Inquilab Logo

یوگی حکومت پر پارٹی دفتر پر تالا لگوانے کا الزام

Updated: August 17, 2020, 12:23 PM IST | Mohammed Aamir Nadvi | Lucknow

عام آدمی پارٹی کے سنجے سنگھ نے حکومت پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے بچکانہ حرکت بند کرنے کوکہا،پولیس نے تالا لگانے سے انکار کیا

Sanjay Singh - PIC : INN
سنجے سنگھ ۔ تصویر : آئی این این

ترپردیش میں پنچایت الیکشن میں اپنے امیدوار طے کرنے کی تیاریوں میں مصروف  عام آدمی پارٹی کے لکھنؤ دفتر پر تالا لٹکا ہوا ہے ۔ راجیہ سبھا ممبر اور یوپی کے انچارج سنجے سنگھ پریس کانفرنس کرنے پہنچے تو دفتر پر تالا لٹکا دیکھ یوگی حکومت پر بپھر پڑھے اور سنگین الزامات عائد کئے ۔ سنجے سنگھ کی پریس کانفرنس اسی دفتر پر اتوار کو ۳؍ بجے تھی۔ یاد رہے کہ سنجے سنگھ مسلسل یوگی حکومت کے خلاف بیانات دے رہے ہیں جس کے سبب ان پرمقدمہ بھی درج ہوچکا ہے ۔ 
 لکھنؤ میںگومتی نگر واقع عام آدمی پارٹی دفتر پرتالا لگا دیکھ کر سنجے سنگھ نے اس میں یوگی حکومت کا ہاتھ بتایا ۔ انہوں نے ٹویٹ کرکے کہاکہ یوگی آدتیہ ناتھ بچکانہ کھیل کھیل رہے ہیں ۔ میرے دفتر پر تالا ڈلوا دیا ہے ۔ پولیس بھیج کر رات ۱۲؍بجے ، صبح ۸؍بجے اور پھر۱۰؍بجے میرے مکان مالک کو دھمکایا گیا ۔ اتنی محنت اگر جرائم روکنے میں کرتے تو عوام کا بھلا ہوتا۔ فکر کی کوئی بات نہیں۔ ہم عام آدمی ہیں،سڑک پر دفتر کھول لیں گے۔ وزیراعلیٰ عام آدمی پارٹی کا دفتر بند کرسکتے ہیں لیکن سچ کی آواز نہیں بند ہوسکتی ہے ۔ آپ کےظم و زیادتی کے خلاف بولتا رہوں گا۔ میں لکھنؤ میں ہوں مجھے گرفتار کرو۔ سنجے سنگھ کے اس ٹویٹ کے بعد راجدھانی میں سیاسی ہلچل تیز ہوگئی ہے ۔ 
 عام آدمی پارٹی کے دفتر پر تالالگنے کے معاملے میں گومتی نگر کے ایس ایچ او دھیرج کمار نے کہا کہ پولیس نے کسی پارٹی کے دفتر پر کوئی تالا نہیں لگایا ہے ، نہ پولیس وہاں گئی ہے ۔ یہ تالا کس نے اورکیوں لگایا ہے؟ اس کے بارے میں جانکاری نہیں ہے ۔ انہوں نے کہاکہ پولیس پر بے جا اور بے بنیاد الزام لگائے جارہے ہیں۔ ممکن ہے کہ مکان مالک  اور پارٹی کے کسی رضاکار  میں  کسی بات کے سلسلہ میں تنازعہ ہوا ہو۔ اس سلسلہ میں مکان مالک سے پوچھ تاچھ کے بعد ہی معاملہ واضح ہو سکے گا، لیکن پولیس نے کوئی کارروائی نہیں کی ہے۔ 
 پولیس کے وضاحتی بیان کے بعد سنجے سنگھ نے ایک ٹویٹ اور کیا ہے  جس میں انہوں نے گومتی نگرمیں  عام آدمی پارٹی کے باہر کھڑے ہوکر ایک ویڈیو بنایا ۔ اس میں کہا کہ یوگی جی آپ سےجرائم نہیں رک رہے ہیں لیکن مجھے روکنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ گزشتہ ماہ سے میں سچ کی آواز اٹھاتا رہا ہوں ۔ اسی وجہ سے یوگی حکومت نے مکان مالک پر دبائو ڈال کر میرے دفتر پر تالا لگوا دیا ہے ۔ میں نہیں چاہتا ہوں کہ میری وجہ سے مکان مالک پریشانی میں پڑے ۔ میں کہیں دوسری جگہ اپنا دفتر کھول لوں گا ۔کئی لوگوں نے مجھے فون کیا ہے کہ میرے یہاں دفتر کھول لیجئے ۔ سنجے سنگھ نے کہا کہ میں تو سڑک پر دفتر کھول لوں گا ، یوگی جی آپ اتنا گھبر کیوں رہے ہیں ، اس کی وجہ سمجھ میں نہیں آرہی ہے ۔ 

لکھنؤ میں ہوں ،گرفتار کر لو :سنجے سنگھ

  عام آدمی پارٹی (آپ) کےرکن پارلیمنٹ سنجے سنگھ نے اترپردیش کی یوگی آدتیہ ناتھ حکومت پر پارٹی دفتر میں تالا لگوانے کے الزام لگاتے ہوئے وارننگ دی ہے کہ وہ حکومت کی عوام مخالف پالیسیوں کو بے نقاب کرتے رہیں گے،چاہے تو حکومت انہیں گرفتارکرسکتی ہے۔انہوں نے کہا،’’عام آدمی پارٹی کا دفتر بند کرسکتے ہیں یوگی جی لیکن سچ کی آواز نہیں بند ہوسکتی،آپ کے ظلم زیادتی کے خلاف بولتا رہا ہوں اور بولتا رہوں گا۔بچکانا کھیل کھیلنا بند کرو،لکھنؤ میں ہوں گرفتار کرو۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK