Inquilab Logo

کانگریس اور این سی پی کے پاس گروی رکھے تیر کمان کو ہم نے چھڑالیا:وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے

Updated: March 20, 2023, 11:50 PM IST | siraj shaikh | Mumbai

رتناگیری کے کھیڈ میں منعقدہ ریلی میں شندے نے ادھو ٹھاکرے کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ وہ خود غرض ہیںجنہوں نے کرسی کیلئے ہندوتوا کو ترک کردیا ،اُدھو نے ہی ہمیں پارٹی چھوڑنے کیلئے کہا تھا :دیپک کیسرکر

Chief Minister Eknath Shinde addressed the rally.
وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے جلسے سے خطاب کےد وران ۔(تصویر،انقلاب)

رتناگیری ضلع کے کھیڈ شہر میں منعقدہ ریلی میں ریاست کے وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے ادھو ٹھاکرے پر زبردست تنقید کی۔انہوں نے کہا کہ اُدھو ٹھاکرے سے الگ ہونے کا فیصلہ نہ کیا ہوتا تو حالات انتہائی خراب ہوتے۔اُدھو ٹھاکرے گروپ کے پاس کہنے کے لئے صرف دو الفاظ  باقی رہ گئے ہیں اور وہ الفاظ ہیں ’غدار ‘اور ’کھوکے‘ ۔ ادھو ٹھاکرے نے اقتدار اور کرسی کے لالچ میں آکر کانگریس اور این سی پی سے ہاتھ ملایا اورشیو سینا کو این سی پی اور کانگریس کے پاس گروی رکھ دیا تھا  جسے ہم نے چھڑا لیا ہے ۔ ایکناتھ شندے نے کہا کہ اب ہمارے پاس شیو سینا بھی ہے تیر کمان بھی ہے اور بالا صاحب کا آشیرواد بھی ہے۔
 انہوں نے کہا کہ برداشت کرنے کی ایک حد ہوتی ہے اس حد کو ہمیں پار کرنے پر مجبور نہ کریں۔ کھیڈکے گولی بار میدان میں شیو سینا کی ریلی  میں سابق وزیر رام داس کدم، شیو سینا کے سینئر لیڈر گجانن کرتیکر، وزیر صنعت اُدے سامنت، وزیر تعلیم دیپک کیسرکر،رکن اسمبلی بھرت گوگائولے، یوگیش کدم،سدیش کدم، نریش مہسکے اور سدانند چوہان کے علاوہ بڑی تعداد میں شیو سینا کے عہدیدار موجود تھے۔جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے کہا کہ کوکن کے لئے علاحدہ ڈیولپمنٹ اتھاریٹی قائم کی جائے گی۔ التوا میں پڑے کوکن کے آبپاشی پروجیکٹوںکو نئی زندگی عطا کی جائے گی اور انہیں بحال کیا جائے گا۔آم اور کاجو کی پروسیسنگ انڈسٹری کے لئے خاطر خواہ فنڈ مہیا کرایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ دسمبر تک ممبئی گوا ہائی وے کو یک طرفہ شروع کردیا جائے گا اور خطہ کوکن میں طوفان اور قدرتی آفات سے بچائو کیلئے ۲؍ ہزار کروڑ روپے کا خصوصی فنڈ مختص کیا گیا ہے۔
  اس موقع پر سابق وزیر رام داس کدم نے  ادھو ٹھاکرے پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس جلسے میں شریک عوامی سیلاب سے یہ بات ثابت ہوجاتی ہے کہ غدار کون ہے؟ انہوں نے کہا کہ ادھو ٹھاکرے نے محض کرسی کی خاطر ہندوتوا کو چھوڑ دیا اور کانگریس اور این سی پی کی گود میں جا بیٹھے۔ادھو ٹھاکرے نے اپنے ہی والد بالا صاحب ٹھاکرے کے ہندوتوادی خیالات کے ساتھ غداری کی ہے۔
 وزیر تعلیم دیپک کیسرکر نے دعوی کیا کہ ادھو ٹھاکرے نے ہی انہیں پارٹی چھوڑنے کے لئے کہا تھا۔ انہوں کہا کہ دہلی میں وزیراعظم نریندر مودی کے ساتھ ہوئی میٹنگ میں ادھو ٹھاکرے نے کہا تھا کہ این سی پی اور کانگریس نے انکے ساتھ دھوکہ کیا ہے ۔ اس موقع پر کیسر کر نے عوام سے خطاب کرتے  ہوئے کہا کہ اگر ادھو ٹھاکرے این سی پی اور کانگریس کا ساتھ چھوڑتے ہیں تو ہم ان کی قیادت قبول کرنے کے لئے تیار ہیں۔وزیر صنعت ا دے سامنت نے عوام کی بھیڑ کو دیکھتے ہوئے کہا کہ رتناگیری ضلع کے پانچوں اراکین اسمبلی شیو سینا ہمارے ہی ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایکناتھ شندے کی قیادت والی ریاستی حکومت  نے کوکن میں بڑے بڑے پروجیکٹوں کو منظوری  دے دی ہے تاکہ مقامی نوجوانوں کو روزگار کے مواقع حاصل ہو سکے۔
 کھیڈ پولیس چھائونی  میں تبدیل
  کھیڈ شہر میں شیو سینا کی ریلی اور اس میں وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کی شرکت کی وجہ سے شہر میں جگہ جگہ پولیس  بندوبست تھا ۔را ئے گڑھ اور رتناگیری ضلعوں سے پولیس فورسیز بلائی گئی تھیں۔۳۳ ؍پولیس افسر،۳۹۰ ؍پولیس اہلکار اور فساد مخالف دستے کے ۹۰ ؍جوانوں کو جلسہ گاہ اور آس پاس کے علاقوں میں تعینات کیا گیا تھا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK