متوفیوں میں ایک بچہ اور میاں بیوی شامل۔ بمباری سے عمارتیں تباہ کرنے اور فائرنگ کا سلسلہ جاری۔
EPAPER
Updated: October 21, 2026, 1:31 PM IST | Agency | Gaza
متوفیوں میں ایک بچہ اور میاں بیوی شامل۔ بمباری سے عمارتیں تباہ کرنے اور فائرنگ کا سلسلہ جاری۔
مختلف علاقوں پر اسرائیلی بمباری اور فائرنگ کے نتیجے میں منگل کو۵؍ افراد جاں بحق ہوگئے جن میں ایک بچہ،ایک شہری اور اس کی اہلیہ بھی شامل ہیں جبکہ متعدد دیگر زخمی ہو گئے۔ جنگ بندی معاہدے کی مسلسل خلاف ورزیوں کے تناظر میں زبردست فائرنگ اور عمارتوں کو دھماکوں سے تباہ کرنے کی کارروائیاں کی گئیں۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق غزہ کے جنوب میں واقع خان یونس شہر کے جنوب میں ’ہیپی سٹی‘ ریسورٹ کے قریب اسرائیلی فورسیز کی فائرنگ سے مجدی محمد فخری حسن نامی بچہ جاں بحق ہو گیا جبکہ شہر کے مغرب میں نمساوی کے علاقے میں فائرنگ سے ایک شہری زخمی ہوا اور اس کے جنوب میں الاقلیمی کے علاقے میں ایک اور بچہ زخمی ہو گیا۔غزہ شہر میں الشفاء میڈیکل کمپلیکس کے اطراف میں ایک رہائشی اپارٹمنٹ کواسرائیلی طیاروں کی جانب سے نشانہ بنائے جانے کے نتیجے میں ایک شہری اور اس کی اہلیہ شہید ہو گئے۔
یہ بھی پڑھئے: کنیڈا سےعلاحدگی کی تجویز البرٹا کے عوام نے اکثریت سے مسترد کردی
خان یونس میں اسرائیل فوج کی بختر بند گاڑیوں نے شہر کے شمال مشرق میں شارع صلاح الدین پر العبارہ اسٹریٹ کے پاس شدید فائرنگ کی جبکہ اس نے شہر کے مشرق اور جنوب میں عمارتوں کو دھماکوں سے تباہ کرنے کی ۲؍ بڑی کارروائیاںبھی کیں۔ اس کے ساتھ ساتھ جنوبی علاقوں کو نشانہ بنا کر گولہ باری کی گئی اور المواصی کے علاقے میں زبردست فائرنگ کی گئی۔
اسی طرح اسرائیلی فوج نے غزہ شہر کے شمال مشرق میں التفاح محلے کے مشرقی حصوں کو نشانہ بنایا جبکہ فوجی گاڑیوں سے شدید فائرنگ کا سلسلہ جاری رہا اور اس کی جنگی کشتیوں نے شہر کے سمندر میں زبردست فائرنگ کی۔
اسرائیلی فورسیز جنگ بندی معاہدے کی لگاتار خلاف ورزی کر رہی ہیں ۔ قطاع کے متفرق علاقوں میں بمباری، فائرنگ اور مکانات و تنصیبات کو دھماکوں سے تباہ کرنے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔