• Fri, 28 November, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

چنئی کی ایک کمپنی اپنے ایک ہزار ملازمین کو لندن ٹرپ پر لے گئی، کہا یہ ”دولت بانٹنے کا ایک طریقہ“ ہے

Updated: November 28, 2025, 8:01 PM IST | Chennai

کمپنی کے بانی اور منیجنگ ڈائریکٹر ارون ایم این نے کہا کہ کمپنی کو کامیابی سے آگے بڑھانے والے ملازمین کو انعام دینا ہمارے کمپنی کلچر کا اہم حصہ ہے۔

Photo: X
تصویر: ایکس

چنئی کی ایک ریئل اسٹیٹ کمپنی ’کاساگرینڈ‘ نے اپنے سالانہ انعام پروگرام کے حصے کے طور پر ایک ہزار ملازمین کو ایک ہفتے کے مکمل اخراجات کے ساتھ لندن ٹرپ پر لے جانے کا اعلان کیا ہے۔ کمپنی نے کہا کہ اس غیر ملکی دورے کا مقصد ہندوستان اور دبئی کے دفاتر میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے عملے کے ساتھ ”دولت بانٹنا“ ہے۔ کمپنی کے اس اقدام نے سوشل میڈیا پر وسیع پیمانے پر صارفین کی توجہ حاصل کی ہے۔ 

یہ اقدام، کمپنی کے اندرونی ترغیبی پروگرام کا حصہ ہے، جس کے تحت ملازمین مختلف گروپس میں سفر کریں گے۔ کمپنی کے مطابق، اتنے بڑے گروپ کے سفری شیڈول کو ڈیزائن کرنے اور لاجسٹکس کا انتظام کرنے کیلئے ایک خصوصی ٹیم نے مہینوں تک کام کیا ہے۔ لندن ٹرپ کے منصوبے میں ونڈسر کیسل، سینٹ پال کیتھڈرل، لندن برج، بگ بین، بکنگھم پیلس، پیکاڈیلی سرکس، ٹرافالگر اسکوائر اور مادام تساؤد میوزیم جیسے مشہور مقامات کا دورہ شامل ہے۔ اس سفر میں ملازمین کیمڈن مارکیٹ بھی دیکھیں گے، انٹرکانٹینینٹل لندن میں ایک پرتعیش ڈنر سے لطف اندوز ہوں گے اور سفر کا اختتام تھیمز ریور کروز کے ساتھ کریں گے۔

یہ بھی پڑھئے: ایپل میں ایک بارپھر لے آف، سیلز ٹیم میں درجنوں عہدوں کی برطرفی

واضح رہے کہ یہ ’کاساگرینڈ‘ کا پہلا بین الاقوامی انعامی پروگرام نہیں ہے۔ گزشتہ برسوں میں، کمپنی اپنے تقریباً ۶ ہزار ملازمین کو سنگاپور، تھائی لینڈ، ملائیشیا، دبئی اور اسپین سمیت مختلف مقامات پر لے جا چکی ہے۔ کمپنی کے بانی اور منیجنگ ڈائریکٹر ارون ایم این نے کہا کہ کمپنی کو کامیابی سے آگے بڑھانے والے ملازمین کو انعام دینا ہمارے کمپنی کلچر کا اہم حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ روایت اس خیال کو تقویت دیتی ہے کہ ترقی کو بانٹنا چاہئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کمپنی کے اس اقدام سے بہت سے ملازمین اپنی زندگی میں پہلی بار بیرون ملک سفر کریں گے۔ 

سوشل میڈیا صارفین نے کمپنی کے اس اقدام کی ستائش کی ہے۔ صارفین نے اس لندن ٹرپ کا موازنہ دوسری کمپنیوں میں دی جانے والی ”معمولی پیزا پارٹیوں“ سے کیا۔ کئی صارفین نے کمپنی کے اس اقدام کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ کمپنی کا ہونے والے منافع کو براہ راست اپنے ملازمین میں دوبارہ لگانا، لائق ستائش عمل ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK