Inquilab Logo

’’ ملک میں غیر اعلانیہ ایمرجنسی‘‘

Updated: March 23, 2024, 9:45 AM IST | Agency | New Delhi

کیجریوال کی گرفتاری پر عام آدمی پارٹی کا الزام، ملک بھر میں احتجاج، وزیراعظم کی رہائش گاہ کے گھیراؤ کی تیاری۔

Chief Minister Arvind Kejriwal in ED custody. Photo: INN
وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال ای ڈی کی حراست میں۔ تصویر : آئی این این

: دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کی گرفتاری کے بعد جمعہ کو عام آدمی پارٹی کے کارکنوں نے یہاں مظاہرہ کیا اور کچھ لیڈروں اور کارکنوں کو پولیس نے حراست میں لے لیا۔ کارکنوں نے صبح سے ہی پارٹی ہیڈکوارٹرس پہنچنے کی کوشش کی جنہیں پولیس نے مختلف مقامات پر روک دیا۔ اس دوران کارکنوں نے کیجریوال کی گرفتاری کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے بی جے پی اور مودی حکومت کے خلاف نعرے لگائے۔ پولیس نے پارٹی کے سینئر لیڈروں، وزراء، ایم ایل ایز اور کونسلروں کے ساتھ کارکنوں کو مختلف مقامات پر حراست میں لے لیا۔ آپ کی قومی تنظیم کے جنرل سکریٹری اور راجیہ سبھا کے رکن ڈاکٹر سندیپ پاٹھک نے کہا کہ آج ملک میں غیر اعلانیہ ایمرجنسی جیسی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔ وزیر اعظم مودی اور بی جے پی تمام اپوزیشن جماعتوں کو ختم کرنے کے لیے ان کے لیڈروں کو یا تو جیل میں ڈال رہی ہے یا انہیں ڈرا دھمکا کر اپنی پارٹی میں شامل کر رہی ہیں۔ اپوزیشن جماعتوں کے جو بھی لیڈر بی جے پی میں شامل ہورہے ہیں، ان کو تو کلین چٹ ملتی جارہی ہے، لیکن جو بھی لیڈر بی جے پی کی آمریت کی مخالفت کررہے ہیں ان کو ناانصافی اور مظالم کا نشانہ بنایاجارہا اور گرفتار کیا جا رہا ہے۔ ڈاکٹر پاٹھک نے کہاکہ عام آدمی پارٹی نے کیجریوال کی گرفتاری کے خلاف پرامن احتجاج کا اعلان کیا تھا، لیکن جس طرح بی جے پی پولیس کا غلط استعمال کر رہی ہے، وہ ناقابل تصور ہے۔ ہندوستان کی سیاسی تاریخ میں اس سے پہلے شاید ہی ایسا ہوا ہو گا۔ بی جے پی کے خلاف احتجاج کے اعلان کے بعد عام آدمی پارٹی کے کئی لیڈروں کو گھر میں نظر بند کردیاگیا ہے۔ پارٹی کے لوگ جو صبح سویرے اپنے گھروں سے عام آدمی پارٹی دفتر کے لئے نکل رہے تھے، ان کو حراست میں لے لیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پرامن احتجاج ہمارا بنیادی حق ہے لیکن وزیراعظم کو پرامن احتجاج بھی برداشت نہیں ہوتا۔ ان کے ذہنوں میں اتنی نفرت بھری ہوئی ہے کہ وہ عام آدمی پارٹی کے ہر کارکن اور لیڈر کو گرفتار کر رہے ہیں۔ کابینی وزیر گوپال رائے نے کہا کہ جس طرح سے یہ برتاؤ کیا جا رہا ہے، ایسا لگتا ہے کہ انہوں نے واقعی ملک کے اندر آمریت کا اعلان کر دیا ہے۔ ایسی خبریں موصول ہورہی ہیں کہ پارٹی دفتر کو بھی چاروں طرف سے سیل کر دیا گیا ہے۔ اروند کیجریوال کے اہل خانہ کو بھی نظر بند کر دیا گیا ہے، کسی کو بھی آنے اور جانے کی اجازت نہیں دی جا رہی ہے۔ دہلی کے وزیر سوربھ بھردواج، جو احتجاج میں شامل ہونے جا رہے تھے، کو پولیس نے حراست میں لے لیا۔ کیجریوال کے اہل خانہ تک نظر بند ہیں۔ ان کی والدہ ایک دن پہلے ہی اسپتال سے آئی تھیں اور اب ان کے بیٹے کو گرفتار کر لیا گیا۔ ان کے اہل خانہ کو کسی سے ملنے نہیں دیا جا رہا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK