Inquilab Logo

دہلی میں ’اَن لاک‘ کے عمل کا آغاز، ۳۱؍ مئی سے فیکٹریاں کھولنے کی اجازت

Updated: May 29, 2021, 8:19 AM IST | New Delhi

وزیر اعلیٰ کیجریوال نے اعلان کیا کہ ہم ہفتے در ہفتے عوام کےمطالبات اور ماہرین کی رائے کی بنیاد پر لاک ڈائون ختم کریں گے اور سرگرمیاں بحال کریں گے

Delhi Chief Minister Arvind Kejriwal has launched the unlock process.Picture:PTI
دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے اَن لاک کے عمل کا آغاز کیا ۔ تصویرپی ٹی آئی

ملک کی راجدھانی دہلی میں کئی ہفتوں کے ’لاک ڈاؤن‘ کے بعد کورونا کیسیز میں قابل قدر کمی دیکھنے کو ملی ہے  اور اس کا اثر یہ ہوا ہے کہ وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے ۳۱؍مئی سے معیشت کے ’اَن لاک‘ کا عمل شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ کیجریوال نے اس سلسلے میں منعقدہ  کانفرنس میں کہا کہ ہم ہفتے در ہفتے عوام کے مشورے ، ان کے مطالبات اور ماہرین کی رائے کی بنیاد پر دھیرے دھیرے لاک ڈاؤن کھولنے کا عمل جاری رکھیں گے تاکہ معاشی سرگرمیوں کو بحال کیا جاسکے بشرطیکہ کورونا پھر سے بڑھنے نہ لگے۔وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے مذکورہ اعلان   کے ساتھ ساتھ  عوام سے اپیل کی کہ  عوام پوری احتیاط اگر برتیں تو کورونا کو شکست دینا اور بھی آسان ہو جائے گا۔
  وزیر اعلیٰ کیجریوال نے کہا کہ دہلی میں کورونا کے کیس لگاتار کم ہو رہے ہیں۔ گزشتہ ۲۴؍ گھنٹے میں انفیکشن کی شرح ۱ء۵؍فیصد رہی اور کورونا کے تقریباً ۱۱۰۰؍ نئے  معاملے سامنے آئے ہیں۔کیجریوال نے مزید کہا کہ کورونا کے خلاف اس لڑائی میں دہلی کے باشندوں کی محنت سے دہلی میں حالات تیزی سے بہتر ہو رہے ہیں۔ لاک ڈاؤن کے بعد اب دہلی دھیرے دھیرے اَن لاک کے  لئے تیار ہے۔ تعمیراتی سرگرمیاں پیر کی صبح سے شروع ہو جائیں گی اور فیکٹریوں کو بھی کھولنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔
 وزیر اعلیٰ نے اس درمیان لوگوں سے اب بھی بہت احتیاط برتنے کی اپیل کی۔ انھوں نے کہا کہ ہمیں یہ یاد رکھنے کی ضرورت ہے کہ کورونا کم ہوا ہے، لیکن ابھی ختم نہیں ہوا ہے۔ اس لئے ہم دہلی کو دھیرے دھیرے کھولیں گے، تاکہ ایک ساتھ کھولنے کی وجہ سے پھر سے انفیکشن کے معاملے نہ بڑھنے لگیں۔وہ مزید کہتے ہیں کہ دہلی کو پھر کھولنے میں ہم نے ان لوگوں کا دھیان رکھا ہے جو سماج کے نچلے طبقے کے لوگ ہیں اور غریب ہیں۔ ایسے لوگ جو محنت مزدوری کرتے ہیں۔ ان کا خیال رکھا جائے گا تو معیشت کو دوبارہ پٹری پر لانے میں کوئی دقت نہیں ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ اگلے ہفتے اس سلسلے میں مزید اقدامات کئے جائیں گے ۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK