Updated: November 25, 2026, 10:01 PM IST
| Mumbai
ملک کے معروف کاروباری ادارے ٹاٹا گروپ کی ہولڈنگ کمپنی ٹاٹا سنز کی اسٹاک مارکیٹ میں فہرست بندی اور مجوزہ آئی پی او کا معاملہ ایک بار پھر سرخیوں میں آگیا ہے۔ نئے انکشافات کے مطابق شاپورجی پالن جی گروپ کے چیئرمین شاپور مستری نے ٹاٹا سنز کی فہرست بندی کے معاملے میں وزیر اعظم نریندر مودی سے دو مرتبہ مداخلت کی اپیل کی تھی۔
ٹاٹا سنز۔ تصویر:آئی این این
ملک کے معروف کاروباری ادارے ٹاٹا گروپ کی ہولڈنگ کمپنی ٹاٹا سنز کی اسٹاک مارکیٹ میں فہرست بندی اور مجوزہ آئی پی او کا معاملہ ایک بار پھر سرخیوں میں آگیا ہے۔ نئے انکشافات کے مطابق شاپورجی پالن جی گروپ کے چیئرمین شاپور مستری نے ٹاٹا سنز کی فہرست بندی کے معاملے میں وزیر اعظم نریندر مودی سے دو مرتبہ مداخلت کی اپیل کی تھی۔ دوسری جانب ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی) کی جانب سے حقِ اطلاعات (آر ٹی آئی ) کے تحت فراہم کردہ معلومات سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ ستمبر ۲۰۲۲ء سے اکتوبر ۲۰۲۶ ءکے درمیان ٹاٹا گروپ کے اعلیٰ عہدیداروں اور آر بی آئی کے درمیان اس معاملے پر مجموعی طور پر ۱۶؍ ملاقاتیں ہوئیں۔یہ انکشاف ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ٹاٹا سنز کی فہرست بندی کے معاملے پر ٹاٹا ٹرسٹس اور شاپورجی پالن جی گروپ کے درمیان اختلافات نمایاں ہوچکے ہیں۔ شاپورجی پالن جی گروپ ٹاٹا سنز میں ۱۸ء۳۷؍فیصد حصص کا مالک ہے اور اس کی خواہش ہے کہ کمپنی اسٹاک مارکیٹ میں فہرست ہو تاکہ وہ اپنے حصص کی قدر سے فائدہ اٹھا سکے اور گروپ پر موجود قرض کا بوجھ کم کرسکے۔ اس کے برعکس ٹاٹا ٹرسٹس فوری آئی پی او کے بجائے دیگر متبادل راستوں پر غور کرنے کے حامی ہیں۔
یہ بھی پڑھئے:یش پانچ بڑی زبانوں میں ۵۰ ؍کروڑ کمانے والی دو فلموں کے ساتھ پہلے ہندوستانی اداکار بن گئے
رپورٹ کے مطابق شاپور مستری نے اکتوبر ۲۰۲۵ ء اور جون ۲۰۲۶ ءمیں وزیر اعظم نریندر مودی کو خطوط لکھ کر ٹاٹا سنز کی فہرست بندی کے معاملے میں مداخلت کی درخواست کی تھی۔ ان خطوط کی تفصیلات آر ٹی آئی کے ذریعے حاصل ہونے والی معلومات کی بنیاد پر سامنے آئی ہیں۔۲۴ ؍اکتوبر ۲۰۲۵ ءکو بھیجے گئے پہلے خط کا عنوان ’’دیوالی کا خط: ایمان، امید اور دھرم کی روشنی میں ملاقات کی درخواست‘‘ تھا۔ اس خط میں شاپور مستری نے ٹاٹا ٹرسٹس پر الزام عائد کیا تھا کہ وہ اپنے اقتدار اور ذاتی مفادات کے لیے ٹاٹا سنز کو یرغمال بنائے ہوئے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ کمپنی کی فہرست بندی میں تاخیر اور آر بی آئی کے ضوابط کی مبینہ خلاف ورزی سے صورت حال مزید پیچیدہ ہوگئی ہے۔جون ۲۰۲۶ میں بھی انہوں نے وزیر اعظم کو دوسرا خط ارسال کیا۔ تاہم آر بی آئی نے آر ٹی آئی کے جواب میں اس خط کا سرورق فراہم کیا، اس کے مکمل مندرجات کاروباری رازداری سے متعلق قانونی شق کا حوالہ دیتے ہوئے ظاہر نہیں کیے۔دونوں خطوط وزیر اعظم کے دفتر سے متعلقہ سرکاری محکموں کے ذریعے وزارتِ خزانہ کے محکمہ مالیاتی خدمات تک پہنچائے گئے اور بعد میں ان پر آر بی آئی سے رائے طلب کی گئی۔ تاہم دستیاب معلومات میں ایسا کوئی ثبوت سامنے نہیں آیا کہ وزیر اعظم کے دفتر نے شاپور مستری کو براہِ راست جواب دیا ہو یا انہیں ملاقات کا وقت دیا ہو۔
یہ بھی پڑھئے:میں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ کمنز مجھ پر ذاتی طور پر جارحانہ ہوں گے: خواجہ
اس معاملے کا دوسرا اہم پہلو آر بی آئی اور ٹاٹا گروپ کے درمیان ہونے والی ۱۶؍ ملاقاتیں ہیں۔ آر ٹی آئی سے حاصل شدہ معلومات کے مطابق ستمبر ۲۰۲۲ ءسے اکتوبر ۲۰۲۶ ءتک مرکزی بینک کے اعلیٰ عہدیداروں اور ٹاٹا گروپ کی اہم شخصیات کے درمیان کئی مرتبہ بات چیت ہوئی۔ٹاٹا سنز کے چیئرمین این چندر شیکھرن نے سابق آر بی آئی گورنر شکتی کانتا داس سے نو مرتبہ ملاقات کی، جب کہ موجودہ گورنر سنجے ملہوترا سے ان کی ایک ملاقات ریکارڈ پر ہے۔ ٹاٹا ٹرسٹس کے چیئرمین نویل ٹاٹا نے بھی دونوں گورنروں سے ملاقاتیں کیں۔اس کے علاوہ آر بی آئی کے ڈپٹی گورنر شریش چندر مورمو نے ٹاٹا گروپ کے کمپنی سکریٹری اور گروپ کارپوریٹ سکریٹری سپراکاش مکھوپادھیائے سے ۲۰۲۶ءمیں چار مرتبہ ملاقات کی۔ ان ملاقاتوں کی تاریخیں ۸ ؍جنوری، ۹ ؍مارچ، ۲ ؍اپریل اور ۲۸ ؍اکتوبر بتائی گئی ہیں۔یہ ملاقاتیں اس بات کی نشاندہی کرتی ہیں کہ ٹاٹا سنز کی ریگولیٹری حیثیت اور لازمی فہرست بندی کے معاملے پر کمپنی اور مرکزی بینک کے درمیان طویل عرصے سے بات چیت جاری تھی۔