ادھو نے کہا کہ این ڈی اے میں صرف ۳؍ ہی پارٹیاں مضبوط ہیں ای ڈی ، سی بی آئی اور انکم ٹیکس ، سدارمیا نے مودی سرنیم یاد دلایا
EPAPER
Updated: July 27, 2023, 9:26 AM IST | Mumbai
ادھو نے کہا کہ این ڈی اے میں صرف ۳؍ ہی پارٹیاں مضبوط ہیں ای ڈی ، سی بی آئی اور انکم ٹیکس ، سدارمیا نے مودی سرنیم یاد دلایا
گزشتہ روز وزیر اعظم مودی کے ذریعے انڈیا اتحاد کے نام کا موازنہ ایسٹ انڈیا کمپنی اورانڈین مجاہدین سے کرنے پر جہاں تمام اپوزیشن پارٹیوں نے وزیر اعظم مودی کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور اس بیان کو ان کی گھبراہٹ سے تعبیر کیا وہیںمہاراشٹر کے سابق وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے اور کرناٹک کے وزیر اعلیٰ سدا رمیا نے بھی مودی پر تنقید کی ہے۔ ادھو ٹھاکرے نے ایک انٹرویو کے دوران جہاں این ڈی اے کے بخیے ادھیڑے وہیں سدا رمیا نے پوچھا کہ آخری مودی جی انڈیا نام سے اتنے گھبرائے ہوئے کیوں ہیں؟
ادھو ٹھاکرے نے ایک انٹر ویو کے دوران انڈیا اتحاد کے ویژن اور ملک کے تئیں اس کی لگن کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انڈیا کے پاس ملک کی ترقی کا واضح ویژن ہے لیکن این ڈی اے کے پاس ایساکچھ بھی نہیں ہے۔ ادھو کے مطابق این ڈی اے میں صرف ۳؍ پارٹیاں بہت مضبوط ہیں ای ڈی ، سی بی آئی اور انکم ٹیکس۔ ان کے علاوہ پورے این ڈی اے میں کوئی پارٹی ہی نہیں ہے۔ انہی پارٹیوں کے بل بوتے پر گزشتہ ۹؍ سال سے مودی حکومت چل رہی ہے۔
کرناٹک کے وزیر اعلیٰ سدارمیا نے بالکل دوٹوک انداز میں پوچھا کہ انڈیا جیسے مقدس نام کے لئے وزیر اعظم مودی کے دل میں اتنی نفرت کیوں ہے ؟ سدارمیا کے مطابق جس طرح سے انہوں نے انڈیا کا موازنہ انڈین مجاہدین اور ایسٹ انڈیا کمپنی سے کیا اسی طرح کیا ہم ان کے نام کا موازنہ نیرو مودی اور للت مودی سے نہیں کرسکتے ؟ یہ لوگ ملک کی دولت لے کر بی جے پی کے دور میں ہی بھاگے ہیں ۔ لیکن ہم ایسے موازنے کرنے میں یقین نہیں رکھتے ۔ ہم تعمیری سوچ اور تعمیری سیاست کو ہی اہم مانتے ہیں۔