Inquilab Logo

۷؍ مئی کو ۹۵؍ پارلیمانی سیٹوں پر پولنگ کیلئے آج انتخابی مہم کا آخری دن

Updated: May 05, 2024, 9:24 AM IST | Agency | Mumbai

امیت شاہ، جیوترادتیہ سندھیا ،ڈمپل یادو اورا دھیر رنجن چودھری اوقار داؤ پر، مہاراشٹر میں سپریہ سُلے کی سیٹ پر شرد پوار اور اجیت پوار کا مقابلہ۔

Priyanka Gandhi addressed 3 rallies on Saturday before the third phase of polling. Photo: INN
پرینکا گاندھی نےتیسرے مرحلے کی پولنگ سے قبل سنیچر کو ۳؍ ریلیوں سے خطاب کیا۔ تصویر : آئی این این

منگل کو ۷؍ مئی کو تیسرے مرحلے کی پولنگ کیلئے سنیچر کو انتخابی مہم اپنے عروج پر پہنچ گئی ہے جبکہ پیر کو شام ۶؍ بجے سارا شور شرابہ تھم جائے گا ۔  اس مرحلے میں  ۱۲؍ ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں مجموعی طور پر  ۹۵؍ سیٹوں پررائے دہندگان اپنے فیصلے کو ووٹنگ مشینوں میں محفوظ کردیں گے۔ اب تک دو مرحلوں میں لوک سبھا کی ۱۹۰؍ سیٹوں پر (پہلے مرحلے میں ۱۰۲؍ اور دوسرے مرحلے میں ۸۸؍ سیٹوں پر)  عوام کا فیصلہ ای وی ایم میں محفوظ ہوچکاہے۔ 
 کئی بڑے لیڈروں کا وقار داؤ پر
تیسرے مرحلے میں عوام جن بڑے لیڈروں کی  قسمت کا فیصلہ کریں گے ان میں  گاندھی نگر سے وزیر داخلہ امیت شاہ، مین پوری سے سماجوادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو کی اہلیہ ڈمپل یادو، گُنا (مدھیہ پردیش) سے مرکزی وزیرجیوترادتیہ سندھیا،دھاروارڈ سے مرکزی وزیر پرلہاد جوشی، لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر ادھیر رنجن چودھری بہرام پور(مغربی بنگال ) سے، سابق وزیراعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان ودیشا سے،  شموگہ سے بی جےپی کے باغی لیڈر اور سابق نائب وزیراعلیٰ کے ایس ایشورپّا ، بارامتی سے سپریہ سلے  اور مدھیہ پردیش کی راج گڑھ سیٹ سے دگ وجے سنگھ  شامل ہیں۔ 
امیت شاہ کو ۱۰؍ لاکھ ووٹوں سے جتانے کی کوشش
 مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ لگاتار دوسری بار گاندھی نگر جو اڈوانی کی روایتی سیٹ رہی ہے،سے ایک بار پھر میدان  میں ہیں۔ ان کا مقابلہ یہاں کانگریس کی سونل پٹیل سے ہے۔  ۱۹۸۹ء میں بی جےپی کو اس سیٹ پر کبھی شکست نہیں  ہوئی۔   الزام ہے کہ اس بار بی جےپی کی مقامی قیادت چاہتی ہے کہ یہاں سے امیت شاہ کو ۱۰؍ لاکھ ووٹوں کے بھاری فرق سے کامیاب کرایا جائے۔الزام ہے کہ اس کیلئے یہاں سے متعدد امیدواروں کو بزور طاقت بیٹھنے پر مجبور کیا جارہاہے۔سابقہ الیکشن امیت شاہ نے ۵ء۵۵؍ لاکھ ووٹوں  سے جیتے تھے۔
بارامتی میں پوار بمقابلہ پوار
  تیسرے مرحلے کی پولنگ  میں جن سیٹوں پر سب کی توجہ مرکوز رہے گی ان میں بارامتی کی سیٹ اہم ہے۔ یہاں  سے این سی پی کے بانی شرد پوار کی بیٹی سپریہ سلے میدان میں  ہیں جبکہ ان کے مقابلے اجیت پوار نے اپنی بیوی سنیترا پوار کو اتارا ہے۔ یہاں این سی پی بمقابلہ این سی پی کی اس لڑائی میں شرد پوار کا وقار داؤ پر ہے۔ اہم بات یہ ہے کہ اب تک پارٹی میں تقسیم سے قبل تک سپریہ سلے کی انتخابی مہم کی کمان اجیت پوار کے ہاتھوں میں ہوا کرتی تھی اس لئے پوار سینئر کیلئے  راستہ آسان نہیں ہے۔ 
کن ریاستوں کی کتنی سیٹیں
  تیسرے مرحلے میں مجموعی طور پر ۱۲؍ ریاستوں  اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی ۹۵؍ سیٹوں پر پولنگ ہونی ہے۔ ان میں آسام کی ڈھبری، کوکرا جھار، بار پیٹا اورگوہاٹی شامل ہیں۔ بہار میں سوپول، جھانجھر پور، ارریہ  ، مدھے پورہ، کھگریہ میں ووٹ ڈالے جائیں گے۔ یوپی میں سنبھل ، ہاتھرس، آگرہ، فتح پور سیکری، فیروز آباد، مین پوری، ایٹہ، بدایوں، آنولہ اور بریلی شامل ہیں۔ دادرا نگر ہویلی کی دونوں  سیٹوں  پرجبکہ گجرات کی تمام سیٹوں پراِس  ایک ہی مرحلے میں  پولنگ ہوگی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK