• Wed, 16 October, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

ایشیاکپ : آج پاکستان اور سری لنکا کے درمیان زبردست مقابلہ متوقع

Updated: September 14, 2023, 10:45 AM IST | Colombo

آج پاکستان اور سری لنکا کے مابین سیمی فائنل۔کامیاب ہونے والی ٹیم آسانی سے فائنل میں داخل ہوجائے گی۔ سری لنکا کوگھریلو میدان کا فائدہ

The opening batsmen of the Pakistan team will have to bat well. (Photo: PTI)
پاکستان کی ٹیم کے اوپنر بلے بازوں کو اچھی بلے بازی کرنی ہوگی ۔(تصویر:پی ٹی آئی )

زخمیوں سے نبرد آزما پاکستان اور سری لنکا، جو اپنے کچھ کھلاڑیوں کی حوصلہ افزا کارکردگی سے اعتماد حاصل کر رہا ہے، ایشیا کپ ایک روزہ کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میں جگہ بنانے کیلئے جمعرات کو یہاں آمنے سامنے ہوں گے۔ پاکستان اور سری لنکا دونوں کے دو دو پوائنٹس ہیں اور اس طرح جمعرات کو ہونے والا میچ ناک آؤٹ میچ بن گیا ہے جس میں جیتنے والی ٹیم ۱۷؍ ستمبر کو ہونے والے فائنل میں جگہ بنا لے گی۔
 ہندوستان نے منگل کو سپر فور کے میچ میں سری لنکا کو۴۱؍ رن سے شکست دے کر فائنل میں اپنی جگہ پہلے ہی پختہ کر لی ہے۔ روہت شرما کی قیادت والی ٹیم اس وقت ۴؍پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پر ہے۔ پاکستانی ٹیم زخمی کھلاڑیوں کے مسئلے سے دوچار ہے اور اس بات کا قوی امکان ہے کہ اس کے اہم  تیز گیندباز حارث رؤف اور نسیم شاہ سری لنکا کے خلاف میچ میں نہیں کھیل سکیں گے۔
 پاکستان نے ان دو کھلاڑیوں کے بیک اپ کے طور پر شاہنواز دہانی اور زمان خان کو ٹیم میں شامل کیا ہے۔۲۲؍سالہ زمان ۱۵۰؍ کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گیندبازی کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ پاکستان کی فکر صرف زخمی کھلاڑیوں کی نہیں ہے۔ اس کے بلے باز بھی اب تک ٹورنامنٹ میں توقعات کے مطابق کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کر سکے۔ ان کی ٹیم نے ملتان میں ایشیا کپ کے پہلے میچ میں نیپال کے خلاف ۶؍ وکٹ  پر۳۴۲؍ رن بنائے تھے لیکن اس کے بعد ان کے بلے باز بڑا اسکور بنانے میں جدوجہد کرتے رہے۔
 بلےبازی میں پاکستان کی ٹیم کا زیادہ تر انحصار دونوں اوپننگ بلے بازوں فخر زمان اور امام الحق اور کپتان بابر اعظم پر ہے۔ اگراسے سری لنکا کے خلاف جیت درج کرنی ہے تو محمد رضوان اور سلمان آغا جیسے بلے بازوں کو بھی کارآمد شراکت کرنا ہوگی۔ افتخار احمد نے نیپال کے خلاف سنچری بنا کر لمبے شاٹس کھیلنے کی اپنی صلاحیت کی اچھی مثال دی لیکن انہیں مضبوط ٹیموں کے خلاف اپنی کارکردگی میں تسلسل برقرار رکھنے کی ضرورت ہے۔
 سری لنکا ایسی ہی ایک مضبوط ٹیم ہے جو پاکستان کو سخت چیلنج دینے کیلئے تیار ہے۔ پاکستان نے لیگ مرحلے میں سری لنکا کو ۷؍ وکٹ سے شکست دی تھی لیکن جمعرات کو ہونے والے میچ میں ماضی کے نتائج سے زیادہ فرق نہیں پڑے گا۔ بنگلہ دیش کو شکست دینے اور ہندوستان کے سامنے سخت چیلنج پیش کرنے کے بعد سری لنکا نے دکھایا ہے کہ اس کی ٹیم اپنے چند اہم کھلاڑیوں کی عدم موجودگی کے باوجود اچھی کارکردگی پیش کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
 ٹورنامنٹ کے آغاز سے قبل سری لنکا کے اہم کھلاڑی وینندو ہسرنگا، دشمنتھا چمیرا اور لاہیرو کمارا انجری کے باعث باہر ہو گئے۔ اس کے بعد سری لنکا کو اپنی نوجوان ٹیم کو ٹورنامنٹ میں اتارنا پڑا۔ لیکن دونیتھ ویلالاگے، متھیشا پاتھیرانا اور مہیش ٹکشینا نے متاثر کن پرفارمنس دی اور ٹیم کو ٹائٹل کا دعویدار بنا دیا۔
 سری لنکا کی ٹیم اپنے تیز گیند بازوں بالخصوص کاسن راجیتا سے کارکردگی میں تسلسل چاہتی ہے۔ راجیتا نے اب تک ۴؍ میچوں میں اتنی ہی وکٹ  حاصل کئے ہیں لیکن تقریباً ۶؍ رن  فی اوور کی شرح سے رن دیئے ہیں۔ سری لنکا کے اسپنرس نے ہندوستان کے خلاف اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا اور ان کی ٹیم ان سے دوبارہ بہتر کارکردگی کی امید کرے گی۔ پچ بھی اسپنرس کی مدد کر رہی ہے اور ایسی صورتحال میں دونوں ٹیموں کے سلو بولرس کا کردار اہم ہو جائے گا۔

asia cup Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK