صوبہ تعز میں عدم تحفظ اور بدامنی کے سبب ویکسین کی ترسیل ممکن نہ ہونے سے ۳؍ لاکھ۵۰؍ ہزار بچوں کو خسرہ اور روبیلا سے تحفظ نہیں مل سکا۔
EPAPER
Updated: November 26, 2026, 1:52 PM IST | Agency | Sanaa
صوبہ تعز میں عدم تحفظ اور بدامنی کے سبب ویکسین کی ترسیل ممکن نہ ہونے سے ۳؍ لاکھ۵۰؍ ہزار بچوں کو خسرہ اور روبیلا سے تحفظ نہیں مل سکا۔
یمن میں جاری لڑائی اور امن و امان کی بگڑتی صورتحال کے باعث۳؍لاکھ ۶۴؍ہزار سے زیادہ افراد بے گھر ہو چکے ہیں۔ امدادی اداروں نے بتایا ہے کہ کشیدگی کے شکار صوبہ تعز میں عدم تحفظ اور بدامنی کے سبب ویکسین کی ترسیل ممکن نہ ہونے سے ۳؍ لاکھ۵۰؍ ہزار بچوں کو خسرہ اور روبیلا سے تحفظ نہیں مل سکا۔عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او)اور اقوام متحدہ کے ادارہ اطفال (یونیسف) کے پاس ویکسین اور دیگر ضروری وسائل موجود ہیں لیکن موجودہ حالات میں دونوں ادارے تعز کے ان بچوں تک رسائی حاصل کرنے سے قاصر ہیں جنہیں ویکسین لگائی جانی ہے۔ یمن کے دیگر علاقوں میں رواں ماہ کے اوائل میں شروع کی گئی ٹیکہ کاری مہم کے تحت اب تک ۶؍ لاکھ سے زیادہ بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگائے جا چکے ہیں۔تعز میں امن و امان کی بگڑتی صورتحال کے باعث ایک سال سے کم عمر کے۳۰؍ ہزار سے زیادہ بچوں کو معمول کی حفاظتی ویکسین نہ ملنے کا خطرہ بھی لاحق ہے۔
رسائی میں مشکلات کے باوجود اقوام متحدہ اور اس کے شراکتی ادارے متاثرہ آبادیوں کی امداد کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ اگست سے اب تک۲۵؍ سے زیادہ اداروں نے موبائل طبی ٹیموں، ایمبولینس گاڑیوں اور طبی مراکز کی معاونت کے ذریعے ایک لاکھ سے زیادہ بے گھر افراد کو صحت کی سہولتیں فراہم کی ہیں۔
یہ بھی پڑھئے:ریاض: فائنانشیل ڈسٹرکٹ کی عمارت پر پھر حملہ
وسیع تر سطح پر اقوام متحدہ اور اس کے امدادی شراکت دار اگست سے اب تک ۳؍ لاکھ سے زیادہ بے گھر افراد کو ہنگامی غذائی امداد، حفظان صحت کا سامان اور دیگر ضروری چیزیں فراہم کر چکے ہیں۔اقوام متحدہ نے تمام متحارب فریقین سے مطالبہ کیا ہے کہ شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے، امدادی کارکنوں کو ضرورت مندافراد تک محفوظ اور بلا رکاوٹ رسائی دی جائے اور ان پابندیوں کو ختم کیا جائے جو تعز کے عوام کو بنیادی طبی سہولتوں اور انسانی امداد کے حصول سے محروم کر رہی ہیں۔یمن کے لئے اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے ہینز گرنڈبرگ تنازع کو ختم کرانے کے لئے علاقائی فریقین کے ساتھ سفارتی رابطے جاری رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے حال ہی میں کویت کا دورہ مکمل کیا جہاں ان کی ملاقات وزیر خارجہ شیخ جراح جابر الاحمد الصباح سے ہوئی۔ اس اہم ملاقات کے دوران یمن کی سیاسی اور عسکری صورتحال، دوبارہ شروع ہونے والی جھڑپوں کے ملک اور پورے خطے پر اثرات اور سفارتی کوششوں پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔