Inquilab Logo

دہلی اور پنجاب کےمابین پلے آف کی دعویداری کیلئے مقابلہ

Updated: May 02, 2021, 12:52 PM IST | ahmedabad

آئی پی ایل میں دہلی کیپٹلس اور پنجاب کنگز فتح کیلئے پورا زور لگائیںگی۔ دہلی کے بلےبازوں اور پنجاب کے اسپنرس کے درمیان راست مقابلہ متوقع

Owais Khan of Delhi.Picture:Midday
دہلی کے اویس خان تصویر مڈڈے

 پنجاب کنگز کے اسپنر ہرپریت برار اور روی بشنوئی اتوار کودہلی کیپٹلس کے خلاف ہونے والے آئی پی ایل میچ میں اچھی کارکردگی کامظاہرہ کرنا چاہیں گے۔ دونوں ٹیمیں آئی پی ایل کے پلے آف میں داخلے کا دعویٰ مضبوط کرنے اتریں گی۔ برار نے رائل چیلنجرزبنگلورکے خلاف پچھلے میچ میں ۱۹؍رن دے کر ۳؍وکٹ اور بشنوئی نے  ۱۹؍رن دے کر ۲؍وکٹ لئے تھے۔ دونوں نے مجموعی طورپر ۸؍اوور ڈالے اور ۳۶؍رن دے کر۵؍وکٹ لئے جوکہ پنجاب کیلئے بہت مفید ثابت ہوا۔ ان کا سامنا دہلی سے ہے جس کا اسپنرس کے سامنے ریکارڈ بہت اچھا ہے ۔ دہلی کے اوپنر شکھر دھون اور پرتھوی شا بہت اچھے فارم میںہیں۔اس آئی پی ایل میں دھون نے ۳۱۱؍رن اور شا نے ۲۶۹؍رن بنائے ہیں  جس میں ان دونوں نے ۷۱؍ چوکے اور ۱۵؍چھکے لگائے ہیں۔دہلی کے کپتان رشبھ پنت اور اسٹیو اسمتھ بھی میچ جتانے والے کھلاڑی ہیں۔ گوگلی کے ماہر بشنوئی کا مقصد پنت کو پریشان کرنا ہوگا جوگیندبازوں کو ڈیپ مڈ وکٹ پر کھیلنے کے عادی ہیں۔ 
 احمدآباد کے اسٹیڈیم کی پچ پر گیند کی گرفت مضبوط ہوتی ہے اورجیسے جیسے اننگز آگے بڑھتی ہے بلے بازی مشکل ہوجاتی ہے۔ ایسے میں پنجاب کے کپتان کے ایل راہل ٹاس جیتنے پر  پہلے بلے بازی کا انتخاب کرسکتے ہیں۔ انہوں نے بنگلور کے خلاف  ۹۱؍رن کی اننگز کھیلی تھی۔ دہلی کی ٹیم میں تجربہ کار اسپنر امیت مشرا کی واپسی ہوسکتی ہے۔ ایسے میں للت یادو کو باہر رہنا پڑسکتاہے۔ حالانکہ کے کے آر کے خلاف پچھلے میچ میں انہوں نے اچھی گیندبازی کی تھی۔ اکشر پٹیل آل راؤنڈر ہونے کی وجہ سے ٹیم میں توازن برقرار رکھتے ہیں۔ یہ مقابلہ ٹاپ آرڈر کے بلے بازوں کے درمیان ہونے والا ہے جس میں راہل کی تکنیک کی سامنے شاکی جارحانہ بلے بازی ہوگی۔  کرس گیل اپنے انداز میں پنت پر بھاری پڑنے کی کوشش کریں گے۔ 
 دہلی کو تیز گیندبازی کے شعبے میں برتری حاصل  ہے۔ اس کے پاس اویس خان، کگیسو ربادااور ایشانت شرما جیسے اچھے تیز گیندباز ہیں۔ اویس خان نے اب تک ۱۳؍وکٹ لئے ہیں اور ربادا نے بھی فارم حاصل کرلیاہے۔ پنجاب کے بلے بازوں کو ان سے بچ کر رہنا ہوگا۔پنجاب کے کھیل میں تسلسل کی کمی رہی ہے۔ راہل (۳۳۱؍رن )کو چھوڑکر کوئی اور بلے باز تسلسل کے ساتھ اچھا نہیں کھیل سکا ہے۔ پنجاب میں سمیع اچھی گیندبازی کررہے ہیں اور انہوں نے اب تک ۸؍وکٹ لئے ہیں۔ دوسری جھائے رچرڈسن اور یلے میریڈیتھ مہنگے ثابت ہوئے ہیں۔

ipl 2021 Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK