتے ہوئے جمعہ کو بھی اندھیری سب وے میں پانی بھرنے کی وجہ سے اسے ایک بار پھر چند گھنٹوں کیلئے بند کرنا پڑا اور گاڑیوں کو متبادل راستوں سے گزارا گیا۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK