Inquilab Logo

فرنچ اوپن کے سیمی فائنل میں جوکووچ اور الکاراز کے درمیان مقابلہ

Updated: June 08, 2023, 12:21 PM IST | Paris

سربیا کے اسٹار جوکووچ نے کوارٹر فائنل میں خاچانوف کو اور الکاراز نے ستسپاس کو شکست دے کر آخری ۴؍ میں جگہ بنائی

Spanish player Carlos Alcaraz
اسپینش کھلاڑی کارلوس الکاراز

 سربیا کے لیجنڈری ٹینس کھلاڑی اور۲۲؍بار کے گرینڈ سلیم چمپئن نوواک جوکووچ نے منگل کو کیرن خاچانوف کے چیلنج پر قابو پاتے ہوئے فرنچ اوپن۲۰۲۳ء کے سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔اب سیمی فائنل میں ان کا مقابلہ اسپین کے اسٹار اور نوجوان کھلاڑی کارلوس الکاراز سے ہوگا۔ جوکووچ نے پہلا سیٹ گنوانے کے بعد مقابلہ کرتے ہوئے  کرتے ہوئے خاچانوف کو۶۔۴، ۶۔۷، ۴۔۶، ۲۔۶؍ سے شکست دے کر ریکارڈ ۲۳؍ ویں گرینڈ سلیم کی طرف قدم بڑھادیا۔ سربیا کے تجربہ کار کھلاڑی کو اپنا پہلا بریک پوائنٹ حاصل کرنے کیلئے تیسرے سیٹ تک انتظار کرنا پڑا لیکن دوسرے سیٹ کے ٹائی بریکر کے بعد انہوںنے زبردست توانائی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ۳؍ گھنٹے ۳۸؍ منٹ میں میچ جیت لیا۔  اگر جوکووچ نے فرنچ اوپن کا خطاب  جیت لیا تو وہ اے ٹی پی رینکنگ میں ٹاپ پر واپس آجائیں گے۔ایک اور کوارٹر فائنل میں اسپینش  اسٹار کارلوس الکاراز نے یونان کے کھلاڑی  اسٹیفانوس ستسپاس کو ۳؍سیٹوں میں زیر کردیا۔الکاراز نے پہلا سیٹ آسانی سے ۲۔۶؍ سے جیت لیا۔ دوسرے سیٹ میں  بھی الکاراز کو زیادہ محنت نہیں کرنی پڑی اور ۱۔۶؍ سے کامیابی حاصل کرلی۔ تیسرے سیٹ میں ستسپاس نے مزاحمت کی اور اسے ٹائی بریکر تک لے گئے۔ الکاراز نے یہ سیٹ ۶۔۷؍ کے اسکور سے اپنے نام کرلیا۔ اب نوجوان الکاراز اور تجربہ کار جوکووچ سیمی فائنل میں آمنے سامنےہوں گے۔  
 دریں اثنا بیلاروس کی ارینا سبالینکا نے کوارٹر فائنل میں یکطرفہ مقابلے میں یوکرین کی ایلینا سویتلانا کو سیدھے  سیٹوں میں شکست دے کر فرنچ اوپن کے سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔ کورٹ فلپ۔ چیٹیئر پر کھیلے جانےوالے میچ میں سبالینکا نے سویتلانا کوسیدھے سیٹوں میں۴۔۶، ۴۔۶؍ سے شکست دے دی۔گزشتہ سال روس اور بیلاروس کے یوکرین پر مشترکہ حملے کے بعد روسی یا بیلاروسی کھلاڑیوں سے ہاتھ ملانے سے انکار کرنے والی سویتلانا اورسبالینکا کے درمیان میچ کا بے صبری سے انتظار کیا جا رہا تھا۔یوکرین کے جھنڈوں سے گھرے کورٹ پر دونوں کھلاڑیوں نے میچ کا آغاز زوردار انداز میں کیا لیکن پہلے ۸؍ گیمز میں کوئی بھی بریک پوائنٹ حاصل نہ کر سکی  ۔ عالمی نمبر۲؍  سبالینکا نے اپنا پہلا بریک پوائنٹ حاصل کیا اور پہلا سیٹ ۴۔۶؍سے جیتنے میں کوئی وقت ضائع نہیں کیا۔ سویتلانا نے دوسرے سیٹ کا آغاز۰۔۲؍ کی برتری کے ساتھ کیا لیکن بیک ہینڈ شاٹ نے سبالینکا کو واپسی کا موقع فراہم کیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK