Updated: June 08, 2026, 5:02 PM IST
| Mumbai
معروف ٹی وی اداکارہ دپیکا ککڑ کے علاج سے متعلق ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں انہوں نے جگر کے کینسر کے خلاف امیونوتھیراپی کا آغاز کر دیا ہے۔ ان کے شوہر شعیب ابراہیم نے مداحوں کو دپیکا کی صحت کے بارے میں تازہ ترین معلومات فراہم کرتے ہوئے کئی افواہوں کی بھی وضاحت کی ہے۔
دپیکا ککڑ اور شعیب ابراہیم۔ تصویر: آئی این این
ٹیلی ویژن اداکارہ دپیکا ککڑ، جن کے جگر کے قریب۱ء۳؍سینٹی میٹر کا سِسٹ دوبارہ ظاہر ہونے کے بعد حال ہی میں ایک اور سرجری کی گئی تھی، نے اپنے علاج کے حصے کے طور پر امیونو تھیراپی شروع کر دی ہے۔ یہ بات ان کے شوہر شعیب ابراہیم نے بتائی۔ یہ تازہ معلومات اُن خبروں کے بعد سامنے آئی ہیں جن سے مداحوں میں تشویش پیدا ہو گئی تھی کہ دو نئے سِسٹ دریافت ہوئے ہیں۔ تاہم، شعیب نے وضاحت کی کہ فی الحال کسی نئی سرجری کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔ شعیب اپنے یوٹیوب چینل اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے مسلسل دپیکا کی صحت کے بارے میں مداحوں کو آگاہ کرتے رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: ’’ویلکم ٹو دی جنگل‘‘ کیلئے اکشے کا نیا فیس ماڈل، معاوضہ کے بجائے منافع پر نظر
اپنے تازہ وی لاگ میں شعیب نے دپیکا کی صحت یابی کے بارے میں بات کرتے ہوئے مداحوں کو تسلی دی۔ انہوں نے بتایا کہ دپیکا کا پہلا امیونو تھراپی سیشن مکمل ہو چکا ہے اور وہ ڈاکٹروں کی ہدایات کے مطابق علاج جاری رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا:’’دپیکا کی امیونو تھیراپی ایچ این ریلائنس اسپتال میں شروع ہو گئی ہے، جس میں ۳؍ سے ۴؍گھنٹے لگیں گے۔ اس کے بعد میں والد صاحب سے ملنے کیلئے کوکیلابین اسپتال جاؤں گا۔ ہمیں امید ہے کہ دپیکا کی امیونوتھیراپی مؤثر ثابت ہوگی۔ ‘‘سرجری سے متعلق افواہوں کی تردید کرتے ہوئے شعیب نے مزید کہا:’’بہت سے لوگوں نے مجھے پیغامات بھیجے کہ کیا دپیکا کی سرجری ہونے جا رہی ہے؟ ڈاکٹروں نے ابھی تک یہ نہیں کہا کہ سرجری کرنی ہے یا نہیں۔ مجھے نہیں معلوم آپ کو یہ معلومات کہاں سے ملی ہیں۔ فی الحال سرجری کے بارے میں کچھ بھی طے نہیں ہے، آگے کا بعد میں دیکھا جائے گا۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: نادرہ بالی ووڈ کی بےخوف اور خودمختار کرداروں کی علامت تھیں
بتا دیں کہ دپیکا اس وقت جگر کے کینسر کے علاج سے گزر رہی ہیں۔ انہوں نے گزشتہ سال اپنی بیماری کے بارے میں بتایا تھا، جب ڈاکٹروں نے ان کے جگر کے قریب ٹینس بال کے سائز کا ایک سرطان زدہ سِسٹ دریافت کیا تھا۔ بعد ازاں ان کی ایک بڑی سرجری کی گئی، جس میں سِسٹ کے ساتھ ان کے جگر کا تقریباً۲۲؍ فیصد حصہ بھی نکال دیا گیا تھا۔ دپیکا کو آخری بارسیلیبریٹی ماسٹر شیف’‘کے پہلے سیزن میں دیکھا گیا تھا۔