Inquilab Logo

یوکرین: شاپنگ مال پر حملہ،۱۶؍ اموات، جی سیون کی جانب سے مذمت

Updated: June 29, 2022, 1:01 PM IST | Agency | Kyiv/Berlin

جی سیون سربراہی اجلاس میں راکٹ حملے کو ’جنگی جرم‘ قرار دیا گیا ، شرکاء کے مطابق صدر پوتن اور دیگر ذمہ داروں کو اس کیلئے جواب دہ ہونا پڑے گا

 Rescue workers are seen on the rubble after the attack.Picture:PTI
حملے کے بعد ملبے پر امدادی کارکن نظر آرہےہیں ۔ تصویر:پی ٹی آئی

روسی طویل فاصلے تک مار کرنے والے طیاروں نے یوکرین کے مرکزی شہر کریمینچک میں میزائل سے ایک شاپنگ مال کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں۱۶؍ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔جرمنی میں منعقدہ جی سیون سربراہی اجلاس کے موقع پر یوکرین کے  شاپنگ  مال پر راکٹ حملے کو ’جنگی جرم‘ قرار دیتے ہوئے اس کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی ہے۔ اس سربراہی اجلاس کے شرکاء نے کہا کہ صدر پوتن اور دیگر ذمہ داروں کو اس کیلئے جواب دہ ہونا پڑے گا۔   مقامی حکام  کے مطابق پیر کو شاپنگ سینٹر پر حملے میں کم از کم ۱۶؍ افراد ہلاک اور تقریباً۶۰؍ زخمی ہوئے ہیں جبکہ۴۰؍ابھی تک لاپتہ ہیں۔ جائے وقوعہ سے حاصل ہونے والی تصاویر میں سیاہ دھوئیں، دھول اور  شعلے دکھائی دے رہے ہیں۔  مقامی گورنر دمیٹرو لونن کا کہنا ہے کہ حملے میں کم از کم۱۶؍ افراد ہلاک اور۴۰؍ سے زیادہ زخمی ہوئے ہیں۔ میزائل حملے کا واقعہ اس وقت پیش آیا ہے جب مغربی لیڈروں نے یوکرین کیلئے حمایت جاری رکھنے کا اعادہ کیا اور دنیا کی بڑی معیشتوں نے روس  پر نئی پابندیاں لگانے کی تیاری کی۔ان پابندیوں میں تیل کی قیمت کی حد اور اشیاء پر زیادہ محصولات شامل ہیں۔  ادھر یوکرین نے اس پر شدید رد عمل ظاہر کیا ہے۔یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے پیر کو ہونے والے اس حملے کو یورپی تاریخ کا سب سے بےخوف دہشت گردانہ حملہ قرار دیتے ہوئے کہا  کہ  ایک ہزار سے زیادہ شہری شاپنگ مال کے اندر موجود تھے جن میں سے بہت سے جان بچا کر بھاگنے میں کامیاب ہو گئے۔ا پنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ روسی افواج نے جان بوجھ کر شاپنگ سینٹر کو نشانہ بنایا، کریمینچوک میں ایک شاپنگ مال پر آج کا روسی حملہ یورپی تاریخ میں سب سے زیادہ بےخوف دہشت گردانہ حملوں میں سے ایک ہے۔  خبر لکھے جانے تک روس کی جانب سے ان الزامات کے بارے میں کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK