زینبہ امام باڑہ سے ۷؍ٹرکوں میں جلوس برآمد ہوگا ،پولیس کا سخت بندوبست
Updated: August 20, 2021, 8:58 AM IST | Mumbai
زینبہ امام باڑہ سے ۷؍ٹرکوں میں جلوس برآمد ہوگا ،پولیس کا سخت بندوبست
آج جمعہ کو عاشورہ کا جلوس اپنی سابقہ روایات کےمطابق زینبیہ امام باڑہ سے نکالا جائے گا اورطے شدہ راستے سےہوتے ہوئے رحمت آباد قبرستان پرختم ہوگا۔ جلوس کے پیش نظر ٹریفک روٹ میں تبدیلی کی گئی ہے ۔ٹریفک پولیس کی جانب سےکہاگیا ہے کہ شہری جلوس کے دوران متبادل راستوں کااستعمال کریں تاکہ آمدورفت میںان کو دشواری نہ ہو۔ آل انڈیا ادارۂ تحفظ حسینیت کے ذمے داران کی کوشش ہے کہ ہائی کورٹ کے حکم پرپوری طرح سے عمل کیاجائے وہیں اس بناء پراورکورونا گائیڈ لائن پر عمل کروانے کی خاطر پولیس کا بھی زبردست پہرہ رہےگا۔جلوس اپنے قدیمی راستوں یعقوب گلی، جے جے جنکشن، سینٹ میری ہائی اسکو ل، مجگاؤں سرکل ،سیلز ٹیکس آفس ہوتے ہوئے رحمت آباد قبرستان پہنچے گا۔ اس لئے ان راستوں کوٹریفک کے لئے دوپہر بعد سے ہی بند کردیاجائے گا۔ شہری متبادل راستہ پی ڈ ی میلو روڈ،جے جے فلائی اوور اور چوپاٹی کے راستوں کا استعمال کرسکیںگے۔ چند گھنٹے کےبعد جلوس ختم ہونے پر حسب معمول ٹریفک نظام شروع ہوجائے گا۔
یادرہے کہ اس دفعہ ۱۰۰؍ شرکاء کو جلوس میں شرکت کی اجازت عدالت نے دی ہے اوریہ شرط عائد کی ہے یہ لوگ ٹیکے کی دوخوراک لے چکے ہوں۔ان کی تفصیل ڈی سی پی زون ون کو دی جائے ۔اس لئے پولیس کا عملہ راستے بھر موجود رہے گا۔آل انڈیا ادارہ تحفظ حسینیت کےصدر ذوالفقار زیدی نےنمائندۂ انقلاب کوبتایاکہ’’ تمام تیاریاںمکمل کرلی گئی ہیں۔جلوس میںشامل شرکاء۷؍ٹرک میں سوار ہوں گے ۔ان میںسے دو ٹرک عمر کھاڑی سے اور ۵؍ٹرک زینبیہ امام باڑہ کے پاس رہیں گےپھرعمر کھاڑی کے دو ٹرک بھی زینبیہ لائےجائیں گےکیونکہ زینبیہ امام باڑہ کے پاسبیک وقت ۷؍ٹرک کھڑے کرنے کی گنجائش نہیں ہے ، اس کےبعد جلوس برآمد ہوگا۔ ان ٹرکوںپرشرکاءکے ساتھ ۷؍علم ،۵؍تعزیے اور تابوت بھی رکھے ہوںگے۔‘‘ انہوںنےیہ بھی بتایا کہ ’’شرکاء جلوس سے کہا گیا ہے کہ وہ گائیڈلائن کا خیال رکھیں اورجلوس کی جوترتیب ہے اس کے مطابق ہی چلیںتاکہ جلوس بھی نکلے اورعدالت اورحکومت کی طے شدہ گائیڈ لائن کی کسی طرح سے خلاف ورزی کااندیشہ نہ رہے۔‘‘