Inquilab Logo Happiest Places to Work

قرآن شریف کی بے حرمتی پر دنیا بھر میں برہمی، مذمت

Updated: July 01, 2023, 9:48 AM IST | Washington

امریکہ نے اسے تشویشناک واقعہ قرار دیا، سعودی عرب نے کسی بھی قیمت پر ’ناقابل قبول ‘ بتایا، ترکی نے آزادیٔ اظہار کے نام پر ’مسلم مخالف‘ حرکت کہا۔ ارد ن اور متحدہ عرب امارات نے سویڈن کے سفیر کو طلب کرکے ناراضگی کا اظہار کیا، عراق میں سویڈن کے سفارتخانے پر حملہ، ترکی میں عوام کا احتجاج

2 girls joined the protest against Sweden with Holy Quran in their hands (Photo: Agency)
؍ ۲بچیاں ہاتھ میں قرآن پاک لے کر سویڈن کے خلاف ہونے والے احتجاج میں شامل ہوئیں( تصویر: ایجنسی)

گزشتہ بدھ کو  سویڈن میں ایک بار پھر کلام پاک کی بے حرمتی کا واقعہ پیش آیا جس کے بعد دنیا بھر میں اس کی مذمت کی گئی بلکہ بعض مقامات پر اس کے خلاف احتجاج بھی ہوا۔ امریکہ، سعودی عرب اور ترکی  نے اس تعلق سے بیانات جاری  کئے ہیں جبکہ عراق اور ترکی میں اس کے خلاف احتجاج بھی ہوا ہے۔   
  یاد رہے کہ اسلاموفوبیا میں مبتلا ملک سویڈن میں بدھ ( ۲۸؍ جنوری) کو ایک گمراہ عراقی نوجوان نے باقاعدہ پولیس کی اجازت سے ایک مسجد کے باہر قرآن شریف کے ایک نسخے کو جلایا تھا۔ جبکہ اس دن سیویڈن میں عید منائی جا رہی تھی۔  اس واقعے کا ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکا ہے۔  اس کی وجہ سے دنیا بھرکے مسلمانوں میں غم وغصہ ہے۔ اب اس پر دنیا کے اہم ممالک نے بھی ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔  امریکہ نے کہا ہے کہ ’’ہمیں اس واقعے پر تشویش ہے اور ہم اس کی سخت مذمت کرتے ہیں۔‘‘ وہائٹ ہائوس میں ایک پریس کانفرنس کے دوران محکمہ خارجہ کے ترجمان متھیو ملر نے کہا کہ ’’ امریکہ آزادی رائے اور پر امن اجتماع کو جمہوری عناصر کا حصہ سمجھتا ہے اور اس کی حمایت کرتا ہے لیکن ساتھ ہی ہم ہر کسی کیلئے مذہبی آزادی کے حق کی حمایت بھی کرتے ہیں۔‘‘ہم سمجھتے ہیں کہ اس احتجاج نے خوف کی فضا کو جنم دیا  ہےجو کہ سویڈن میں مسلمانوں اور دوسرے اقلیتی گروپوں کی مذہبی آزادی کے حق کو آزادانہ طور پر استعمال کرنے کی اہلیت پر اثر انداز ہوگا۔‘‘  یاد رہے کہ مسلسل تنازعات کے باعث سویڈن میں احتجاج کے نام پر قرآن شریف کی بے حرمتی پر پابندی عائد کر دی گئی تھی لیکن حال ہی میں عدالت نے اس پابندی کو ختم کر دیا ہے۔ اس کے بعد پیش آنے والا یہ پہلا واقعہ ہے۔ یہ گستاخی باقاعدہ حکومت کی اجازت کے ساتھ کی گئی ہے۔ اس پر امریکہ کا کہنا ہے کہ حکومت کی طرف اجازت کا یہ مطلب نہیں ہے کہ سویڈن حکومت اس واقعے کی حمایت کرتی ہے۔‘‘ 
 مسلم ممالک کی جانب سے برہمی کا اظہار
  دنیا کے بیشتر مسلم ممالک  نے اس واقعے پر ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔ سعودی عرب کی  وزارتِ خارجہ نے بیان جاری کرکے واقعے کی مذمت کا اعلان کیا ہے۔  بیان میں کہا گیا ہے کہ ’’ان نفرت انگیز اور بار بار کی جانے والی حرکتوں کو کسی جواز کے ساتھ قبول نہیں کیا جا سکتا کیونکہ ایسے واقعات واضح طور پر نفرت، علاحدگی اور نسل پرستی کو ہوا دیتے ہیں۔‘‘ وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ’’یہ (واقعات) رواداری، اعتدال پسندی کے برعکس انتہا پسندی کو مسترد کرنے کی اقدار کو پھیلانے اور لوگوں اور ریاستوں کے درمیان تعلقات کیلئے ضروری باہمی احترام کو کمزور کرنے کی بین الاقوامی کوششوں کی براہ راست مخالفت کرتے ہیں۔‘‘ 
 دریں اثناء متحدہ عرب امارات اور اردن نے اپنے ہاں تعینات سویڈش سفیروں کو طلب کیا ہے اور ان سے اسٹاک ہوم میں مرکزی مسجد کے باہر مسلمانوں کی مقدس کتاب قرآن مجید کی بے توقیری پر سخت احتجاج کیا ہے۔متحدہ عرب امارات کی وزارت خارجہ نے جمعرات کو ایک بیان میں کہا ہے کہ ابوظبی میں تعینات سویڈن کے سفیر کو طلب کیا گیا ہے اور ان سے اسٹاک ہوم میں قرآن مجید کا ایک نسخہ جلائے جانے کے خلاف احتجاج کیا گیا ہے۔اردن کی وزارت برائے امورِخارجہ اور تارکینِ وطن نے بھی ایک بیان میں کہا ہے کہ اس نے عمان میں تعینات سویڈش سفیر کو طلب کیا ہے اورانھیں قرآن مجید کی بے توقیری پر اردن کے سخت احتجاج سے آگاہ کیا ہے۔
 سویڈن کو نیٹو کی رکنیت نہ دینے کی سفارش
  اس دوران ترکی نے سویڈن کی نہ صرف  مذمت کی ہے بلکہ اسے نیٹو کی رکنیت نہ دینے کی سفارش کی ہے۔ یاد رہے کہ ترکی کے صدر رجب طیب اردگان نے پہلے ہی سویڈن کو نیٹو ممالک کے گروہ میں شامل کرنے کی مخالفت کر رکھی ہے۔ اب بدھ کے واقعے کےبعد وزیر خارجہ حقان فدان نے ٹویٹ کیا ہے کہ ’’ ہم کسی بھی طور پر آزادیٔ اظہار کے نام پر اس بات کی اجازت نہیں دیںگے کہ ہماری مقدس کتاب کی بے حرمتی کی جائے۔‘‘   انہوں نے کہا ’’عیدالاضحی کے نام پر حکومت کی اجازت سے کی گئی اس مسلم مخالف  حرکت کی سخت مذمت کرتے ہیں۔‘‘
  عراق میں سویڈن کے سفارتخانہ پر حملہ
  شورش زدہ ملک عراق میں سویڈن کے سفارتخانے پر مظاہرین نے حملہ کر دیا ہے۔ جبکہ خواتین کے ایک گروہ نے قرآن پاک ہاتھ میں لے کر احتجاج کیا۔  اس دوران عراقی وزارت خارجہ نے قرآن شریف کی بے حرمتی کی مذموم حرکت کی مذمت کی ہے ۔ 

quran Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK