Inquilab Logo

چنئی سپرکنگز نے آئی پی ایل میں خطاب کا ’چوکا ‘لگایا

Updated: October 17, 2021, 7:22 AM IST | Dubai

۱۴؍ویںایڈیشن کے فائنل میں دھونی کی ٹیم نے کولکاتا نائٹ رائیڈرس کو ۲۷؍رن سے شکست دے دی۔ فاف کی شاندار نصف سنچری

The players of Chennai Super Kings, who won the IPL title, are celebrating the victory.
آئی پی ایل ۲۰۲۱ء کا خطاب جیتنے والی چنئی سپرکنگز کے کھلاڑی فتح کا جشن منارہے ہیں

: سلامی بلے باز فاف ڈو پلیسس (۸۶؍ رن) کی بہترین نصف سنچری اور روبن اتھپا (۳۱؍رن) اور معین علی (ناٹ آؤٹ۳۷؍رن) کی جارحانہ اننگز سے چنئی سپر کنگز نے کولکاتا نائٹ رائیڈرس کو جمعہ کی رات ۲۷؍ رن سے شکست دے کرچوتھی بار آئی پی ایل چمپئن بننے کا اعزاز حاصل کرلیا۔
 چنئی نے فائنل میں۲۰؍ اوور میں ۳؍ وکٹ پر۱۹۲؍ رن کا مضبوط اسکور بنایا اور کولکاتا کو ۹۱؍رن کی شاندار اوپننگ شراکت  کے باوجود ۹؍وکٹ پر۱۶۵؍رن پر روک دیا۔ کولکاتا کو اس طرح پہلی بار فائنل میں ہار کا سامنا کرنا پڑا۔ چنئی نے اس سے قبل۲۰۱۰ء، ۲۰۱۱ء اور۲۰۱۸ء میں خطاب جیتا تھا۔
  چنئی پچھلی بار پلےآف کی ریس سے باہر ہونے والی پہلی ٹیم بنی تھی لیکن تب کپتان دھونی نے اس سال واپسی کا وعدہ کیا تھا اور اس وعدے کو انہوں نے پورا کرکے دکھا دیا۔ ڈو پلیسس نے  اننگز کے آغاز میں وکٹ کیپر دنیش کارتک کے اسٹمپنگ کے چوکنے  سے ملنے والے موقع کا  بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے۵۹؍ گیندوں پر ۷؍  چوکوں اور۳؍ چھکوں کی مدد سے۸۶؍رن کی شاندار اننگز کھیلی۔ ڈو پلیسس  اننگز کے آخری اوور میں شیوم ماوی کی آخری گیند پر آؤٹ ہوئے۔ انہوں نے  ریتوراج گائیکواڈ کے ساتھ ابتدائی شراکت میں۶۱؍ رن جوڑے۔
  گائیکواڈ اس  ٹورنامنٹ میں۶۳۵؍رن  بنا کر ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ رن بنانے والے کھلاڑی بن گئے ہیں اور ان کے سر اورینج کیپ سج  گئی  ہے۔ گائیکواڈ نے۲۷؍  گیندوں پر۳۲؍ رن میں ۳؍ چوکے اور ایک چھکا لگایا۔
 اتھپا نے  گائیکواڈ کے پویلین لوٹنے کے بعد محض۱۵؍ گیندوں پر۳؍ چھکے  لگاتے ہوئے   ۳۱؍ رن بنائے۔ اتھپا ریورس سویپ مارنے کی کوشش کرتے ہوئے سنیل نارائن کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔ ڈو پلیسس اور اتھپا نے دوسرے   وکٹ کیلئے ۶۳؍رن کی زبردست شراکت کی۔ اتھپا کے آؤٹ ہونے کے بعد ڈو  پلیسس کو معین علی کی صورت میں اچھا جوڑی دار مل گیا۔ علی نے محض  ۲۰؍گیندوں پر  اپنے ناٹ آؤٹ۳۷؍ رن میں ۲؍ چوکے اور ۳؍ چھکے لگائے۔ ڈو پلیسس اور علی نے تیسرے وکٹ کے لیے۶۸؍رن کی شراکت کی اور ٹیم کو۱۹۲؍ رن  کے مضبوط اسکور تک  پہنچادیا۔ کولکاتا کی جانب سے نارائن  ۴؍ اوورس میں۲۶؍ رن دے کر۲؍ وکٹ لے کر سب سے کامیاب گیند باز رہے  جبکہ ماوی نے۳۲؍ رن کے عوض ایک وکٹ لیا۔ لوکی  فرگیوسن ۴؍ اوورس میں۵۶؍ رن  دے کر بہت مہنگے ثابت ہوئے۔
 ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے کولکاتا نے اچھی شروعات کی اور ابتدائی شراکت میں ۱۰ء۴؍ اوورس میں۹۱؍ رن کا اضافہ کیا لیکن اس شراکت کے ٹوٹنے کے بعد کولکاتا کی اننگز بکھیرنے میں زیادہ وقت نہیں لگا۔ وینکٹیش ایّر ۳۲؍ گیندوں پر ۵؍ چوکوں اور ۳؍ چھکوں کی مدد سے۵۰؍ رن بنانے کے بعد شاردُل ٹھاکر کا شکار بنے۔ ان کے آؤٹ ہونے کے بعد ۲؍ رن   نتیش رانا کو   ٹھاکر نے اپنا اگلا شکار بنایا۔ سنیل نارائن ۲؍ رن بنا کر  جوش ہیزل ووڈ کی گیند پر رویندر جڈیجا کے  ہاتھوں کیچ  ہو گئے۔ گل نے۴۳؍ گیندوں پر ۶؍ چوکوں کی مدد سے۵۱؍ رن بناکر  دیپک چہر کی گیند پرایل بی ڈبلیو ہوئے۔ گل ٹیم کے اسکور۱۰۸؍رن پر آؤٹ ہوئے۔ دنیش کارتک نے آتے ہی پہلی گیند پر چھکا لگا یا۔ لیکن کارتک ۷؍ گیندوں میں ۹؍ رن بنانے کے بعد جڈیجا  کا شکار بن گئے۔ شکیب الحسن کا کھاتہ نہیں کھل سکا اور جڈیجا نے انہیں ایل بی ڈبلیو کردیا۔ زخمی راہل ترپاٹھی ۲؍ رن  بناکر  ٹھاکر کی گیند پر معین علی کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔
 کپتان ایون مورگن کاناقص فارم جاری رہا اور  وہ جوش ہیزل ووڈ کا شکار ہوئے۔ لوکی فرگیوسن اور شیوم ماوی نے آخری اوور میں دھواں دھار بلے بازی کی لیکن رن بچ گئے تھے اور  کولکاتا کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ماوی اننگز کے آخری اوور کی ۵؍ویں گیند پر ڈیون براوو کی گیند پر دیپک چہر کے ہاتھوں باؤنڈری پر کیچ ہوئے۔ ماوی نے ۱۳؍ گیندوں پر اپنے۲۰؍میں ایک چوکا اور۲؍چھکے لگائے جبکہ فرگیوسن نے۱۱؍ گیندوں پر۱۸؍رن کی ناٹ آؤٹ  اننگز میں ایک چوکا اور ایک چھکا لگایا۔
 دھونی نے اپنی کپتانی میں اپنے۳۰۰؍ ویں ٹی۲۰؍ میچ میں چوتھی بار آئی پی ایل خطاب  جیتا۔ چنئی کی جانب سے شاردُل ٹھاکر نے۳۸؍ رن دے کر۳؍ جبکہ ہیزل ووڈ اور جڈیجا نے ۲۔۲؍ وکٹ لئے۔ چہر اور براوو نے ایک ایک وکٹ  لیا۔

ipl 2021 Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK