Inquilab Logo Happiest Places to Work

فرح نے دپیکا کو ۱۰؍ دن سیٹ پر بیٹھ کر شاہ رخ کی اداکاری کو محض دیکھنے کو کہا تھا

Updated: July 02, 2026, 1:30 PM IST | Mumbai

یہ بات سب ہی جانتے ہیں کہ فلم ’’اوم شانتی اوم‘‘ اداکارہ دپیکا پڈوکون کی پہلی فلم تھی۔ اس فلم کے ذریعہ فرح خان نے انہیں فلمی دنیا میں متعارف کروایا تھا۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

یہ بات سب ہی جانتے ہیں کہ فلم’اوم شانتی اوم‘ اداکارہ دپیکا پڈوکون کی پہلی فلم تھی۔ اس فلم کے ذریعہ فرح خان نے انہیں فلمی دنیا میں متعارف کروایا تھا۔اس سے قبل دپیکا کو اداکاری کا تجربہ نہیں تھا۔ اس لئے فرح خان نے ان پر کافی محنت کی تب کہیں جاکر وہ اداکاری کرسکیں۔اس بات کا انکشاف فرح خان نےاپنے حالیہ وی لاگ میں کیا ہے۔دراصل  اپنے حالیہ وی لاگ کے ایک ایپی سوڈ کے لیے فرح خان اپنے باورچی دلیپ کے ساتھ اداکارہ دیا مرزا کے گھر پہنچیں۔اس دوران گفتگو میں دیا مرزا نے فلمی دنیا میں اپنے ابتدائی تجربات کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں بالی ووڈ میں آنے سے پہلے کسی قسم کی باقاعدہ ورکشاپ، اداکاری کی تربیت یا رقص کی کلاسیں نہیں دی گئی تھیں۔ ان کے مطابق انہیں براہِ راست فلموں کی مصروف دنیا میں دھکیل دیا گیا تھا، جہاں کئی مرتبہ انہیں مسلسل ۲۷؍ سے۲۸؍گھنٹے تک کام کرنا پڑتا تھا۔بات چیت کا رخ جب مختلف اداکاروں کے فلمی سفر کی جانب مڑا تو فرح خان نے’اوم شانتی اوم‘ کے ذریعے دپیکا پڈوکون کو متعارف کرانے کے لیے کی جانے والی تیاریوں کا ذکر کیا۔ انہوں نے بتایا کہ نئی اداکارہ کو فلم میں پیش کرنے سے پہلے اس کی مکمل تربیت اور رہنمائی کی گئی تھی، جو دیا مرزا کے ابتدائی تجربات سے بالکل مختلف تھی۔دیا مرزا کی اس بات کے جواب میں کہ انہیں فلمی دنیا میں داخل ہونے سے پہلے کسی قسم کی تربیت نہیں ملی تھی، فرح خان نے دپیکا پڈوکون کے لیے کی گئی خصوصی تیاریوں کا ذکر کیا۔دیا مرزا نے کہا، ’’جن لوگوں کو آپ نے لانچ کیا، ان کے بارے میں جب میں سنتی تھی کہ آپ نے ان پر کتنی محبت، توجہ اور محنت کی، انہیں ورکشاپس کروائیں، کلاسز میں بھیجا، انہیں سکھایا کہ اداکاری کیا ہوتی ہے، ڈانس کلاسز کروائیں اور ڈکشن کی تربیت دی، تو مجھے احساس ہوتا تھا کہ مجھے ان میں سے کچھ بھی نہیں ملا تھا۔‘‘اس پر فرح خان نے دپیکا کی تیاریوں کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا، ’’دپیکا کے لیے میں نے کتنی محنت کی تھی۔ سب سے پہلے میں نے انہیں ۳؍ سے ۴؍ماہ کے لیے انوپم کھیر کی اداکاری کی کلاسوں میں بھیجا، اس کے بعد کتھک کی تربیت دلوائی۔ ہم نےان کے بے شمار لک ٹیسٹ بھی کیے تھے۔‘‘فرح خان نے مزید بتایا کہ انہوں نے جان بوجھ کر دپیکا کی شوٹنگ ۱۰؍ دن بعد شروع کروائی تاکہ وہ فلمی سیٹ کے ماحول کو اچھی طرح سمجھ سکیں۔ ان کے مطابق، ’’میں نے دپیکا سے کہا تھا کہ پہلے ۱۰؍دن صرف سیٹ پر آؤ اور خاموشی سے دیکھو کہ شاہ رخ خان کس طرح کام کرتے ہیں، شریاس تلپڑے کس انداز میں اداکاری کرتے ہیں۔ روزانہ آکر سیٹ پر بیٹھو اور پورے ماحول کو سمجھنے کی کوشش کرو۔‘‘دیا مرزا نے بھی فرح خان کے اس طریقۂ کار کی تعریف کی اور کہا کہ اس قسم کی رہنمائی اور تیاری نئے فنکاروں کو فلمی دنیا کے دباؤ اور چیلنجز سے ہم آہنگ ہونے میں بہت مدد دیتی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK