Inquilab Logo

ای پی ایل:مانچسٹر سٹی نے مسلسل ۱۰؍ ویں کامیابی حاصل کرلی

Updated: May 08, 2023, 5:08 PM IST | Manchester

ایلکائی غندوغان کے ۲؍ گول کی بدولت سٹی نے لیڈس یونائٹیڈ کو ۱۔۲؍گول سے شکست دے کر ۳؍پوائنٹس حاصل کئے

photo;INN
تصویر :آئی این این

انگلش پریمیرلیگ (ای پی ایل) اب اپنے حتمی مرحلے میں داخل ہوچکی ہے اور اسے ختم ہونے میں اب صرف ۴؍میچ باقی ہیں۔ سنیچر کی رات مانچسٹر سٹی فٹبال کلب نے  لیگ میں مسلسل ۱۰؍ویں کامیابی حاصل کرتے ہوئے پوائنٹس ٹیبل پر اپنی پوزیشن مضبوط کرلی ہے۔ مانچسٹر سٹی نے لیڈس یونائٹیڈ فٹبال کلب کو ۱۔۲؍گول سے شکست دے کر پورے ۳؍پوائنٹس حاصل کئے ۔
 انگلش پریمیر لیگ میں مانچسٹر سٹی نے اس سیزن میں بھی اچھی کارکردگی پیش کی  اور آرسنل کے ٹاپ پر رہنے کے باوجود اس نے حوصلہ نہیں ہارا اور مسلسل کامیابی حاصل کرتے ہوئے گزشتہ ہفتے ٹاپ پوزیشن حاصل کرلی تھی۔ سٹی نے آرسنل پر ۴؍پوائنٹس  کی برتری حاصل کرلی ہے۔ اس وقت پوائنٹس ٹیبل پر مانچسٹر سٹی کے ۳۴؍ میچوں میں ۸۲؍ پوائنٹس ہیں۔ دوسری طرف آرسنل کے اتنے ہی میچ میں ۷۸؍پوائنٹس ہیں۔ اگر آرسنل ایک اور میچ جیت جاتاہے تب بھی وہ سٹی سے ایک پوائنٹ پیچھے ہی رہے گا۔ 
 میچ کی بات کریں تو سٹی کی جانب سے ایلکائی غندوغان نے قابل تعریف مظاہرہ کیا۔ انہوں نے ٹیم کی جانب سے۲؍ گول کرنے میں کامیابی حاصل کی۔ پہلا گول  انہوں نے ۱۹؍ ویں منٹ میں  ریاض محرز کی مدد سے کیا۔ یہ گول کرنے کے بعد انہو ںنے اسی پر اکتفا نہیں کیا۔آگےبڑھتے ہوئے انہوں نے ۲۷؍ویں منٹ میں ایک گول کرکے ٹیم کی برتری مضبوط کردی۔ اس کے بعد لیڈس یونائٹیڈ کی ٹیم مسلسل کوشش کرتی رہی لیکن اسے کامیابی نہیں ملی۔ میچ کے آخری حصہ میں غندوغان کے پاس ہیٹ ٹرک کرنے کا سنہرا موقع تھا لیکن انہوں نے ایک پنالٹی ضائع کردی جس کی وجہ سے میچ کا اسکور بھی تبدیل نہیں ہوسکا۔ انہیں یہ پنالٹی۸۴؍ویں منٹ میں ملی تھی۔ اس کے اگلے ہی منٹ میں لیڈس کی جانب سے  راڈریگو نےگول کرکے جیت کے فرق کو کم کردیا۔ میچ کے آخر میں اسکور ۱۔۲؍گول رہا۔ 
 میچ کے بعد  مانچسٹر سٹی کے منیجر پیپ گارڈیالا نے کہاکہ ہم اس وقت اچھی پوزیشن میں ہیں اور ہماری کوشش یہی ہے کہ اگلے ۴؍ میچوں میں بھی کامیابی حاصل کریں۔آرسنل کی ٹیم بھی چاہے گی کہ وہ مسلسل کامیابی حاصل کرتے ہوئے ہم پر دباؤ ڈالے۔ اس لئے ہم نے کھلاڑیو ںکو پہلے ہی کہا ہے کہ وہ اپنے کھیل پر زیادہ توجہ دیں ۔ خیال رہے کہ چمپئن لیگ میں  مانچسٹر سٹی فٹبال کلب کو سیمی فائنل کیلئے ریئل میڈرڈ کے میدان کا دورہ کرنا ہے اور وہ پُر اعتماد ہوکر میڈرڈ جائے گی۔ 

manchester Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK