Inquilab Logo

نائیگاؤں اسٹیشن کےسب وے میں گندگی اوربدبو، توجہ دلانے پر ریلوے کی فوری کارروائی

Updated: January 21, 2023, 12:31 PM IST | Saeed Ahmad Khan | Naigaon

نائیگاؤں ریلوے اسٹیشن پر بھائندر کی سمت سب وے میں گندگی اوربدبو مسافروں کیلئے پریشانی کا باعث بنی ہوئی تھی ۔

Dirt in Naigaon station subway
نائیگاؤں اسٹیشن کے سب وے میں گندگی

 نائیگاؤں ریلوے اسٹیشن پر بھائندر کی سمت سب وے میں گندگی اوربدبو مسافروں کیلئے پریشانی کا باعث بنی ہوئی تھی ۔ بار ش کا موسم نہ ہونے کے باوجود صورتحال یہ تھی کہ سب وے کی نالی میںگندہ پانی جمع تھا ، گندگی سے دیواریں سرخ اور سیاہ ہوگئی تھیں، سیڑھیوںپر کتّے بیٹھے رہتے تھے ا ورصاف صفائی کا فقدان تھا ۔نمائندۂ انقلاب نےیہ مناظرقید کرکے تصاویر چیف پی آر او کوبھیجیں تو انہوںنے اس کا اعتراف کیا اور فوری طور پرصفائی کروانے کی یقین دہانی کروائی۔ اس نمائند ے نے خود بھی دیکھا اور کچھ مسافروں سے پوچھا بھی تو انہوںنے بھی ناراضگی کااظہار کیاتھا ۔
 یاد رہے کہ صبح سے شام تک نائیگاؤں ریلوے  اسٹیشن پر ہزاروں مسافر آمدورفت کرتے ہیں اور ان میں سے بڑی تعداد میں مسافر سب وے کا استعمال کرتے ہوئے پلیٹ فارم نمبر ایک  سے چار پار کرتے ہیں ۔ دوسری جانب سوچھتا ابھیان کے تعلق سےبار بار یہ یقین دلایاجاتاہے ، دعویٰ کیا جاتا ہے اوراب تو ریلوے ملازمین کے موبائل فون کی گھنٹیاںبھی اسی موضوع پرہیں، اس کےباوجود سوچھتا ابھیان کاحقیقتاً یہ حال ہے۔ یہ الگ بات ہے کہ صاف صفائی کروائی بھی جاتی ہے لیکن جس قدر اعلان کا شور رہتا ہے اوردعویٰ کیاجاتا ہے ،عملاً اتنی توجہ نہیں ہے ۔
’’ یہ ہمیشہ کا معاملہ ہے  ‘‘
 سب وے سےگزرنے والی کملا بائی سُتار نےاس بارے میںکہا تھاکہ ’’ یہ توہمیشہ کی بات ہے ،کبھی کبھار صاف صفائی ہوجاتی ہے ورنہ گندگی رہتی ہے ۔ حالانکہ یہاںسے بڑی تعداد میں ہمارے جیسے مسافر پلیٹ فارم نمبرایک سے چار اورچار سے ایک نمبرآمدورفت کرتے ہیں۔ ‘‘
 گزرنے والے ایک اور مسافر محمودخان نےکہاکہ ’’کچھ کہنے کی ضرورت ہے بلکہ جو کچھ دکھائی دے رہا ہے، اس سے سمجھا جاسکتاہے کہ ریلوے کی جانب سے دعوے کے بجائے صاف صفائی پرحقیقی معنوں میںکتنی توجہ دی جاتی ہے ۔ ‘‘ ان کایہ بھی کہنا تھاکہ ’’ سینئر افسران کو اچانک دورہ کرنا چاہئے تاکہ ماتحت عملہ اپنی ذمہ داری کس قدر نبھارہا ہے، معلوم ہوسکے اور اسے جواب دہ بنایا جائےلیکن شاید سینئرافسران کو بھی ان کاموں کی فرصت نہیںہوتی ہے ۔ہاں ،اگریہ معلوم ہوجائے کہ جنرل منیجریا کسی وزیر کا دورہ ہے تواس قدر صاف صفائی دکھائی دیتی ہے کہ حیرت ہوتی ہے۔‘‘
شکایت کااعتراف 
 نمائندۂ انقلاب نے ویسٹرن ریلوے کے چیف پی آر  او سمیت ٹھاکور سے اس بارے میں استفسار کیا اوران کوصورتحال بتائی ،سب وے میں گندگی کی تصویر بھیجی توانہوںنےاسٹیشن ماسٹر سے رابطہ قائم کرکے یہ بتایا کہ شکایت درست ہے اور فوری طور پرصاف صفائی کروائی جائےگی ۔‘‘ انہوں نےیہ بھی کہا کہ ’’گندگی اورریلوے میں چھڑی ہے جنگ، کوریلوے عملی طور پر جیتنا چاہتا ہے اور ریلوے سے گندگی ختم کرناہے۔اس لئے اس کام میںمسافروں کوبھی شریک کیاجاتا ہے کہ وہ ریلوے کو اپنی ملکیت سمجھتے ہوئے اسے صاف ستھرا رکھنے میںمدد کریں۔اس سے خود مسافروں کوبھی صاف ستھرے ماحول میں سفرکرنے کا موقع ملےگا اورریلوے علاقوں کی خوبصورتی بھی بڑھے گی۔‘‘ 
انقلاب کے توجہ دلانے پرصفائی کروادی گئی 
 انقلاب کے توجہ دلانے اورچیف پی آر او سمیت ٹھاکور کو اس تعلق سے تصویر یں بھیجنے کا اثریہ ہواکہ ان کی ہدایت پر اسٹیشن ماسٹر نے صاف صفائی کروائی ۔
  اس کے بعد یقین دلانے کی غرض سے چیف پی آرنے وہ تصاویرنمائندے کوبھی بھیجیں اور بتایاکہ صفائی کروادی گئی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK