• Wed, 04 February, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

کیا عالیہ بھٹ کی فلم ’’الفا‘‘ براہِ راست او ٹی ٹی پر ریلیز ہوگی؟

Updated: February 04, 2026, 5:13 PM IST | Mumbai

فلم ’’الفا‘‘ وائی آر ایف کے اسپائی یونیورس کی اگلی فلم ہے، جس میں عالیہ بھٹ اور شرواری مرکزی کردار ادا کر رہی ہیں۔ یہ اس پروڈکشن ہاؤس کی فرنچائز کی پہلی خواتین پر مبنی جاسوسی تھرلر فلم ہوگی۔ فلم میں بوبی دیول بھی شامل ہیں۔

Alia Bhatt.Photo:INN
عالیہ بھٹ۔ تصویر:آئی این این

فلم ’’الفا‘‘ وائی آر ایف کے اسپائی یونیورس کی اگلی فلم ہے، جس میں عالیہ بھٹ اور شرواری مرکزی کردار ادا کر رہی ہیں۔ یہ اس پروڈکشن ہاؤس کی فرنچائز کی پہلی خواتین پر مبنی جاسوسی تھرلر فلم ہوگی۔ فلم میں بوبی دیول بھی شامل ہیں، جن کی ایک جھلک فلم ’’وار ۲‘‘ میں دکھائی جا چکی ہے۔ جیسے جیسے فلم کے حوالے سے جوش و خروش بڑھ رہا ہے، نئی رپورٹس یہ دعویٰ کر رہی ہیں کہ شاید یہ فلم سنیما گھروں میں ریلیز ہی نہ ہو۔
  پروڈکشن ہاؤس کے قریبی ذرائع  نے بتایاکہ ’’ آدتیہ چوپڑا کو امید تھی کہ ’’مردانی ‘‘ کے ذریعے خواتین ہیرو پر مبنی فلموں کو فروغ ملے گا  تاکہ ’’الفا‘‘ کو خواتین جاسوس کے طورپر پیش کیا جائے گا۔‘‘  ذرائع نے مزید کہا کہ ’’  مردانی ۳‘‘ کی کمزور کارکردگی اور ’’وار ۲‘‘ کے باعث اسپائی یونیورس کو لگنے والے دھچکے کے بعد’’ الفا‘‘ اس وقت یش راج میں ’معطل ‘منصوبہ بن چکی ہے۔‘‘
رپورٹ کے مطابق’’الفا‘‘ کو براہِ راست او ٹی ٹی پر ریلیز کیے جانے کا امکان ہے  تاہم عالیہ بھٹ اس فیصلے کے خلاف ’احتجاج‘ کر رہی ہیں۔ فی الحال اس بات کی کوئی باضابطہ تصدیق نہیں ہوئی ہے۔ گزشتہ سال، عالیہ بھٹ نے جدہ میں ہونے والے ریڈ سی فلم فیسٹیول میں شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنی آنے والی فلم کے بارے میں بات کی۔ ’’الفا‘‘ وائی آر ایف یونیورس کی پہلی خواتین پر مبنی ایکشن فلم ہے، اس لیے یہ ایک جوکھم  بھی ہے کیونکہ تاریخ میں آپ نے ایسی فلموں کو مردانہ کرداروں والی فلموں جیسی کارکردگی دکھاتے نہیں دیکھا۔
یہ فلم، جو کرسمس ۲۰۲۵ء پر ریلیز ہونے والی تھی، اب اگلے سال کے لیے موخر کر دی گئی ہے۔ یش راج فلمز کی یہ بے حد منتظر ایکشن فلم اب ۱۷؍ اپریل ۲۰۲۶ء کو ریلیز ہوگی۔ کمپنی نے اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ فلم کے وی ایف ایکس کو مزید وقت درکار ہے تاکہ ناظرین کو بہترین بصری تجربہ دیا جا سکے۔
 ریلیز کی تاریخ میں تبدیلی پر بات چیت کرتے ہوئے  وائی آر ایف کے ترجمان نے کہاکہ ’’ الفا‘‘ ہمارے لیے ایک نہایت خاص فلم ہے اور ہم اسے اس کی مکمل سنیماٹک شکل میں پیش کرنا چاہتے ہیں۔ ہمیں احساس ہوا کہ وی ایف ایکس میں ہماری توقع سے زیادہ وقت لگے گا۔ ہم چاہتے ہیں کہ ’’الفا‘‘ کو ایک یادگار تھیٹر تجربہ بنایا جائے، اسی لیے ہم اب فلم کو۱۷؍ اپریل ۲۰۲۶ء کو ریلیز کریں گے۔‘‘

یہ بھی پڑھئے:کوپا ڈیل رے: یامل اور راشفورڈ کا جادو چل گیا، بارسلونا سیمی فائنل میں داخل

مداحوں کو ’’وار ۲‘‘کے پوسٹ کریڈٹ سین میں ’’الفا‘‘ کی ایک جھلک بھی دیکھنے کو ملی۔ اس منظر میں بوبی دیول نے اچانک انٹری دی، جس سے اسپائی یونیورس میں ان کی باضابطہ شمولیت ہوئی۔ اس سین میں وہ ایک کم عمر لڑکی کے ہاتھ پر ایک ایجنسی کا لوگو ثبت کرتے نظر آئے۔ جب لڑکی نے اس کا مطلب پوچھا تو بوبی کے کردار نے جواب دیا ’’الفا۔‘‘ انہوں نے وضاحت کی کہ الفا یونانی حروفِ تہجی کا پہلا حرف ہے اور ان کے پروگرام کا نصب العین ہے:’’پہلا، تیز ترین، سب سے طاقتور۔‘‘

یہ بھی پڑھئے:’’مس میچڈ سیزن۴‘‘ کا اعلان: پراجکتا کولی اور روہت سراف پھر سے متحد ہوئے

اس دلچسپ منظر نے آن لائن قیاس آرائیوں کو جنم دیا کہ شاید وہ لڑکی  ’’الفا‘‘ میں عالیہ بھٹ کے کردار کا کم عمر روپ ہو۔ توقع کی جا رہی ہے کہ بوبی دیول فلم میں مرکزی ویلن کا کردار ادا کریں گے  جو ممکنہ طور پر پہلے عالیہ کے کردار کو تربیت دیتا ہے اور بعد میں اس کا دشمن بن جاتا ہے۔ مداحوں کا ماننا ہے کہ یہ استاد سے دشمن بننے والا موڑ کہانی کو مزید دلچسپ بنا دے گا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK