• Fri, 05 September, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

آج ۱۵۰۰؍سالہ جشن‌عید میلادالنبیؐ پرمختلف امورِ خیر کی انجا م دہی

Updated: September 04, 2025, 11:50 PM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

مختلف ملّی اورسماجی تنظیمو ں کی جانب سے الگ الگ طریقے سےاس کا اہتمام کیا جارہا ہے ۔اس کے علاوہ ائمہ مساجد رسول اکرمؐ کی بعثت پرروشنی ڈالیں گے

The area around the big mosque in Madanpura is ablaze with lights on the occasion of the 1500th anniversary of Eid Milad-un-Nabi (PBUH).
۱۵۰۰؍سالہ جشن عیدمیلادالنبی ؐ کے موقع پر مدنپورہ کی بڑی مسجد کاعلاقہ روشنی سے جگمگارہا ہے۔(تصویر: انقلاب)

آج بروز جمعہ ۱۲؍ ربیع الاوّل کو۱۵۰۰؍سالہ جشن‌عید میلادالنبیؐ منایا جائے گا ۔حضوراکرمؐ کی دنیا میںتشریف آوری کی مناسبت سےاس موقع پر شہر ومضافات کی مساجد میں خطاب جمعہ میں ائمہ کرام امام الانبیاء کی سیرت طیبہ پر روشنی ڈالیںگے۔اسی طرح مختلف سماجی اورملّی و رفاہی تنظیموں کی جانب سے غرباء ومساکین کی خبرگیری، ان کی اعانت ،اسپتالوں میں مریضوں کی عیادت اور پھلوں کی تقسیم، دواؤں کی فراہمی ، ضرورت مندوں کو کھانا کھلانا اور دیگر طریقوں سے رفاہی سرگرمیاں انجام دی جائیں گی ۔
 اس تعلق سے رضا اکیڈمی ، رضافاؤنڈیشن ،محبوب ملت فاؤنڈیشن ، شاہ اسمٰعیل قادری ٹرسٹ ، برکاتی اسلامک سینٹر اور  دیگرتنظیموں اورکمیٹیوں کے علاوہ مساجد کے ٹرسٹیان کی جانب سے اس موقع پرالگ الگ انداز میںجشن ِ میلادالنبیؐ منانے کا اہتمام کیا جارہا ہے ۔اسلامی تاریخ کے اعتبار سے چونکہ اس دفعہ آقائے دوعالمؐ کی تشریف آوری کو ۱۵؍ صدی مکمل ہورہی ہے،  اس بناء پرمزیداہتمام کے ساتھ اسے منایا جارہا ہے ۔ جگہ جگہ بینرس اور ہورڈنگز لگائی گئی ہیں،نام ِ محمد والے پمفلٹ کی لڑیاں بنائی گئی ہیں اور پوسٹر لگائے گئے ہیں ۔ سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارم سے اس تعلق سےپیغام رسانی کی گئی ہے ، بہت سے عقیدت مندوں نےاپنی دکانوں اورمکانوں پرجھنڈے کے علاوہ برقی قمقمے اوردیگر انداز میںسجاوٹ کی ہے ۔ 
  اسی موقع کی مناسبت سے۱۱۷؍افراد پر مشتمل کارواں الحاج محمد سعید نوری اورمولانا سید معین الدین اشرف عرف معین میاں کی سربراہی میںعمرہ کےلئے روانہ ہوا ہے ، یہ کارواں مدینہ طیبہ میںاپنے طورپرجشن کااہتمام کرے گا۔ 
 جشن کا اہتمام کرنے والوں میں سے کچھ ذ مہ داران سے بات چیت کرنے پرانہوں نے کہا کہ ’’ اس مبارک موقع کی مناسبت سے ہر سال جشن کااہتمام کیاجاتا ہے مگر اس دفعہ خاص اہتمام اس لئےکیاجارہا ہے کیونکہ آقاؐ کی آمد کو ۱۵۰۰؍ سال پورے ہورہے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ہرخاص وعام جوش وخروش سے اہتمام کررہا ہے ، کئی دن قبل   ہی سے اس کی تیاری کی گئی تھی۔‘‘ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ’’گنپتی وسرجن کے سبب جلوس پیر۸؍ستمبر کونکالا جارہا ہے لیکن اصل تاریخ توجمعہ کو ہے، اس لئے جشن ِ میلاد النبیؐ آج منایا جارہا ہے۔ اس میںہر گروپ اورتنظیم اپنے طور پرالگ الگ سرمیاں انجام دیتے ہوئےامور ِ خیرکرنے کی کوشش کرے گی۔‘‘ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK