Inquilab Logo

انگلینڈ کےخلاف فتح کےلئے آسٹریلیا کو ۶؍وکٹیں درکار

Updated: December 20, 2021, 1:38 PM IST | Agency | Adelaide

دوسرے ٹیسٹ میں مہمان ٹیم کی حالت نازک،۸۲؍کے اسکور پر۴؍وکٹیں گنوا دیں،۳۸۶؍رنوں کی مزید ضرورت،رچرڈسن نے ۲؍وکٹیں حاصل کیں

Joe Root.Picture:INN
جوروٹ ۔تصویر: آئی این این

: ایشیز سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ  میںآسٹریلیا نے اتوار کو یہاں ایڈیلیڈ میں دوسرے ڈے نائٹ  ٹیسٹ میچ میں جیت کیلئے ۴۶۸؍رنوں کا ہدف دینےکے بعد چوتھے دن کا کھیل ختم ہونے تک انگلینڈ کے ۴؍ بلے بازوں کو ۸۲؍ کے اسکور تک پویلین بھیج کر جیت کی جانب قدم بڑھا دئیے ہیں ۔آخری دن انگلینڈ کو جیت کیلئے۳۸۶؍رن بنانے ہیں جبکہ آسٹریلیا کو  جیت کیلئے ۶؍ وکٹیں حاصل کرنی ہیں ۔ 
واضح رہے کہ آسٹریلیا نے دوسری اننگز۹؍ وکٹ  پر ۲۳۰؍رنوں پر ڈکلیئرکر دی تھی۔ پہلی اننگز میں سنچری بنانے والے مارنس لابوشین اور ٹریوس ہیڈ ۵۱۔۵۱؍رن کے ساتھ نمایاںا سکورر رہے۔ کیمرون گرین نے ناقابل شکست ۳۳؍ رن بنائے، جس سے شام کے سیشن میں آسٹریلیا کو تیز رفتار رن بنانے میں مدد ملی۔ اس کے بعد آسٹریلیائی گیند بازوں نے شام کے وقت کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فلڈ لائٹس میں انگلینڈ کے ٹاپ آرڈر کو نشانہ بنایا۔جدوجہد کرنے والے انگلینڈ کے اوپنر حسیب حمید ایک بار پھر فلاپ رہے۔ وہ کھاتہ کھولے بغیر رچرڈسن کے پہلے ہی اوور میں وکٹ کیپر کے ہاتھوں کیچ  آؤٹ ہوئے۔ روری برنس (۳۴) اور ڈیوڈ ملان (۲۰) نے ۴۴؍  رنوں کی شراکت   نبھائی لیکن  ڈیوڈ ملان بھی زیادہ دیر کریز پر رک نہ  سکے اور تیز گیند باز مائیکل نیسر کی گیند پر ایل بی ڈبلیو  ہوگئے۔ ملان کا کیچ بھی ایک بار کپتان اسٹیو اسمتھ کے ہاتھوں چھوٹ گیا تھا۔برنس ایل بی ڈبلیو کا فیصلہ تبدیل کرانے میںکامیاب رہے ہوں لیکن وہ بھی جلدرچرڈسن کی گیند پرا سمتھ کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔ دن کے آخری اوور میں مشل اسٹارک نے انگلینڈ کے کپتان جو روٹ(۲۴) کو پویلین بھیج کر انگلینڈ کی کمر توڑ دی۔
اس سے قبل آسٹریلیا نے ایک وکٹ پر ۴۵؍ رنوں سے دن کا آغاز کیا۔ انگلینڈ نے کارگزار کپتان بین اسٹوکس کی موجودگی میں ابتدائی کامیابیاں حاصل کیں۔ آسٹریلیا نے ۳؍ گیندوں کے اندر ہی نائٹ واچ مین مائیکل نیسر اور مارکس ہیرس کی وکٹیں گنوا دیں۔ نیسر (۳) کو جیمز اینڈرسن نے بولڈ کیا جبکہ جوس بٹلر نے اسٹوارٹ براڈ کی گیند پر ہیرس (۲۳) کا شاندار کیچ لیا۔ بٹلر نے بریڈ کی اگلی گیند پر اسٹیو اسمتھ (۶) کا کیچ ڈراپ کیا۔ اس  ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا کی کپتانی کرنے والے اسمتھ لائف لائن کا فائدہ نہ اٹھا سکے اور اولی روبنسن کی گیند پر بٹلر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے جس  سے ٹیم کا اسکور ۴؍ وکٹوں پر ۵۵؍ رن ہو گیا۔
لابوشین ​​اور ہیڈ نے دوسری اننگز میں ٹیم کے اسکور کو ۴؍ وکٹوں پر۱۳۴؍ تک پہنچا کر مجموعی برتری کو۳۷۱؍رن کردیا۔  بریک  کے بعد ہیڈ اور لابوشین نے نصف سنچریاں بنانے کے بعد جلد ہی بڑے شاٹس کھیلنے کی کوشش میں آؤٹ ہو گئے۔ روٹ نے ایلکس کیری (۶) اور مشل اسٹارک (۱۹) کو اپنی آف اسپن سے آؤٹ کیا۔ اسمتھ نے رچرڈسن (۸) کے آؤٹ ہونے کے بعد دوسری اننگز ڈکلیئر کرنے کا فیصلہ کیا۔

joe root Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK