Inquilab Logo

سیپٹک ٹینک کی صفائی کے تعلق سے مہاراشٹر حکومت نے نئی ہدایات جاری کیں

Updated: May 06, 2024, 5:36 PM IST | Mumbai

سیپٹک ٹینک اور سیوریج لائینوں کی صفائی کارکنان کے ذریعے صفائی کے دوران ہونے والی اموات کے بعد مہاراشٹر حکومت نے اس سے متعلق شہری اداروں اور ضلع کلکٹر دفاتر کوہدایات جاری کی ہیں۔ ہدایات کے مطابق صرف ناگزیر حالات میں ہی مشینوں کی بجائےمکمل تربیت یافتہ کارکنان کے ذریعے صفائی کی جائے گی اور انہیں حفاظتی ساز و سامان مہیا کرنا ضروری ہوگا۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

دی انڈین ایکسپریس کے مطابق مہاراشٹر حکومت نے سیپٹک ٹینکوں اور سیوریج لائنوں کی دستی صفائی کے تعلق سے شہری اداروں اور ضلع کلکٹردفاتر کو تازہ ہدایات جاری کی ہیں۔یہ ہدایات ممبئی و اطراف کے علاقوں کے گٹروں میں داخل ہونے کے بعد اپریل میں ۶؍ افراد کی موت کے بعد سامنے آئی ہے۔
 دستی صفائی، سیوریج لائنوں یا سیپٹک ٹینکوں میں ہاتھ سے انسانی اخراج کو نکالنے کا رواج، دستی صفائی کرنے والوں کے طور پر ملازمت کی ممانعت اور ان کی بحالی ایکٹ، ۲۰۱۳ءکے تحت ممنوع ہے۔ تاہم، یہ طریقہ کار ملک کے کئی حصوں میں رائج ہے۔
قانون کے تحت، ٹھیکیداروں کو صفائی کارکنان کو حفاظتی آلات اور صفائی کا سامان فراہم کرنا ہوتا ہے۔ ٹائمز آف انڈیا نے اطلاع دی کہ مہاراشٹر کے شہری ترقی کے محکمہ کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین رہنما خطوط میں کہا گیا ہے کہ ایسی محدود جگہوں کو صاف کرنے کیلئے مشینوں کا استعمال کیا جائے۔ تاہم، وہ صفائی کارکنان سے کہا گیا ہے کہ وہ یہ کام تب ہی انجام دیں جب نہایت ضروری ہو۔
انڈین ایکسپریس کے مطابق، تازہ رہنما خطوط میں کہا گیا کہ اسٹیک ہولڈرز کو اس بات کو  یقینی بنانا چاہئے کہ کسی کارکن کے داخل ہونے سے پہلے اس کی جگہ کی گہرائی کی پیمائش کی جائے۔ زہریلی یا آتش گیر گیسوں کی عدم موجودگی کو یقینی بنانے کیلئے جگہ کی جانچ ہو جو عام طور پر نامیاتی مادے کے گلنے سے پیدا ہوتی ہیں۔ ریاستی حکومت نے یہ بھی کہا کہ صفائی کارکنان کیلئے مناسب ہوا کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے میکانیکی ہوا فراہم کی جائے۔تاہم، تصدیق شدہ کارکنوں کو، جنہوں نے تربیت مکمل کر لی ہے، کو ہی ناگزیر حالات میںسیپٹک ٹینکوں اور زیر زمین گٹروں جیسی محدود جگہوں پر کام کرنے کی اجازت دینی چاہئے ۔
خطوط میں نوٹ کیا گیا ہے کہ اگر کسی صفائی کارکن کو کسی قسم کی تکلیف ہو تو اسے فوری طور پروہاں سے ہٹا یا جائےـ۔ مزید، کارکنوں کو سائٹ مینیجر سےحفاظتی اجازت نامہ حاصل کرنے کے بعد ہی سیپٹک ٹینک یا گٹر میں داخل ہونے کی اجازت دی جائے۔
ریاستی حکومت نے بھی کہا کہ نجی تنظیموں اورلوگوں کوسیپٹک ٹینکوں اور گٹروں کو صاف کیلئے صاف  ستھرائی کے کارکنان کی خدمات لینی چاہئے جو تربیت یافتہ اور میونسپل اداروں کے ساتھ مندرج ہوں۔خیال رہے کہ ۲۴؍اپریل کو زیر تعمیر عمارت میں سیوریج لائن کی صفائی کرنے والا ایک صفائی کارکن اور بچائو کارکن ممبئی کے ملاڈ علاقے میں زہریلی گیسوںمیں سانس لینے کے بعدجاںبحق ہو گئے تھے۔اسی طرح ۹؍اپریل کو ممبئی کے قریب ویرار میں صفائی کے ۴؍ کارکنان  کی زہریلی گیسوں میں سانس لینے سے موت ہو گئی تھی۔ یہ چار افراد مبینہ طور پر مناسب حفاظتی ساز و سامان کے بغیر ایک نجی سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ میں داخل ہوئے تھے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK