چمپئن لیگ کے کوارٹر فائنل کے پہلے مرحلے میں سٹی نے ۰۔۳؍گول سے کامیابی حاصل کی۔ راڈری ،سلوا اور ہالینڈ نے ایک ایک گول کیا
EPAPER
Updated: April 13, 2023, 1:48 PM IST | Manchester
چمپئن لیگ کے کوارٹر فائنل کے پہلے مرحلے میں سٹی نے ۰۔۳؍گول سے کامیابی حاصل کی۔ راڈری ،سلوا اور ہالینڈ نے ایک ایک گول کیا
مانچسٹر سٹی فٹبال کلب نے اپنے گھریلو میدان اتحاد اسٹیڈیم میں بائرن میونخ فٹبال کلب کو منتشرکردیا۔ چمپئن لیگ کے کوارٹر فائنل کے پہلے مرحلے کے میچ میں منگل کی دیر رات سٹی فٹبال کلب نے جرمن فٹبال کلب بائرن کو ۰۔۳؍گول سے شکست دے کر سیمی فائنل میں پہنچنے کی امیدوں کو مضبوط کردیا ہے۔ دونوں ٹیموں نے اس میچ میں جارحانہ انداز میں فٹبال کھیلا۔
منگل کی دیر رات ہونےو الے میچ میں مانچسٹر سٹی کے گھریلو میدان اتحاد اسٹیڈیم پر زبردست بھیڑ تھی اورمیچ کے دوران بارش بھی جاری تھی۔ مجمع میں جتنا جوش تھا اس سے زیادہ جوش کھلاڑیوں میں نظر آرہا تھا کیونکہ دونوں ٹیموں کے کھلاڑی ایک دوسرے پر سبقت لے جانے کیلئے مسلسل کوشش کررہے تھے اور ایک دوسرے پردھکا دے کر میدان پر گرا بھی رہے تھے۔
میزبان فٹبال کلب کو پہلی کامیابی ۲۷؍ ویں منٹ میں ملی۔ جب ایک سیدھی کک بائرن کے گول کیپر کے ہاتھوںکے قریب سے ہوتی ہوئی جال میں پھنسی۔ راڈری نے شاندار کراس کک لگائی جو سیدھے کونے سے ہوتی ہوئی گول پوسٹ میںسما گئی۔ میچ کے پہلے ہاف کا اسکور ۰۔۱؍ گول رہا تھا اور بائرن نے اس ہاف میں برابری کا گول کرنے کی پوری کوشش کی۔
میچ کے دوسرے ہاف میں بھی دونوں ٹیموں کے درمیان زبردست مقابلہ آرائی تھی ۔ اس دوران دونوں کلبوں کے گول کیپرس کو بہت محنت کرنی پڑی کیونکہ اسٹرائیکرس مسلسل گول پوسٹ کو نشانہ بنارہے تھے۔ اس میچ کا اسکور کچھ الگ بھی ہوسکتا تھا کیونکہ دونوں گو ل کیپرس نے اپنے گول کی مستعدی سے حفاظت کی۔
میچ کے دوسرے ہاف میں سٹی کی ٹیم نے گھریلو میدن پر فائدہ اٹھاتے ہوئے ۷۰؍ویں منٹ میں اپنی برتری کو دُگنا کردیا۔ پرتگال سے تعلق رکھنے والے کلب کے کھلاڑی برنارڈو سلوا نے گول کر کے اپنی ٹیم کی جیت تقریباً یقینی کردیا۔ اس گول کے ۶؍ منٹ بعد ہی سٹی کے اسٹار کھلاڑی ارلنگ ہالینڈ نے اس برتری میں مزید اضافہ کردیا۔ انہوں نے ۷۶؍ویں منٹ میں گول کرکے اپنی ٹیم کا اسکور ۰۔۳؍ گول کردیا۔ میچ کے اختتام تک بائرن کے کھلاڑی فاؤل کرتے رہے۔ بائرن کی جانب سے متواتر کوششوں کے باوجود کوئی گول نہ ہوسکا اور میچ کا خاتمہ ۰۔۳؍گول پر ہوا۔
اب کوارٹر فائنل لے اگلے مرحلے کا میچ بائرن میونخ کے میدان الائنز ارینا میں کھیلا جائے گا جہاں جرمن فٹبال کلب کو زیادہ گول فرق سے کامیابی حاصل کرنی ہوگی۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ مانچسٹر سٹی فٹبال کلب نے چمپئن لیگ کے سیمی فائنل میں اپنی جگہ تقریباً یقینی کرلی ہے۔