Inquilab Logo

مسلسل ملنے والی شکست کو روکنے کیلئے چنئی سپرکنگز، حیدرآباد کیخلاف کامیابی کیلئے کوشاں

Updated: April 28, 2024, 12:09 PM IST | Agency | Chennai

آئی پی ایل میں دفاعی چمپئن چنئی سپرکنگز کا مقابلہ سن رائزرس حیدرآباد سے ہوگا۔ دونوں ٹیموں کو پچھلے میچ میں شکست کا منہ دیکھنا پڑا تھا۔

Photo: INN
تصویر : آئی این این

 لگاتار شکستوں کا سامنا کرتے ہوئے دفاعی چمپئن چنئی سپر کنگز (سی ایس کے) اتوار کو یہاں منعقد ہونے والے انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) کے میچ میں طاقتور سن رائزرس حیدرآباد کے خلاف کامیابی حاصل کرنے کیلئے بے چین ہوگا۔ سی ایس کے جس نے نئے کپتان رتوراج گائیکواڑ کی قیادت میں سیزن کی اچھی شروعات کی تھی، گزشتہ ۲؍ میچوں میں لکھنؤ سپر جائنٹس کے ہاتھوں دو بار شکست کھا چکی ہے۔ 
 سی ایس کے کو اپنے ہی گراؤنڈ، چیپاک اسٹیڈیم میں ہارتے دیکھنا بہت کم ہوتا ہے، لیکن مارکس اسٹوئنس کی شاندار سنچری کی بدولت لکھنؤ سپر جائنٹس نے آسانی سے۲۱۰؍رن کا ہدف حاصل کر لیا۔ سی ایس کے ۸؍ میچوں میں ۴؍ جیت اور اتنی ہی ہار کے ساتھ ٹیبل پر پانچویں نمبر پر ہے۔ دہلی کیپٹلس اور گجرات ٹائٹنس کے بھی ۸؍ پوائنٹس ہیں۔ لہٰذا، سی ایس کے اپے فارم میں واپس آنے کیلئے بے چین ہو گا کیونکہ اب پلے آف کی دوڑ تیز ہو جائے گی۔ 
 سی ایس کے کا اتوار کو تیسرے نمبر پر موجود سن رائزرس حیدرآباد سے مقابلہ ہوگا جس نے اس سیزن میں دو مرتبہ آئی پی ایل کا سب سے زیادہ اسکور کا ریکارڈ توڑا ہےلیکن اسے آخری میچ میں شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔ سی ایس کے کی بلے بازی کپتان گائیکواڑ اور ان فارم شیوم دوبے کے گرد گھومتی ہے۔ گائیکواڑ نے اس سیزن میں اپنی دوسری آئی پی ایل سنچری بنائی اور دوبے نے ایک اور نصف سنچری سے بھی متاثر کیا۔ 
 رویندر جڈیجا نے بھی بلے سے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے لیکن ٹاپ آرڈر سے متضاد کارکردگی ٹیم کیلئے ایک مسئلہ ہے۔ راچن رویندر اور ڈیرل مشیل رن نہیں بنا سکے جو تشویشناک ہے۔ اس کی وجہ سے سی ایس کے کو اپنے بیٹنگ آرڈر میں ردوبدل کرنا پڑا۔ بولنگ کی بات کریں تو لکھنؤ سپر جائنٹس کے خلاف ٹیم کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور چیپاک میں پڑنے والی اوس نے اپنے اسپنرس کو بے اثر کر دیا جس کی وجہ سے مہمان ٹیم کو۲۱۳؍ رن کا ہدف ملا۔ لکھنؤ کی ٹیم کے لئے تیز گیند بازوں نے ۴؍ وکٹ حاصل کئے لیکن اسپنرس کو جدوجہد کرتے ہوئے دیکھا گیا اور خراب فیلڈنگ نے ان کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔ 
 سن رائزرس حیدرآباد کے بارے میں بات کریں تو یہ پراعتماد ٹیم کو جمعرات کو رائل چیلنجرز بنگلور (آر سی بی ) کے خلاف گھر پر سیزن کی تیسری شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ تاہم، اس سے ان کے بلے بازوں کے فارم میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی اور وہ سی ایس کے کے خلاف ملنے والے ہر موقع کا فائدہ اٹھانا چاہیں گے۔ سن رائزرس حیدرآباد کا ٹاپ اور مڈل آرڈر آر سی بی کے خلاف تعاقب میں ناکام رہا اور ہیڈ کوچ ڈینیئل ویٹوری کو یہ تسلیم کرنے پر مجبور ہونا پڑا کہ دوسری اننگز میں بلے بازی کرنا شاید دانشمندانہ نہ ہو۔ مہمان ٹیم کے بیٹنگ آرڈر میں کسی تبدیلی کا کوئی امکان نہیں لیکن ایڈن مارکرم کو رن بنانے کی ضرورت ہے، وہ پچھلے ۲؍ میچوں میں ایک ہی نمبر پر آؤٹ ہو چکے ہیں۔ 
 بولنگ میں سینئر فاسٹ بولر بھونیشور کمار گزشتہ ۳؍ میچوں میں صرف ایک وکٹ لینے میں کامیاب رہے ہیں۔ عمران ملک، فضل الحق فاروقی اور آکاش سنگھ جیسے کھلاڑی کھیلنے کے منتظر ہیں، سن رائزرس حیدرآباد انہیں موقع دینے کے بارے میں سوچ سکتے ہیں، خاص طور پر جموں کے تیز گیند باز کے پاس ۱۵۰؍ کلومیٹر فی گھنٹہ سے زیادہ کی رفتار سے گیند کرنے کی صلاحیت ہے۔ 
  چنئی سپر کنگز: راچن رویندر، رتوراج گائیکواڑ (کپتان)، ڈیرل مشیل، شیوم دوبے، اجنکیا رہانے، رویندر جڈیجا، ایم ایس دھونی (وکٹ کیپر)، دیپک چاہر، تشار دیشپانڈے، متھیشا پاتھیرانا، مستفیض الرحمان۔ سن رائزرس حیدرآباد: ابھیشیک شرما، ٹریوس ہیڈ، ہینرک کلاسن (وکٹ)، ایڈن مارکرم، نتیش ریڈی، عبدالصمد، شہباز احمد، پیٹ کمنس (سی)، بھونیشور کمار، مینک مارکنڈے، جے دیو انادکٹ۔ 

آج گجرات ٹائٹنس اور رائل چیلنجرز بنگلور آمنے سامنے 
گجرات جائنٹس کو اپنی کارکردگی میں کافی بہتری کی ضرورت ہے اور اتوار کو یہاں انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) کے میچ میں رائل چیلنجرز بنگلور (آر سی بی) کے مڈل آرڈر کی جارحیت سے ہوشیار رہنا ہوگا۔ گجرات کی ٹیم ۹؍ میچوں میں ۸؍ پوائنٹس ملے ہیں۔ اگر اسے چنئی سپر کنگز اور دہلی کیپٹلس سے آگے جانا ہے تو اسے جیتنا ہوگا۔ ان دونوں ٹیموں کے بھی ۸۔ ۸؍ پوائنٹس ہیں۔ گجرات جائنٹس کو اپنے تیز گیند بازوں کی کارکردگی کو بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔ اس آئی پی ایل کے دوران ان کی تیز گیند بازی یونٹ بہت کمزور رہی ہے۔ موہت شرما، امیش یادو، سندیپ واریئر نے بہت زیادہ رن دیئے ہیں جب کہ اسپینسر جانسن اور عظمت اللہ عمرزئی جیسے بیک اپ تیز گیند باز بھی بولنگ نہیں کر رہے ہیں۔ ان کے اسپنر راشد خان، آر سائی کشور اور نور احمد شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکے ہیں لیکن اچھی بولنگ کررہے ہیں۔ اگر بنگلور کے مڈل آرڈر میں رجت پاٹیدار اور کیمرون گرین کو اپنا فارم مل گیا تو ان تینوں کا کام مزید مشکل ہو جائے گا۔ پاٹیدار نے سیزن کی عام شروعات کے بعد اپنی بلے بازی کی مہارت سے اچھا فارم حاصل کرلیا ہے، خاص طور پر اسپنرس کے خلاف۔ انہوں نے سنیل نارائن اور ورون چکرورتی کی بھی دھنائی کی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK