خواتین کے سنگلز کے فائنل میں روس کی کھلاڑی اناستاسیا پاؤلیوچینکوواکو شکست دے کر پہلی بار کسی گرینڈ سلیم کا خطاب اپنے نام کیا۔ چیک کھلاڑی نے ۳؍سیٹوں میں روسی کھلاڑی کو زیر کردیا
سنیچر کی رات فرینچ اوپن کے خواتین کے زمرے کے سنگلز کے فائنل میں روس کی اناستاسیا پاؤلیوچینکووا اور چیک جمہوریہ کی ٹینس اسٹار باربورا کریجسیکووا کے درمیان زبردست مقابلہ آرائی ہوئی اور میچ کا فیصلہ تیسرے سیٹ میں ہوا۔ دونوں نے کامیابی کیلئے ایڑی چوٹی کا زور لگا دیا تھا لیکن فتح چیک جمہوریہ کی کھلاڑی باربورا کو ملی ۔ انہوںنے اپنے پہلے گرینڈ سلیم فائنل میں روس کی کھلاڑی کو ۱۔۶، ۶۔۲، ۴۔۶؍ سے شکست دے کر فرینچ اوپن کی نئی چمپئن بننے کا اعزاز حاصل کرلیا۔ میچ جیتنے کے بعدجذباتی باربورا نے کہا’’میں بہت خوش ہوں ۔ ‘‘ خیال رہے کہ انہیں ڈبلز کے فائنل میں اتوارکو بھی مقابلہ کرنا ہے اور ان کے پاس خواتین کے ڈبلز میں بھی خطاب جیتنے کا موقع ہے۔ ۱۹۸۱ء میں چیک کھلاڑی حنا مینڈولیکووا نے خواتین کا سنگلز خطاب جیتا تھا اور اس کے بعد چیک جمہوریہ کی باربورا نے یہ خطاب جیتا ہے۔
میچ کے پہلے سیٹ میں چیک جمہوریہ کی کھلاڑی باربورا حاوی رہیں اور انہوںنے روسی کھلاڑی کو زیادہ مواقع نہیں دیئے۔ باربورا نے یہ سیٹ ایک۔۶؍ سے جیت لیاتھا۔
پہلے سیٹ میں زبردست کامیابی کے بعد ایسا لگ رہا تھا کہ باربورا دوسرا سیٹ بھی آسانی سے جیت کر خطاب پر قابض ہوجائیں گی لیکن ایسا نہیں ہوا اور روس کی اناستاسیا نے مقابلے میں واپسی کرتے ہوئے حریف کھلاڑی کو جیتنے کا موقع نہیں دیا۔ دوسرے سیٹ میں روسی کھلاڑی نے جوابی حملہ کیا اور ۲۔۶؍ سے سیٹ جیت کر چیک جمہوریہ کی کھلاڑی کو زبردست چیلنج دیا۔ دونوں نے ۲؍ سیٹ میں ایک ایک سیٹ جیت کر میچ کے فائنل کو تیسرے سیٹ میں پہنچادیا ۔
تیسرے سیٹ میں بھی روسی اور چیک جمہوریہ کی کھلاڑی کے درمیان میں زبردست مقابلہ آرائی دیکھنے کو ملی۔ کبھی باربورا آگے ہوتیں تو کبھی اناستاسیا ۔ جب باربورا کا اسکور ۳۔۵؍ تھا جو اناستاسیا نے مقابلہ کرتے ہوئے اسکور ۴۔۵؍ کر دیا۔لیکن تیسرے سیٹ میں باربورا نے ۴۔۶؍ سے کامیابی حاصل کرلی۔ خیال رہے کہ روس کی کھلاڑی اناستاسیا ۵۲؍کوششوں کے بعد پہلی بار کسی گرینڈ سلیم کے فائنل میں پہنچی تھیں اور انہیں باربورا سے مقابلہ کرنا پڑرہا تھا۔