Inquilab Logo

میرابھائندرکارپوریشن کے عام اجلاس میں بدعنوانی معاملے پرہنگامہ

Updated: August 06, 2022, 8:41 AM IST | sajid Shaikh | Mumbai

بہبودخواتین واطفال کے محکمے میں گھپلے کے خلاف یوتھ کانگریس نے احتجاج کیا اورپلے کارڈز لہرا کر خاطیوں پر کارروائی کا پُرزورمطالبہ کیا

Deep Kakade, who protested during the meeting, has accused corruption.
اجلاس کے دوران احتجاج کرنے والے دیپ کاکڑے نے بدعنوانی کا الزام عائد کیا ہے۔

 میرابھائندر میونسپل کارپوریشن کا آخری عام اجلاس ہنگامہ کی نذر ہوگیا ۔ بدھ کو میونسپل  اجلاس میں جیسے ہی  بہبود خواتین واطفال کے محکمے میں بدعنوانی کا معاملہ زیرِ بحث لایا گیا ،باہر گیلری میں موجود یوتھ کانگریس کے قائد دیپ کاکڑے اور دیگر کارکنان احتجاج کرنے لگے۔مظاہرین نے بینر اپنے بدن پر لپیٹ رکھے تھے جن پر اس بدعنوانی کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا گیا تھا  ساتھ ہی ساتھ  پلے کارڈز بھی لہرانے لگے۔ اس موقع پر اجلاس میں موجود بی جے پی   کارپوریٹروں نے اس احتجاج پر سخت ناراضگی ظاہر کی اور کارروائی کا مطالبہ کیا جس کے بعد دیپ کاکڑے سمیت ۱۲ ؍ افراد پر پولیس میں معاملہ درج کیا گیا  ۔ بی جے پی کی میونسپل کارپوریٹر اور میئر جوتسنا ہسنالے نے جوابی الزام عائد کرتے ہوئے یوتھ کانگریس کے کارکنوں پر مہیلا بال کلیان وبھاگ کے ٹھیکیداروں سے پیسہ وصولی کا الزام عائد کیا ۔ واضح رہے کہ یوتھ کانگریس لیڈردیپ کاکڑے نے چند روز قبل ایک پریس کانفرنس  میں  بہبودخواتین و اطفال کے محکمے پر ۱۸ ؍کروڑ روپے کی بدعنوانی کا الزام عائد کیا تھا ۔
  میونسپل ا جلاس میں جیسے ہی یہ معاملہ زیر بحث آیا، وہاں گیلری میں موجود دیپ کاکڑے اور دیگر کارکنان احتجاج کرنے لگے جس کے بعد بی جے پی کے چند کارپوریٹروں نے اس پر اعتراض کیا جس کے بعد اجلاس میں بھی بی جے پی اور کانگریسی کارپوریٹرس ایک دوسرے پرالزام لگانے لگے اوران میں تکرار ہوئی  جس کے بعد ہنگامہ شروع ہوگیا۔ میئر جوتسنا ہسنالے نے کانگریسی کارکنوں پر ٹھیکیدار کو ڈرانے اور بلیک میل کرکے ۳  ؍لاکھ روپے وصول کرنے  اور ۱۲؍ لاکھ روپے مانگنے کا الزام عائد کیا  جب یہ رقم نہیں دی گئی تو احتجاج کرنے کی دھمکی دی گئی۔اس الزام کے بعد اجلاس میں ہنگامہ برپا ہو گیا جس کی وجہ سے کارروائی کچھ دیر کیلئے ملتوی کردی گئی ۔
        اس موقع پر کانگریس کی  کارپوریٹر اور مذکورہ محکمہ کی رکن روبینہ فیروز نے میڈیا کے نمائندے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’میں اس سال مہیلا بال کلیان وبھاگ کی رکن ہوں اور اس سے بیشتر دو مرتبہ رکن رہ چکی ہوں۔ میں نے کئی بار معاملہ اٹھانے کی کوشش کی۔ میونسپل   اسکیمیں بہت اچھی ہیں اور خواتین کیلئے فائدہ مندبھی  ہیں مگر اس کا ٹھیک طرح سے نفاذ نہیں ہو رہا ہے۔ پچھلے ایک سال سے میں انتظامیہ کو بار بار خط لکھ رہی ہوں میٹنگ میں بھی میں نے سوالات اٹھائے تھے۔  کینسر کے مریضوں اور بیواؤں کی پنشن کی ادائیگی نہیں ہوئی تھی۔ میں نے کمشنر اور چیئرمین کو خط لکھا مگر مجھے کوئی جواب نہیں ملا ۔‘‘ میرابھائندر کی رکن اسمبلی گیتا جین نے کہا کہ’’ اگر بدعنوانی ہوئی ہے تو میئر کو چاہئے کہ اس کے جانچ کے احکام صادر کریں۔ اگر آپ نے کوئی غلطی نہیں کی تو پھر ڈر کس بات کا۔  اگر شہریوں کو بدعنوانی کا شبہ ہے تو ان کو تسلی بخش جواب دینا ، شبہات کا ازالہ کرنا اور انہیں مطمئن کرنا میئر کی ذمہ داری ہے۔‘‘
  میئر جوتسنا ہسنالے کے مطابق ’’ جب لوگ بدعنوانی کا الزام عائد کر رہے ہیں تو انہیں اپنے الزام کو ثابت بھی کرنا پڑے گا۔ دوسری بات مہیلا بال کلیان کی علاحدہ کمیٹی ہے جس میں سبھی سیاسی جماعتوں کے نمائندے شامل ہیں ۔سب مل کر فیصلہ کرتے ہیں ۔وہ ایک خود مختار کمیٹی ہے۔ اس کیلئے علاحدہ فنڈ مختص ہے اور میئر کے پاس یہ معاملہ آتا نہیں ہے، کمیٹی کے صدر اور انتظامیہ مل کر ٹینڈرس پاس کرتے ہیں ۔اس طرح کام ہوتا ہے مگر دیپ کاکڑے جی الزام لگا رہے ہیں تو وہ افسران سے بات کر سکتے ہیں، سوالات پوچھ سکتے ہیں ،آرٹی آئی کے ذریعے بھی معلومات حاصل کر سکتے ہیں مگر عام اجلاس کے دوران وہاں آکر پوسٹر بازی اور بینر بازی کرنا غلط ہے ۔ جب ان کے ذریعے دیپ کاکڑے پر رقم  وصولی کے الزام کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے میڈیا کے نمائندوں کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’’مہیلا بال کلیان کے ٹھیکیدار میرے پاس آئے تھے، وہ پریشان تھے اور رو رہے تھے۔ وجہ پوچھنے پر انہوں نے کہا کہ ہم پر الزام لگایا گیا ہے اور ہمیں بلیک میل کیا جا رہا ہے ۔ہم سے رقم کا مطالبہ کیا گیا ہے، تین لاکھ روپے دئیے ہیں ۔ایسا ان لوگوں نے میرے سامنے کہا ۔اسی لئے میں نے عام اجلاس میں یہ بات کہی ۔  ایک طرف تو آپ بدعنوانی کے خلاف آواز اٹھاتے ہیں،  دوسری طرف اس کیلئے پیسہ مانگتے ہیں ،یہ کہاں تک صحیح ہے۔
   ڈپٹی میئر ہسمکھ گہلوت نے بھی اپنی ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا جہاں یہ لوگ مظاہرہ کررہےتھے ،وہ جگہ عام اجلاس کی گیلری تھی ۔یہ جگہ احتجاج کرنے کی نہیںہے۔ 
           اس موقع پر یوتھ کانگریس کے لیڈر دیپ کاکڑے نے میڈیا  سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ’’اگر ہمارے الزامات غلط ہیں تو وہ لوگ ہمارے خلاف قانونی چارہ جوئی کر سکتے ہیں ۔

mira road Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK