پرائیویٹ کلینک کے ایجنٹوں کے ساتھ مل کرکینسر کےمریضوں کو ٹسٹ کیلئے مختلف لیباریٹریز اور کلینک بھیجتے اور ہزاروں روپے کمیشن لیتےتھے
EPAPER
Updated: July 20, 2023, 9:05 AM IST | Nadeem asran | Mumbai
پرائیویٹ کلینک کے ایجنٹوں کے ساتھ مل کرکینسر کےمریضوں کو ٹسٹ کیلئے مختلف لیباریٹریز اور کلینک بھیجتے اور ہزاروں روپے کمیشن لیتےتھے
ٹاٹامیموریل اسپتال میںکینسر کاعلاج کرانے کیلئے مریض مہاراشٹر کے مختلف علاقوں سے ہی نہیں بلکہ الگ الگ ریاستوں سے بھی آتے ہیں لیکن یہاں مختلف طبی ٹسٹ کے نام پر چلنے والے ریکٹ کا پردہ فاش کرتے ہوئے اسپتال انتظامیہ نے بھوئیواڑہ پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی تھی جس کے بعد پولیس نے غریب مریضوں سے ٹسٹ کے نام پر ہزاروں روپے کمیشن لینے والے اسٹاف ممبروں اورمختلف پرائیویٹ کلینک کےچند ایجنٹوں کو بھی گرفتار کیا ہے ۔
پولیس سے موصولہ اطلاع کے مطابق غریب مریضوں سے مختلف ٹسٹ اور اسکین کے نام پر ہزاروں لاکھوں روپے اینٹھنے کے الزام میں اسپتال کے ۱۰؍ اسٹاف ممبران سمیت لوور پریل میں اسکین ، بلڈ اور دیگر ٹسٹ کرنے والے کلینک اور لیب سینٹروںکے ایجنٹ اس طرح کل ۲۱؍ افراد گرفتار کیا گیاہے۔ پولیس نے مذکور ہ بالا معاملہ میں اسکین سینٹر کے ملازمین اور ان کے مالکان کوبھی گرفتار کرنے کا امکان ظاہر کیا ہے ساتھ ہی مزید تفتیش کے بعد مزید گرفتاریوں کا بھی اشارہ دیا ہے ۔انہوںنے بتایا کہ اسپتال کے گرفتار شدہ اسٹاف ممبروں جن میں وارڈ بوائے ، سینٹری اسٹاف کے علاوہ ایڈمنسٹریشن میں کام کرنے والے افسر بھی شامل ہیں جو ٹاٹا اسپتال میں آنے والے نئے مریضوں کا اسکین باہر سےکرانے کا مشورہ دیتے تھے ۔ پولیس نے بتایاکہ ان کا طریقہ یہ ہوتا تھا کہ وہ نئے مریض کوٹاٹا میموریل اسپتال میں سٹی اسکین یا دیگر ٹسٹ کرانے میں تاخیر ہونے کے بہانے اپنے طے شدہ اسکین سینٹروں پر اسےیہ کہہ کر بھیجتے تھے کہ انہیں اسی دن رپورٹ مل جائے گی ۔ پولیس کے بقول ٹاٹا میموریل اسپتال میں سٹی اسکین کی جانچ کا ۶؍ ہزار سے ۱۰؍ ہزار روپے لیا جاتا ہے لیکن گرفتار شدہ ملزمین اور پرائیویٹ لیب سینٹر ان مریضوں سے ۹؍ ہزار سے ۳۰؍ ہزارروپے تک فی ٹسٹ کا چارج کرتے تھے ۔ پرائیویٹ لیب کے ملازمین اور ایجنٹ اسپتال عملہ سے فون کے ذریعہ رابطہ میں رہتے تھے اور اس طرح فی مریض ٹسٹ پر ملزمین مریض کے ذریعہ ادا کی جانے والی رقم کا ۴؍ تا ۵ فیصد کمیشن لیب سینٹر سے حاصل کرتے تھے۔
ٹاٹا میموریل اسپتال کے ڈائریکٹر ڈاکٹر آر بد وے نے بتایا کہ مریضوں کو سٹی اسکین کا مشورہ دیا جاتا ہے تو وہ جلد بازی کرتے ہیں جس کا فائدہ ملزمین اٹھاتے ہیں ۔ اسپتال میں ماہانہ ۸۰؍ ہزار مریضوں کا معائنہ کیا جاتا ہے جبکہ کینسر جیسے موذی مرض سے متاثرہ ۵؍ لاکھ افرادفالو اپ کیلئے آتے ہیں۔یہی نہیں ہم ۳؍ سو مریضوں کو روزانہ سٹی اسکین کرانے کیلئے پرچی دیتے ہیں جو پریل اسپتال میں کیا جاتا ہے لیکن روزانہ ۳؍ سو مریضوں کا اسکین نہیں ہوسکتا اس میں سے آدھے مریض کا اسکین ہی ہوپاتا ہے ۔وہیں ٹاٹا اسپتال میں دو ہی پی ای ٹی اسکینر ہے اور دو ایم آر آئی مشین ہے۔ا سپتال جو کہ ۲۴؍ گھنٹے خدمات انجام دیتا ہے ، تاخیر سے ہی سہی اسکین کا عمل پورا کرنے کی کوشش کرتا ہے ۔ پولیس نے بتایا کہ ابتدائی جانچ سے پتہ چلتا ہے کہ ملزمین کئی مہینوں سے کمیشن حاصل کرنے کا ریکٹ چلا رہے ہیں۔