Inquilab Logo Happiest Places to Work

چنئی سپر کنگز کی شکست، سن رائزرز حیدرآباد اور گجرات ٹائٹنز پلے آف میں پہنچ گئے

Updated: May 19, 2026, 3:58 PM IST | New Delhi

سن رائزرز حیدرآباد نے آئی پی ایل ۲۰۲۶ء کے ۶۳؍ویں میچ میں چنئی سپر کنگز کو چھ گیندیں باقی رہتے پانچ وکٹوں سے شکست دے کر پلے آف میں جگہ بنا لی۔

Sunrisers Player.Photo:X
سن رائزس حیدرآباد۔ تصویر:ایکس

ایشان کشن (۷۰؍رن) اور ہینرک کلاسن (۴۷؍ رن) کی شاندار بیٹنگ کی بدولت سن رائزرز حیدرآباد نے پیر کے روز آئی پی ایل ۲۰۲۶ء کے  ۶۳؍ویں میچ میں چنئی سپر کنگز کو چھ گیندیں باقی رہتے پانچ وکٹوں سے شکست دے کر پلے آف میں جگہ بنا لی۔ اس کے ساتھ ہی گجرات ٹائٹنز بھی پلے آف میں پہنچ گئی ہے۔ 
ایشان کشن اور کلاسن نے سست پچ پر ذمہ دارانہ اور میچ جتانے والی اننگز کھیلیں، جس کے نتیجے میں ٹیم کو نہ صرف فتح ملی بلکہ پلے آف میں بھی رسائی ہوئی۔ دوسری جانب گجرات ٹائٹنز بھی اب پلے آف میں پہنچ چکی ہے۔ چنئی سپر کنگز اب زیادہ سے زیادہ ۱۴؍ پوائنٹس تک پہنچ سکتی ہے اور پلے آف میں رسائی کے لیے اسے دیگر ٹیموں کے نتائج پر انحصار کرنا ہوگا۔  
۱۸۱؍ رنز کے ہدف کا تعاقب کرنے اتری سن رائزرز حیدرآباد کی شروعات اچھی نہیں رہی اور اس نے تیسرے اوور میں ٹریوس ہیڈ (۶؍رن) کا وکٹ گنوا دیا۔ اس کے بعد ایشان کشن نے ابھیشیک شرما کے ساتھ ۳۸؍ رنز کی شراکت قائم کی۔ آٹھویں اوور میں عقیل حسین نے ابھیشیک شرما (۲۱؍رن) کو آؤٹ کر کے یہ شراکت توڑ دی۔ 
 کلاسن اور ایشان کشن نے تیسرے وکٹ کے لیے ۷۵؍  رنز کی شراکت کی۔ ۱۵؍ویں اوور میں نور احمد نے کلاسن کو آؤٹ کیا۔ کلاسن نے ۲۶؍ گیندوں پر چھ چوکے اور دو چھکوں کی مدد سے۴۷؍ رنز بنائے۔ ۱۸؍ ویں اوور کی پہلی گیند پر مکیش چودھری نے نتیش کمار ریڈی (۱۱) کو باؤنڈری پر کیچ آؤٹ کرا دیا۔۱۹؍ویں اوور میں انشُل کمبوج نے ایشان کشن کو آؤٹ کیا۔ ایشان نے ۴۷؍ گیندوں پر سات چوکے اور تین چھکوں کی مدد سے ۷۰؍ رنز کی اننگز کھیلی۔ 
آر اسمرن نے ۱۹؍ویں اوور کی آخری گیند پر چوکا لگا کر سن رائزرز حیدرآباد کو پلے آف میں پہنچا دیا۔ سلیل اروڑہ نے پانچ گیندوں پر ناٹ آؤٹ ۱۰؍ رنز بنائے جبکہ آر اسمرن دو گیندوں پر پانچ رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔  چنئی سپر کنگز کی جانب سے مکیش چودھری نے دو وکٹیں حاصل کیں، جبکہ انشول کمبوج، نور احمد اور عقیل حسین نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ 

یہ بھی پڑھئے:کیو ایس رینکنگ ۲۰۲۶ء: آئی آئی ٹی بہترین یونیورسٹیوں میں شامل


اس سے قبل چنئی سپر کنگز نے ڈیوالڈ بریوس (۴۴؍رن) اور کارتک شرما (۳۲؍رن) کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت سن رائزرز حیدرآباد کے خلاف سات وکٹوں پر ۱۸۰؍ رنز کا مسابقتی اسکور بنایا۔  چنئی سپر کنگز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، لیکن پیٹ کمنز نے ابتدائی جھٹکے دیے۔ تیسرے اوور میں کمنز نے سنجو سیمسن کو آؤٹ کر کے حیدرآباد کو پہلی کامیابی دلائی۔ سنجو سیمسن نے۱۳؍ گیندوں پر پانچ چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے۲۷؍ رنز بنائے۔ 
پانچویں اوور میں ثاقب حسین نے اُروِل پٹیل (۱۳؍ رن) کو آؤٹ کیا، جنہوں نے آٹھ گیندوں پر دو چھکے لگائے تھے۔ دسویں اوور میں پیٹ کمنز نے کارتک شرما کو آؤٹ کیا۔ کارتک نے ۱۹؍ گیندوں پر تین چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے ۳۲؍ رنز بنائے۔ کپتان رتوراج گائیکواڑ (۱۵؍رن) کو بھی کمنز نے پویلین بھیج دیا۔ 

یہ بھی پڑھئے:سرخیوں میں رہنے کے لیے اداکارکچھ بھی کر رہے ہیں ، کام سے پہچان بنائیں: میناکشی


بعد ازاں ڈیوالڈ بریوس اور شیوَم دوبے نے پانچویں وکٹ کے لیے۵۹؍ رنز کی شراکت قائم کی۔ ۱۸؍ویں اوور میں ایشان ملنگا نے بریوس کو بولڈ کیا۔ بریوس نے ۲۷؍ گیندوں پر دو چوکے اور چار چھکوں کی مدد سے۴۴؍ رنز بنائے۔ ۱۹؍ویں اوور میں ثاقب حسین نے شیوَم دوبے (۲۶؍رن) کو آؤٹ کیا، جنہوں نے ۲۳؍گیندوں پر تین چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ مقررہ ۲۰؍ اوورز میں چنئی سپر کنگز نے سات وکٹوں پر ۱۸۰؍ رنز بنائے۔ آخری گیند پر پرشانت ویر (۱۱؍رن) کو پرفل ہنگے نے اپنی ہی گیند پر کیچ آؤٹ کیا، جبکہ عقیل حسین تین رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔  سن رائزرز حیدرآباد کی جانب سے پیٹ کمنز نے تین وکٹیں حاصل کیں، ثاقب حسین نے دو جبکہ پرفل ہنگے نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK