اسرائیلی حکام نے فلسطین کی خواتین کی قومی فٹبال ٹیم کی کھلاڑی رند حلوانی کو یروشلم میں پوچھ گچھ کے لیے طلب کرنے کے بعد ان کی حراست میں توسیع کر دی ہے۔
EPAPER
Updated: June 04, 2026, 12:03 PM IST | Jerusalem
اسرائیلی حکام نے فلسطین کی خواتین کی قومی فٹبال ٹیم کی کھلاڑی رند حلوانی کو یروشلم میں پوچھ گچھ کے لیے طلب کرنے کے بعد ان کی حراست میں توسیع کر دی ہے۔
اسرائیلی حکام نے فلسطین کی خواتین کی قومی فٹبال ٹیم کی کھلاڑی رند حلوانی کو یروشلم میں پوچھ گچھ کے لیے طلب کرنے کے بعد ان کی حراست میں توسیع کر دی ہے۔ فلسطینی فٹبال ایسوسی ایشن نے ۲۰؍ سالہ فٹبالر رند حلوانی اور ایک سابق قومی کھلاڑی کی گرفتاری اور حراست کو مروجہ بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی ہے۔
فلسطینی گورنریٹ برائے یروشلم کے مطابق، بدھ کے روز اسرائیلی عدالت نے رند حلوانی کی حراست میں جمعہ تک توسیع کرنے کا حکم دیا ہے۔ اسرائیلی فوج نے مقبوضہ مغربی کنارے سے فلسطین کی سابق قومی فٹبال کھلاڑی نتالی ابو دیہہ کو بھی گرفتار کر لیا، جو بیر زیٹ یونیورسٹی کی طالبہ ہیں۔ ان کے علاوہ مزید تین نوجوان فلسطینی خواتین کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔
اسرائیلی فوج نے اپنے ایک بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ ان چاروں خواتین پر ’’دہشت گردانہ سرگرمیوں کو فروغ دینے اور ان سے منسلک دیگر کارروائیوں‘‘ میں ملوث ہونے کا شبہ ہے۔یونیورسٹی اور چرچ کا ردعمل: بیر زیٹ یونیورسٹی نے ان گرفتاریوں کی مذمت کرتے ہوئے اسے فلسطینی تعلیم اور طلبہ کے تعلیمی سفر کو نشانہ بنانے کی اسرائیلی پالیسی کا حصہ قرار دیا ہے۔ دوسری طرف، ایوینجلینکل لوتھرن چرچ کے بشپ عماد حداد نے نتالی ابو دیہہ کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ’’ہم اس خبر سے شدید صدمے میں ہیں، اور خاندان کو اب تک یہ بھی نہیں بتایا گیا کہ نتالی کو کہاں لے جایا گیا ہے۔‘‘
یہ بھی پڑھئے:عامرخان کی تیسری شادی پر سُچتراکا ردِعمل: دوبارہ محبت کرنا ایک خوبصورت احساس ہے
فلسطینی فٹبال ایسوسی ایشن نے اپنے بیان میں واضح کیا ہے کہ’’رند حلوانی اور دیگر کھلاڑیوں کی گرفتاری کوئی الگ تھلگ واقعہ نہیں ہے، بلکہ یہ فلسطینی ایتھلیٹس اور کھلاڑیوں کو منظم طریقے سے نشانہ بنانے کے اس سلسلے کا حصہ ہے جو طویل عرصے سے بغیر کسی احتساب کے جاری ہے۔ ‘‘ واضح رہے کہ اس سے قبل دسمبر میں جنیوا میں بھی مظاہرین نے یورپی فٹبال ایسوسی ایشن کے ہیڈ کوارٹر کے باہر اسرائیل پر کھیلوں کی پابندی لگانے کے لیے احتجاج کیا تھا۔
یہ بھی پڑھئے:امریکی ہاؤس نے ایران کے خلاف فوجی کارروائی روکنے کی قرارداد منظور کرلی
اس وقت اسرائیلی جیلوں میں ۸۹؍ فلسطینی خواتین قید ہیں، جن میں تین نابالغ لڑکیاں اور تین حاملہ خواتین بھی شامل ہیں۔ مئی کے آخر میں جاری کردہ رپورٹ کے مطابق۹۴۰۰؍ سے زائد فلسطینی اسرائیل کی مختلف جیلوں میں قید ہیں، جن میں اسرائیل کے اندر رہنے والے فلسطینی شہری بھی شامل ہیں۔