• Sun, 29 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

چوتھا ٹی ۲۰: مچل مارش کی طوفانی سنچری بھی آسٹریلیا کو شکست سے نہ بچا سکی

Updated: November 29, 2026, 8:04 PM IST | Sydney

انگلینڈ نے چوتھے ٹی ۲۰؍ بین الاقوامی مقابلے میں آسٹریلیا کو سنسنی خیز انداز میں ۷؍ رن سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز میں ۳-۱ کی ناقابلِ شکست برتری حاصل کرلی۔ سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے اس مقابلے میں آسٹریلیائی کپتان مچل مارش نے دھواں دار بلے بازی کرتے ہوئے شاندار سنچری اسکور کی۔

England Players.Photo:X
انگلینڈ کے کھلاڑی۔ تصویر:ایکس

انگلینڈ نے چوتھے ٹی ۲۰؍ بین الاقوامی مقابلے میں آسٹریلیا کو سنسنی خیز انداز میں ۷؍ رن سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز میں ۳-۱ کی ناقابلِ شکست برتری حاصل کرلی۔ سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے اس مقابلے میں آسٹریلیائی کپتان مچل مارش نے دھواں دار بلے بازی کرتے ہوئے شاندار سنچری اسکور کی، لیکن ان کی انفرادی کوشش ٹیم کو فتح دلانے کے لیے ناکافی ثابت ہوئی۔ انگلینڈ نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے مقررہ ۲۰؍ اوورس میں ۷؍ وکٹ کے نقصان پر ۱۸۱؍ رن بنائے، جواب میں آسٹریلیا کی ٹیم ۲۰؍ اوورس میں ۷؍ وکٹ پر ۱۷۴؍ رن ہی بنا سکی۔ اس طرح انگلینڈ نے ایک میچ باقی رہتے ہوئے سیریز اپنے نام کرلی۔


آسٹریلیا نے ٹاس جیتنے کے بعد انگلینڈ کو پہلے بلے بازی کی دعوت دی۔ میزبان ٹیم کے تیز گیند بازوں اسپینسر جانسن اور رائلی میریڈتھ نے ابتدائی اوورس میں انگلش بلے بازوں کو شدید پریشانی میں مبتلا کردیا۔ انگلینڈ نے پاور پلے کے دوران ہی محض ۳۲؍ رن پر اپنی چار اہم وکٹیں گنوا دیں۔ فل سالٹ، ہیری بروک، اینیورین ڈونلڈ اور ٹام بینٹن بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے۔مشکل صورتحال میں جیمز کولز اور جارڈن کاکس نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اننگز کو سنبھالا۔ دونوں کے درمیان اہم شراکت قائم ہوئی۔ کولز نے ۲۹؍ گیندوں پر ۳۳؍ رن بنائے، جبکہ کاکس نے ۱۹؍ گیندوں پر ۲۳؍ رن کا تعاون دیا۔ ان دونوں کے آؤٹ ہونے کے بعد لیام ڈاسن نے ۱۴؍ گیندوں پر ۲۳؍ رن بنائے اور ٹیم کو سنبھالا دینے کی کوشش کی۔انگلینڈ کی اننگز کو اصل رفتار سیم کرن نے دی۔ انہوں نے صرف ۲۸؍ گیندوں پر ناقابلِ شکست ۵۰؍ رن بنائے، جس میں چار چھکے اور دو چوکے شامل تھے۔ آخری اوورس میں جیمی اوورٹن نے بھی جارحانہ انداز اختیار کیا اور محض ۹؍ گیندوں پر ناٹ آؤٹ ۲۰؍ رن بنائے۔ سیم کرن اور اوورٹن کی تیز رفتار شراکت نے انگلینڈ کو ۱۸۱؍ رن تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔

یہ بھی پڑھئے:فیڈے عالمی شطرنج: گوکیش اور سنداروف کے درمیان چوتھا مقابلہ بھی ڈرا

۱۸۲؍ رن کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کی امیدیں اپنے کپتان مچل مارش سے وابستہ تھیں۔ مارش نے ابتدا ہی سے جارحانہ بلے بازی کی اور انگلش گیند بازوں پر دباؤ بنائے رکھا۔ انہوں نے صرف ۲۶؍ گیندوں میں اپنی نصف سنچری مکمل کی اور اس کے بعد بھی رن بنانے کی رفتار کم نہیں ہونے دی۔مارش نے ۵۷؍ گیندوں پر ۱۱۹؍ رن کی شاندار اننگز کھیلی، جس میں ۹؍ چوکے اور ۹؍ چھکے شامل تھے۔ ان کی دھواں دار بلے بازی نے مقابلے کو آخری اوور تک دلچسپ بنائے رکھا۔ تاہم دوسرے سرے سے آسٹریلیائی بلے باز ان کا بھرپور ساتھ نہ دے سکے۔ جیک فریزر میک گرک بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے، جبکہ سیم ہارپر نے ۱۸؍ رن بنائے۔ نکھل چودھری اور ٹم ڈیوڈ ۱۲، ۱۲؍ رن ہی بنا سکے۔ دیگر بلے باز بھی بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے۔اس دوران انگلینڈ کے اسپن گیند باز عادل رشید نے بھی مؤثر بولنگ کرتے ہوئے آسٹریلیا کی رن بنانے کی رفتار پر قابو رکھا۔
مقابلے کا فیصلہ آخری اوور میں ہوا، جب آسٹریلیا کو جیت کے لیے ۱۲؍ رن درکار تھے اور مچل مارش کریز پر موجود تھے۔ انگلینڈ کے نوجوان تیز گیند باز ہنری کروکومب نے غیر معمولی حوصلے اور مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے آسٹریلیائی کپتان کو قابو میں رکھا۔ انہوں نے مارش کو آؤٹ کرنے کے بعد اگلی ہی گیند پر جوئل ڈیوس کو بھی پویلین واپس بھیج دیا۔مارش کے آؤٹ ہوتے ہی آسٹریلیا کی جیت کی امیدیں تقریباً ختم ہوگئیں۔ آخری گیند تک ٹیم ۱۷۴؍ رن ہی بنا سکی اور انگلینڈ نے ۷؍ رن سے مقابلہ جیت لیا۔ کروکومب نے ۲۸؍ رن دے کر تین وکٹیں حاصل کیں اور انگلینڈ کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔

یہ بھی پڑھئے:فلم ’’ایٹھا‘‘ کے لیے شردھا کپور نے ۱۰؍ سے ۱۲؍ کلو وزن بڑھایا

چوتھے ٹی ۲۰؍ میں کامیابی کے ساتھ انگلینڈ نے سیریز میں ۳-۱ کی ایسی برتری حاصل کرلی ہے جسے اب آسٹریلیا ختم نہیں کرسکتا۔ سیریز کا پانچواں اور آخری مقابلہ ۲؍ دسمبر کو کینبرا کے مانُوکا اوول میں کھیلا جائے گا، جہاں آسٹریلیا کی کوشش ہوگی کہ وہ آخری میچ جیت کر سیریز کا اختتام کامیابی کے ساتھ کرے، جبکہ انگلینڈ کی ٹیم ۴-۱ سے سیریز اپنے نام کرنے کے ارادے سے میدان میں اترے گی۔دلچسپ بات یہ ہے کہ مچل مارش کو شکست کے باوجود ان کی شاندار سنچری کے لیے پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ ان کی ۱۱۹؍ رن کی اننگز مقابلے کی سب سے نمایاں کارکردگی رہی، لیکن انگلینڈ کی اجتماعی کوشش اور آخری اوور میں کروکومب کی بہترین بولنگ نے آسٹریلیا کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK