Inquilab Logo Happiest Places to Work

مانسون سے ٹھیک پہلے بے موسم برسات اور ژالہ باری

Updated: May 30, 2023, 9:34 AM IST | Mumbai

محکمۂ موسمیات کا الرٹ جاری ہوتے ہی بارش کی آمد، نندور بار میں دکانوں میں پانی گھس آیا، بھنڈارہ میں درخت گرنے اور فصلیں تباہ ہونے کے واقعات، پونے میں ژالہ باری، کئی مقامات پر بارش کے پانی کے سبب ٹریفک جام، ناگپور میں بھری دوپہر میں بجلی چمکنے لگی، کچھ د یر میں پورا شہر جل تھل

The alert of the Meteorological Department continued that rain started in different cities of the state
محکمہ موسمیات کا الرٹ جاری ہی ہوا تھا کہ ریاست کے مختلف شہروں میں بارش شروع ہو گئی

محکمہ موسمیات کے مطابق فی الحال مانسون  انڈمان نکوبار تک پہنچ چکا ہے اور آئندہ ہفتے یعنی ۴؍ مئی تک وہ کیرالا تک پہنچے گا لیکن اس دوران  اس بات کا خدشہ ہے کہ ممبئی سمیت مہاراشٹر کے مختلف مقامات پر بے موسم برسات ہو سکتی ہے۔ اس کے بعد آئندہ ۲؍ یا ۳؍ دن تک درجہ حرارت بڑھ سکتا ہے۔ محکمہ موسمیات نے  ۴۸؍ گھنٹو ں کیلئے بے موسم برسات کا الرٹ جاری کیاتھا  لیکن اس کا الرٹ جاری ہوتے ہی ریاست  کے مختلف مقامات پر بارش اور ژالہ باری شروع بھی ہوگئی۔  ہر چند کہ محکمہ موسمیات کی  جاری کردہ پیش گوئی میں ممبئی اور اطراف کے علاقے بھی شامل ہیں لیکن سب سے زیادہ امکان ودربھ کے تعلق سے جاری کیا گیا ہے۔  ودربھ کےبعض مقامات پر ایک روز قبل ہی بارش کا سلسلہ شروع ہو گیا تھا۔ کئی علاقوں میں ہوائیں چل رہی تھیں اور کالے بادل دکھائی دینا  شروع ہو گئے تھے۔   
بھنڈارہ میں ایک روز قبل بارش
 اطلاع کے مطابق محکمہ موسمیات نے ودربھ میں مانسون سے قبل ۴؍ دن بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔ اس دوران   ودربھ کے بھنڈارہ ضلع میں واقع  موہاڈی تعلقے میں بادل چھائے رہے اور پھر موسلا دھار بارش ہوئی۔  اس بارش کی وجہ سے کسانوں کو نقصان اٹھانا پڑا۔  یہاں  دھان کی فصل کٹائی کیلئے  تیار کھڑی تھی لیکن تیز بارش کے سبب وہ برباد ہوگئی۔ اس کے علاوہ باغوں میں لگی ہوئی پھلوں کی فصل اور ہری سبزیوں کی کھیتی بھی تباہ ہوئی ہے۔ اسکے علاوہ کئی مقامات پر درختوںکے گرنے اور مکانات کی چھتیں اڑ جانے کے واقعات پیش آئے ہیں ، بعض مقامات پر درخت گاڑیوں پر گر پڑے جن کی وجہ سے گاڑی مالکوں کو نقصان اٹھانا پڑا۔ 
 نندوربار میں دکانوں میں پانی گھس آیا
  ادھر ودربھ کے ایک اور ضلع نندور بار میں بھی  تیز بارش ہونے کی اطلاع ہے۔  یہاں واقع نواپور شہر میں کئی مقامات پر پانی بھر گیا جو کہ بعد میں بازار کی دکانوں میں گھس آیا اور دکانداروں کا مال خراب ہو جانے کی وجہ سے انہیں نقصان اٹھانا پڑا ۔  دکانداروں کی شکایت ہے کہ انہوں نے کئی بار میونسپلٹی کو  اس کی شکایت کی تھی کہ بارش میں یہاں پانی بھر سکتا ہے لہٰذا اس کیلئے مناسب اقدامات کئے جائیں مگر ان کی عرضی پر کوئی توجہ نہیں دی گئی۔  ان کا کہنا ہے کہ جب بے موسم برسات پر یہ حال ہے تو جب اصل بارش شروع ہو گی تو کیا حال ہوگا؟   ساتھ ہی نوا پور بس اسٹینڈ پر بھی جگہ جگہ پانی بھرا ہوا دکھائی دیا۔ جبکہ آدرش نگر جہاں سڑک  کی تعمیر کا کام چل رہا ہے وہاں بھی اسی طرح کا حال ہے جگہ جگہ پانی جمع دکھائی دے رہا ہے۔ بازار کے دکاندار ، بس اسٹینڈ کے مسافر اور راہ گیروں کا یہی کہنا ہے کہ میونسپل حکام کب ان علاقوں میں پانی کی نکاسی کا مناسب انتظام کر کے دیں گے؟ تاکہ علاقے میں پانی اور کیچڑ سے عوام کو ہونے والی پریشانی بند ہو؟ 
 پونے میں ژالہ باری
   پیر کو شام ہوتے ہوتے محکمہ موسمیات کی پیش گوئی پونے میں بھی پوری ہونے لگی جہاں نہ صرف زور دار بارش ہوئی بلکہ کئی علاقوں میں ژالہ باری بھی ہوئی۔ یاد رہےکہ پونے میں درجۂ حرارت  بڑھ گیا تھا اور شہری گرمی سے پریشان تھے لہٰذا اس بارش سے انہیں گرمی سے راحت ملی ہے لیکن کئی علاقوں میں ٹریفک کی وجہ سے سڑکیں جام رہیں۔  پونے سے قریب، بھو گائوں، سانگوی اور  اوندھ جیسے علاقوں میں ژالہ باری ہوئی ہے جس کی وجہ سےموسم سرد ہو گیا ہے۔  محکمہ موسمیات نے پونے میں آئندہ ۵؍ دنوں تک کیلئے کبھی بارش تو کبھی برف باری والی صورتحال کی پیش گوئی کی ہے۔ 
ناگپور میں بھری دوپہر میں بجلی چمکی
  ادھر ریاست کی دوسری راجدھانی ناگپور میں پیر کی دوپہر زور دار بارش ہوئی اس کے علاوہ یہاں بھری دوپہر میں بجلی چمکنے لگی۔ یہاں  بھی کئی مقامات پر درخت گرنے کے واقعات پیش آئے ہیں۔  مقامی باشندوں نےبتایا کہ پہلے کالے بادل دکھائی دیئے  پھر بجلی چمکنے لگی اسکے بعد دیکھتے ہی دیکھتے زور دار بارش ہونے لگی جسکی وجہ سے پورا شہر جل تھل ہو گیا۔   بعض مقامات پر پانی اور کیچڑ کی وجہ سے راہ گیروں کو دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا ۔ شہر کے کچھ علاقوں سے ژالہ باری کی خبریں بھی ملی ہیں۔ 
  یاد رہے کہ اس سال متعدد مرتبہ بے موسم برسات کے سبب کسانوں کو بڑے پیمانے پر نقصان اٹھانا پڑا ہے ۔ حتیٰ کہ حکومت نے الرٹ جاری کر رکھا ہے کہ کسان اس بار خریف کی فصل  بونے کے معاملے میں جلد بازی نہ کریں کیونکہ موسم کا اس بار کوئی بھروسہ نہیں ہے۔ 

monsoon Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK