Inquilab Logo Happiest Places to Work

مغربی ایشیا میں پروازوں کا بحران برقرار؛ ایئر لائنز نے معطلی میں توسیع کردی

Updated: March 03, 2026, 9:26 AM IST | New Delhi

ایران کے خلاف امریکہ اور اسرائیل کی فوجی کارروائی کے بعد پیدا ہونے والے مغربی ایشیا کے بحران کے باعث اس خطے کے لیے اور اس کے اوپر سے گزرنے والی بڑی تعداد میں پروازیں منسوخ رہیں۔

Flight Cancel.Photo:INN
پروازیں منسوخ۔ تصور:آئی این این

ایران کے خلاف امریکہ اور اسرائیل کی فوجی کارروائی کے بعد پیدا ہونے والے مغربی ایشیا کے بحران کے باعث پیر کے روز اس خطے کے لیے اور اس کے اوپر سے گزرنے والی بڑی تعداد میں پروازیں منسوخ رہیں۔
انڈیگو نے پیر کو۱۶۲؍ پروازیں منسوخ کیں اور منگل کے لیے بھی ۴۷؍ پروازوں کی منسوخی کا اعلان کیا ہے۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ایک پوسٹ میں ایئر لائن نے بتایا کہ موجودہ صورتحال کے پیشِ نظر مغربی ایشیا کے کچھ حصوں سے گزرنے والی منتخب بین الاقوامی پروازوں کی عارضی معطلی میں توسیع کر دی گئی ہے۔ وہ مسافر جن کے پاس ۲۸؍ فروری یا اس سے پہلے کی بکنگ ہے، وہ اب ۷؍ مارچ تک کے سفر کے لیے مفت منسوخی (کینسی لیشن) یا ری شیڈولنگ کی سہولت حاصل کر سکتے ہیں۔ اس سے قبل یہ سہولت ۵؍ مارچ تک کے سفر کے لیے دستیاب تھی۔
مغربی ایشیا کے بحران کے باعث پیر کو ۳۵۷؍ پروازیں منسوخ کی گئیں
 مغربی ایشیا میں جاری بحران کے سبب پیر کے روز ہندوستان کی ۳۵۷؍ پروازیں منسوخ رہیں۔  شہری ہوا بازی کی وزارت نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں بتایا’’موجودہ حالات کے پیش نظر آج کے لیے طے شدہ ۳۵۷؍ پروازیں منسوخ کی گئی ہیں۔‘‘ پوسٹ میں کہا گیا کہ وزارت میں قائم مسافر امدادی کنٹرول روم کے ذریعے مسافروں کی شکایات کے جلد از جلد ازالے کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ ایئر لائن کمپنیوں اور تمام متعلقہ فریقین کے تعاون سے اس دوران ایئرسیوا، سوشل میڈیا پلیٹ فارمز اور ہیلپ لائن پر موصول ہونے والی ۵۵۹؍ شکایات کا ازالہ کیا گیا۔ 

یہ بھی پڑھئے:سنیل شیٹی کا انکشاف: شاہ رخ کا اسٹارڈم الگورتھم سے بالاتر

اس سے قبل انڈیگو نے آج ۱۶۲؍ پروازیں منسوخ کرنے کی اطلاع دی تھی اور منگل کے لیے بھی ۴۷؍ پروازیں منسوخ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ایئر انڈیا نے بھی متحدہ عرب امارات، سعودی عرب، اسرائیل اور قطر جانے اور وہاں سے آنے والی اپنی تمام پروازیں  پیر رات ۱۲؍بجے تک کے لیے منسوخ کر دی ہیں۔ ایئر لائن کے مطابق ۲؍ مارچ کو شمالی امریکہ اور یورپ کے لیے اس کی صرف چھ پروازیں منسوخ رہیں۔  دہلی ہوائی اڈے پر یہاں سے روانہ ہونے والی ۳۷؍اور یہاں آنے والی ۵۰؍ بین الاقوامی پروازیں فضائی حدود سے متعلق پابندیوں کے باعث منسوخ رہیں۔ 

یہ بھی پڑھئے:مملکت میں پھنسے مسافروں کی رہائش کا خرچ حکومت برداشت کرے گی: یو اے ای


مغربی ایشیا کے بحران کے سبب اسپائس جیٹ کی آج ۱۷؍ پروازیں (سات روانگی اور ۱۰؍آمد) منسوخ رہیں۔ اس نے یکم مارچ کو ۲۴؍ پروازیں منسوخ کی تھیں جبکہ ۳؍مارچ کو دو پروازیں منسوخ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اکاسا ایئر نے ۳؍ مارچ تک ابو ظہبی، دوحہ، جدہ، کویت اور ریاض کے لیے اپنی تمام پروازیں منسوخ کر دی ہیں۔ ایئر انڈیا ایکسپریس نے بحرین، کویت، عمان، قطر، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے لیے اپنی تمام پروازیں پیر کی نصف شب تک منسوخ کرنے کی اطلاع دی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK