ایک جاں بحق ۳؍ زخمی ، ناگپاڑہ میں قدیم درخت گرا، تھانے میں آٹورکشا پر درخت گرنے سے مسافر کی موت،تھانے میں نالے کی دیوار ڈھہ گئی
EPAPER
Updated: May 08, 2025, 10:09 AM IST | Iqbal Ansari and Saadat Khan | Mumbai
ایک جاں بحق ۳؍ زخمی ، ناگپاڑہ میں قدیم درخت گرا، تھانے میں آٹورکشا پر درخت گرنے سے مسافر کی موت،تھانے میں نالے کی دیوار ڈھہ گئی
ممبئی اور مضافاتی علاقوںمیں منگل سے شروع ہونے والی بے موسم برسات اور طوفائی ہواؤں کے سبب کئی علاقوںمیں درخت گرنے اور تعمیرات کاحصہ منہدم ہونے کے واقعات ہوئے۔ ان حادثات میں آٹو رکشا میں سوار مسافر ہلاک ہوا جبکہ دیگر ۳؍ زخمی ہو گئے۔ ناگپاڑہ علاقے میں ایک قدیم درخت گرجانے سے ۲؍افراد زخمی ہوئے جبکہ ۳؍ اسٹال تباہ ہو گئے۔ اسی طرح تھانے میں ایک چلتی ہوئی آٹو رکشا پر وزنی درخت گرا جس کے سبب رکشا میں بیٹھا ہوا مسافر بری طرح دب کر ہلاک ہو گیا جبکہ ڈرائیور زخمی ہوا ہے۔ اسی دوران محکمہ موسمیات نے جمعرات کوبھی گھن گرج کے ساتھ بارش ہونے کی پیش گوئی کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ناگپاڑہ جنکشن پر واقع جے جے دھرم شالہ احاطے میں بلند و بالا درخت کے جڑ سے اُکھڑ کر گر جانے سے ۲؍افراد زخمی اور۳؍ اسٹال تباہ ہوگئے۔ یہ حادثہ بدھ کی دوپہر ہوا۔ درخت گرنے سے ناگپاڑہ سے ممبئی سینٹرل کی جانب جانےوالا روڈ بند کر دیا گیا تھا جس سے موٹرگاڑیوں کی آمدورفت گھنٹوں متاثر رہی۔ حادثہ کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ ، بی ایم سی اورپولیس عملے نے حالات کو قابومیں لانےکی کوشش کی۔
مدنپورہ کے محمد مبین انصاری، جن کا اسٹال بھی یہیں ہے،نے بتایاکہ ’’ جے جے دھرم شالہ کا ایک قدیم بڑاتناور درخت اچانک جڑ سے اُکھڑکر گرگیاجس کی وجہ سے دھرم شالہ کی دیوار ٹوٹ گئی اور ۳؍ اسٹال اس کی زد میں آگئے ، حالانکہ اس وقت ان اسٹالوںمیں لوگ موجودتھے لیکن خوش قسمتی سے درخت گرنے کی آواز سن کر وہ اسٹال سے باہر نکل آئے ،اس کےباوجود انہیں معمولی چوٹیں آئی ہیں۔ ایک ٹائپنگ کے اسٹال پر مدنپورہ ،چشمہ کی چال سے ۲؍نوجوان ، ٹائپنگ کروانے آئے تھے ،درخت کی شاخوںکے گرنے سے دونوں نوجوان زخمی ہوگئےہیں ۔ انہیں علاج کیلئے نائر اسپتال لے جایاگیاہے۔ ‘‘
تھانے کے رابوڑی پولیس اسٹیشن کی حدود میں واقع رنوالا نگر میں بدھ کی دوپہر ایک گھنا درخت سڑک سے گزرنے والی آٹو رکشا ( ایم ایچ ۰۴/جی این ۵۹۲۰) پر گر گیا ۔ اس حادثہ میں آٹور کشا ڈرائیورشفیق شبیر(۵۰؍ تا ۵۵؍ سال) (مقیم رابوڑی ،تھانے) زخمی ہو گیا جبکہ پیچھے کی سیٹ پر بیٹھا ہوا مسافر بری طرح دب گیا جس کے سبب جائے حادثہ پر ہی اس کی موت ہو گئی۔ مہلوک کی شناخت توصیف سوداگر (۲۷) ( مقیم رابوڑی، تھانے) کے طور پر کی گئی ہے۔ اسی طرح تھانے کے واگلے اسٹیٹ میں اے سی سی کنگز سوسائٹی کے قریب جواہر باغ علاقے میںدرخت کی متعد د شاخیں ٹوٹ کر گرپڑیں۔تھانے کے رابوڑی علاقے میں واقع گوداوری سوسائٹی کے قریب رستم جی نالے کی حفاظتی دیوار منہدم ہو گئی۔ تھانے میونسپل ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے مطابق نالے کی ۲۵؍ فٹ لمبی اور ۸؍ فٹ اونچی دیوار گرنے کی اطلاع ۷؍ مئی کی صبح ساڑھے ۱۱؍ بجے موصول ہوئی جس کے بعد فائر عملہ اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے اہلکار جائے وقوع پر پہنچے اور بیریکیڈنگ کر دی گئی۔ اس حادثہ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔
گھن گرج کے ساتھ بارش کا سبب موسمیاتی تبدیلیاں
یہ دریافت کرنے پر کہ عام طور پر مئی میں شدید گرمی ہوتی ہے اور اس دوران اچانک طوفانی بارش کیوں ہو رہی ہے ؟ ممبئی کے محکمہ موسمیات کی ترجمان سشما نائرنے بتایاکہ ’’یہ موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے ہورہا ہے۔ تکنیکی زبان میں اسے ’ویسٹرن ڈِسٹربنس‘ کمزور ہو نا کہتے ہیں۔ سمندر میں طوفان بنتا ہے اور جب یہ شہر کے ماحول میں نمی سے ملتا ہے تو گھن گرج کے ساتھ برسات ہو تی ہے۔ انہوںنے مزید کہاکہ بدھ کی طرح جمعرات کو بھی گھن گرج کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے ‘‘