Inquilab Logo

آج ممبئی اور گجرات کے درمیان فائنل کیلئے جنگ

Updated: May 26, 2023, 1:54 PM IST | Ahmedabad

گجرات کی ٹیم پہلے کوالیفائر کی غلطیوں سے سیکھنا چاہے گی جبکہ ممبئی انڈینس کی ٹیم فائنل کا ٹکٹ حاصل کرنے کی پُرزور کوشش کرےگی

Mumbai Indians captain Rohit Sharma (right) will face the challenge of defeating Hardik Pandya`s team.
ممبئی انڈینس کے کپتان روہت شرما(دائیں) کے سامنے ہاردک پانڈیا کی ٹیم کو ہرانے کا چیلنج ہوگا۔

ہاردک پانڈیا کی گجرات ٹائٹنز کا مقصد انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) کے دوسرے کوالیفائر میں جمعہ کو ممبئی انڈینس سے مقابلہ کرتے ہوئے پہلے کوالیفائر کی غلطیوں سے سبق سیکھ کر فائنل میں جگہ بنانا ہے۔دوسری طرف روہت شرما کی ممبئی انڈینس، ایلیمینیٹر میں لکھنؤ سپر جائنٹز کو ۸۱؍رنوں سے شکست دینے کے بعد پُراعتماد نظرآرہی ہے  اور وہ گجرات کو شکست دے کر ریکارڈ چھٹے ٹائٹل کی طرف   گامزن ہے۔ 
 گجرات کی ٹیم پہلے کوالیفائر میں بھلے ہی چنئی کو ہرانے  میں  کامیاب نہ ہوسکی لیکن نریندر مودی اسٹیڈیم میں انہیں ہرانا آسان نہیں ہوگا۔  ہاردک پانڈیا کے کھلاڑیوں نے اس گراؤنڈ پر ۸؍ میں سے ۵؍ میچ جیتے ہیں جس میں ۲۵؍اپریل کو ممبئی کے خلاف جیت بھی شامل ہے۔ آمنے سامنے کے میچوں میں گجرات نے ممبئی کو ۲؍ بار شکست دی ہے جبکہ روہت کی ٹیم ایک بار جیتی  ہے۔
 اس گراؤنڈ پر گجرات کے اوپنر شبھمن گل کا ریکارڈ بھی شاندار ہے۔ انہوں نے یہاں ۱۰؍اننگز میں۵۰۱؍ رن بنائے ہیں جس میں ایک سنچری اور ۲؍ نصف سنچریاں شامل ہیں۔ اس کے علاوہ گجرات کے معروف تیز گیند باز محمد سمیع نے بھی اس گراؤنڈ پر ۱۱؍میچوں میں ۱۸؍وکٹیں حاصل کی ہیں اور ان کی بہترین آئی پی ایل کارکردگی (دہلی کیپٹلز، ۱۱؍ رن، ۴؍ وکٹ) بھی ہوم گراؤنڈ پر آئی ہے۔ ان ۲؍ باصلاحیت ہندوستانیوں کے علاوہ، گجرات  میں ایسے میچ ونر بھی ہیں  جو موقع ملنے پر ممبئی کا فائنل میں پہنچنے کا خواب چکنا چور کر سکتے ہیں۔
 اس کے برعکس ممبئی  بھلے ہی اس سیزن میں نسبتاً نئی ٹیم کے ساتھ میدان میں اتری ہو لیکن روہت  شرما کی کپتانی نے ان کیلئے چیزیں آسان کر دی ہیں۔ جسپریت بمراہ کی غیر موجودگی میں اتراکھنڈ کے آکاش مدھوال نے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا ہے، جبکہ آسٹریلیا کے نوجوان کھلاڑی کیمرون گرین  ٹاپ آرڈر میں سنچریاں بنانے کے ساتھ ساتھ میچ فنشر بھی  ہیں ۔ اگر سوریہ کمار یادو کو اپنے پورے رنگ میں دیکھا جائے تو وہ اکیلے ہی گجرات کے گیند بازوں پر بھاری پڑ سکتے ہیں۔
 گجرات تاہم ممبئی کی معمولی کمزوریوں کا فائدہ اٹھاتے ہوئے مسلسل دوسری بار فائنل میں پہنچنے کیلئے بے تاب ہوگی۔ ہاردکپانڈیا نریندر مودی اسٹیڈیم میں ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنا چاہیں گے۔ اس کی سب سے بڑی وجہ یہ ہوگی کہ ممبئی ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے اس گراؤنڈ پر کبھی جیت نہیں پائی ہے۔ ممبئی بھی روہت کی کپتانی اور نوجوان صلاحیتوں کی بنیاد پر فائنل میں پہنچ کر روایتی حریف چنئی سپر کنگز سے مقابلہ کرنا چاہے گی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK