Inquilab Logo

ٹرک ڈرائیوروں کی ہڑتال، ملک بھر کے پیٹرول پمپوں پر عوام کا جم غفیر

Updated: January 02, 2024, 1:56 PM IST | Mumbai

’’ہٹ اینڈ رن قانون‘‘ میں نئی دفعات متعارف کروانے کے بعد ہندوستان میں ٹرک ڈرائیوروں کی ہڑتال آج دوسرے دن میں داخل ہوگئی ہے۔ قومی شاہراہوں پر ٹریفک جام ہے۔ مسافروں کو سفر میں پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ہماچل سے لے کر مہاراشٹر تک کے پیٹرول پمپوں پر لوگوں کی بھیڑ اکٹھا ہوگئی ہے۔ تاہم، مہاراشٹر میں فوڈ اینڈ سول سپلائی ڈپارٹمنٹ نے پولیس پر زور دیا کہ وہ پیٹرول، ڈیزل، مٹی کے تیل اور ایل پی جی سلنڈروں کی ہموار اور بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کیلئےضروری اقدامات کرے۔

"Raasta Roko" andolan of truck drivers in Nagpur. Photo: PTI
ناگپور میں ٹرک ڈرائیوروں کا ’’راستہ روکو‘‘ آندولن۔ تصویر : پی ٹی آئی

ملک گیر ٹرانسپورٹ ہڑتال منگل کو دوسرے دن میں داخل ہونے کے ساتھ ہی، ملک بھر کے شہروں میں ایندھن کی سپلائی متاثر ہونے کی وجہ سے پیٹرول پمپوں کے باہر گاڑیوں کی قطاریں لگ گئی ہیں۔ تین روزہ ہڑتال ٹرک، بس اور ٹینکر ڈرائیوروں کی طرف سے شروع کی گئی تھی تاکہ ’’ہٹ اینڈ رن کیسز‘‘ کیلئے حال ہی میں شروع کی گئی بھارتیہ نیا ئے سنہتا (بی این ایس) کے تحت سخت جیل اور جرمانے کے ضوابط کے خلاف احتجاج کیا جا سکے۔
مہاراشٹر میں، ریاستی حکومت نے پولیس سے پیٹرول اور ڈیزل کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کی درخواست کی ہے۔ دریں اثنا، مدھیہ پردیش میں مسافروں کو جاری ہڑتال کی وجہ سے منگل کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔
پیر سے مظاہرین نے گجرات، راجستھان، مہاراشٹرا اور ایم پی جیسی ریاستوں میں سڑکوں اور شاہراہوں کو بلاک کر رکھا ہے۔ احتجاج کی وجہ سے ایندھن کی سپلائی میں خلل پڑنے کے خوف سے پریشان مقامی لوگ مختلف شہروں میں پیٹرول پمپوں پر پہنچ گئے۔
اس نئے قانون کے تحت جو ڈرائیور لاپرواہی سے گاڑی چلا کر سنگین سڑک حادثے کا سبب بنتے ہیں اور پولیس یا انتظامیہ کے کسی اہلکار کو بتائے بغیر بھاگ جاتے ہیں، انہیں ۱۰؍ سال تک کی سزا یا ۷ظ لاکھ روپے تک جرمانہ ادا کرنا پڑ سکتا ہے۔ 
دریں اثنا، ہماچل کے شملہ اور دھرم شالہ میں پیٹرول پمپوں پر لمبی قطاریں لگ گئی ہیں کیونکہ ٹرانسپورٹ اسوسی ایشن سے وابستہ ڈرائیوروں نے منگل کو نئے ہٹ اینڈ رن قانون کے خلاف احتجاج کیا۔
مہاراشٹر میں، ممبئی اور تھانے میں پیٹرول پمپوں کے باہر زبردست بھیڑ دیکھی گئی کیونکہ لوگ ٹرک ڈرائیوروں کے احتجاج کے درمیان ایندھن کی قلت کے خوف سے اپنی گاڑیوں کے ٹینک بھرنے آئے تھے۔پیٹرول ڈیلرس اسوسی ایشن، ممبئی کے صدر چیتن مودی نے پی ٹی آئی کو بتایا کہ پیر سے ڈرائیوروں کے احتجاج کی وجہ سے پیٹرول پمپوں کو ایندھن کی سپلائی متاثر ہوئی ہے۔ پیٹرول پمپ کل سے خشک ہونے لگے ہیں۔ اگر ہمیں سپلائی نہیں ملتی ہے تو آج سے زیادہ تر پمپوں کا ایندھن ختم ہو جائے گا۔

ناگپور میں ٹرک ڈرائیورز ایک ریلی کے دوران۔ تصویر: پی ٹی آئی

ناگپور میں ’’راستہ روکو‘‘ احتجاج کے درمیان ڈرائیوروں نے اپنے ٹرک ہائی وے پر کھڑے کر دیئے اور مختلف ٹرک ڈرائیور اسوسی ایشن کے اراکین سنویدھان چوک پر جمع ہو کر احتجاج کیا۔دریں اثنا، ہڑتال کی وجہ سے، پنجاب کے لدھیانہ میں متعدد پیٹرول پمپ مبینہ طور پر ’’اسٹاک ختم‘‘ ہوگیا ہے۔ چنید گڑھ اور موہالی کے پیٹرول پمپوں پر بھی زبردست بھیڑ ہے کیونکہ لوگ اپنی گاڑیوں میں ایندھن بھروانے کیلئے انتظار کر رہے ہیں۔ 
مظاہرین نے گجرات کے کئی اضلاع بشمول کھیڑا، ولساڈ، گر سومناتھ، بھروچ اور مہسانہ میں شاہراہوں کو روک کر پیر کو گاڑیاں کھڑی کرکے اور ناکہ بندی کردی۔ انہوں نے ٹائر جلا کر مہسانہ امباجی اور احمد آباداندور شاہراہوں جیسے بڑے راستوں کو عارضی طور پر بند کر دیا، جس سے رکاوٹیں پیدا ہوئیں۔
گجرات میں احمد آباد موٹر ٹرانسپورٹ اسوسی ایشن کے سابق صدر تپن شرما نے پی ٹی آئی کو بتایا کہ احتجاج اچانک ہوا ہے۔ اسوسی ایشن نے ہڑتال کیلئے نہیں کہا ہے۔ نئے قانون سے متعلق خدشات کی وجہ سے ڈرائیور آزادانہ طور پر کام کر رہے ہیں۔ وہ مختصر طور پر احتجاج کرتے ہیں اور پھر آگے بڑھتے ہیں۔ تاہم، ان مظاہروں کی وجہ سے سامان کی ترسیل میں تاخیر ہوئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کاروباری سرگرمیاں ابھی تک خاصی متاثر نہیں ہوئی ہیں کیونکہ ڈرائیوروں نے احتجاج کے باوجود اپنا کام جاری رکھا۔

جموں کے ایک پیٹرول پمپ پر لوگوں کی بھیڑ۔ تصویر: پی ٹی آئی

مہاراشٹر میں، فوڈ اینڈ سول سپلائی ڈپارٹمنٹ نے پولیس پر زور دیا کہ وہ پیٹرول، ڈیزل، مٹی کے تیل اور ایل پی جی سلنڈروں کی ہموار اور بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کیلئےضروری اقدامات کرے۔
پی ٹی آئی کے ساتھ ایک انٹرویو میں، آل انڈیا موٹر ٹرانسپورٹ کانگریس (اے آئی ایم ٹی سی) کی ٹرانسپورٹ کمیٹی کے چیئرمین سی ایل مکاتی نے کہا کہہٹ اینڈ رن معاملات میں سخت دفعات متعارف کرانے سے پہلے حکومت کو سڑکوں اور نقل و حمل کے نظام کو بہتر بنانا چاہئے جیسا کہ غیر ملکی ممالک میں ہوتا ہے۔
راجستھان میں روڈ وے بسوں کے آپریشن میں پیر کو رکاوٹ کا سامنا کرنا پڑا لیکن پولیس کی مداخلت کے بعد یہ دوبارہ شروع ہوگئی۔ ممبئی آگرہ قومی شاہراہ اور اندور کی بعض سڑکوں جیسے مختلف مقامات پر ڈرائیوروں نے ناکہ بندی کی جس سے گاڑیوں کی نقل و حرکت اور ضروری اشیاء کی تقسیم متاثر ہوئی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK