• Sat, 31 January, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

آسٹریلین اوپن :الکاراز اور جوکووچ کے درمیان بادشاہت کی جنگ

Updated: January 30, 2026, 10:12 PM IST | Melbourne

اتوار کو فائنل میں الکاراز کا مقابلہ دس مرتبہ کے چیمپئن نوواک جوکووچ سے ہوگا، جنہوں نے دوسرے سیمی فائنل میں دوسری سیڈ یانک سنر کو پانچ سیٹ کے سنسنی خیز مقابلے میں۶۔۳، ۳۔۶، ۶۔۴، ۴۔۶، ۴۔۶؍ سے ہرایا۔

Novak Djokovic.Photo:INN
نوواک جوکووچ۔ تصویر:آئی این این

کارلوس الکاراز جمعہ کی دوپہر ڈرامائی انداز میں اپنے پہلے آسٹریلین اوپن فائنل میں پہنچ گئے۔ انہوں نے جسمانی مسائل پر قابو پاتے ہوئے اور شکست کے دہانے سے شاندار واپسی کرتے ہوئے الیگزینڈر زیوریو کو ایک طویل سیمی فائنل میں  شکست دی۔ اتوار کو فائنل میں الکاراز کا مقابلہ دس مرتبہ کے چیمپئن نوواک جوکووچ سے ہوگا، جنہوں نے دوسرے سیمی فائنل میں دوسری سیڈ یانک سنر کو پانچ سیٹ کے سنسنی خیز مقابلے میں۶۔۳، ۳۔۶، ۶۔۴، ۴۔۶، ۴۔۶؍ سے ہرایا۔


چوتھی سیڈ نوواک جوکووچ نے ایک بار پھر آسٹریلین اوپن میں وقت کو پیچھے چھوڑ دیا۔ انہوں نے سینر کے خلاف پانچ میچوں پر مشتمل شکست کا سلسلہ توڑتے ہوئے شاندار پانچ سیٹ کے مقابلے میں فتح حاصل کی اور ریکارڈ ۲۵؍ ویں گرینڈ سلیم خطاب اور میلبورن میں۱۱؍ویں ٹائٹل سے محض ایک جیت دور رہ گئے۔
پہلا سیٹ ہارنے اور پھر دو سیٹ کے مقابلے ایک سیٹ سے پیچھے ہونے کے بعد، جوکووچ کے لیے حال ہی میں پیش آنے والی جانی پہچانی کہانی کے دہرائے جانے کا خطرہ تھا، کیونکہ وہ  ۲۰۲۵ء میں چاروں میجرز کے سیمی فائنلز ہار چکے تھے۔ تاہم اس بار ۳۸؍ سالہ سربیائی اسٹار نے ہمت نہیں ہاری۔ راڈ لیور ایرینا میں روشنیوں کے نیچے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے انہوں نے خود کو میچ میں واپس کھینچا اور دفاعی چیمپئن سنر کو شکست دے دی۔
یہ۲۰۲۴ء رولاں گیروس کے بعد جوکووچ کا پہلا پانچ سیٹ میچ تھا، جب انہوں نے فرانسسکو سیرونڈولو کو ہرایا تھا۔ اتوار کے فائنل میں جوکووچ کا مقابلہ اپنے بڑے حریف کارلوس الکاراز سے ہوگا، جنہوں نے زیوریو کے خلاف پانچ گھنٹے ۲۷؍ منٹ طویل میچ جیت کر میلبورن میں اپنے پہلے چیمپئن شپ مقابلے میں جگہ بنائی-جو ٹورنامنٹ کی تاریخ کا سب سے طویل سیمی فائنل تھا۔ جوکووچ نے ۲۰۲۳ء یو ایس اوپن کے بعد کوئی میجر ٹرافی نہیں جیتی، جبکہ سنر اور الکاراز کے غلبے نے اس وقفے کو مزید نمایاں کیا ہے، دونوں نے مل کر گزشتہ ۸؍ میجر ٹائٹلز تقسیم کیے ہیں۔ تاہم جمعہ کو جوکووچ نے اس رجحان کو توڑتے ہوئے سینر کو فائنل میں پہنچنے سے روکا۔
اتوار کے فائنل میں جوکووچ الکاراز کے خلاف ہیڈ ٹو ہیڈ میں ۴۔۵؍ کی معمولی برتری کے ساتھ اتریں گے۔ بارہ ماہ قبل میلبورن میں کوارٹر فائنل میں انہوں نے اسپین کے اسٹار کو شکست دی تھی۔ سنر کے خلاف جارحانہ اور پراعتماد کارکردگی کے بعد، اور نسبتاً کم کورٹ ٹائم گزارنے کے باعث، جوکووچ ٹائٹل میچ میں زیادہ تازہ دکھائی دیں گے۔
اے ٹی پی رینکنگ کے نمبر ایک، الکاراز نے عالمی نمبر تین کو شکست دی۔  دائیں پیر کے اوپری حصے میں تکلیف کے باوجود انہوں نے فیصلہ کن سیٹ میں ۳۔۵؍ سے پیچھے ہونے کے بعد زبردست واپسی کی اور میلبورن میں اپنا پہلا فائنل یقینی بنایا۔

یہ بھی پڑھئے:ریٹائرمنٹ کا کوئی ارادہ نہیں : پریہ درشن، بھوت پولیس۲‘ کی ہدایتکاری کریں گے

میچ کے بعد الکاراز نے کہا کہ ’’ہمیشہ خود پر یقین رکھنا ضروری ہے۔ مشکل حالات میں بھی اپنے آپ پر بھروسہ رکھیں۔ جسمانی طور پر یہ میرے کیریئر کے مشکل ترین میچوں میں سے ایک تھا۔‘‘ اس فتح کے ساتھ الکاراز کیریئر گرینڈ سلیم مکمل کرنے والے سب سے کم عمر کھلاڑی بننے سے صرف ایک جیت دور ہیں۔ اگر وہ اتوار کو جوکووچ کو ہرا دیتے ہیں تو یہ ریکارڈ اپنے ہم وطن رافیل ندال سے چھین لیں گے۔

یہ بھی پڑھئے:آسٹریلین اوپن: الکاراز کے میڈیکل ٹائم آؤٹ پر زیوریو برہم

الکاراز، جنہوں نے میلبورن میں اپنے ابتدائی پانچ میچوں میں ایک بھی سیٹ نہیں گنوایا تھا، زیوریو کے خلاف دو سیٹ کی برتری کے بعد بھی آزمائش سے گزرے۔ تیسرے سیٹ کے دوران انجری کے باعث رفتار کم ہوئی، مگر فیصلہ کن لمحات میں انہوں نے مسلسل چار گیم جیت کر ناقابلِ یقین واپسی مکمل کی اور چاروں گرینڈ سلیم فائنلز میں پہنچنے والے سب سے کم عمر کھلاڑی بن گئے۔  

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK