Inquilab Logo

فرنچ اوپن : رافیل ندال اور کیسپر رُوڈ میںخطابی مقابلہ

Updated: June 05, 2022, 10:01 AM IST | Paris

گرینڈ سلیم کے سیمی فائنل میں زیوریو کے ہٹنے کے بعد رافیل ندال نے فائنل میں جگہ بنائی۔ ناروے کے کیسپر نے چلچ کو سیمی فائنل میں شکست دی

Rafael Nadal
رافیل ندال

رافیل ندال اور کیسپر رُوڈ فرنچ اوپن کے فائنل میں پہنچ گئےہیں اور ان کے درمیان اتوار کو ہندوستانی وقت کے مطابق ساڑھے ۶؍بجے شروع ہوگا۔ 
 اسپین کے رافیل ندال اور ناروے کے کیسپر رُوڈ  نے فرنچ اوپن ٹینس کے فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔ آخری ۴؍ میچ میں ندال کے جرمن حریف الیگزینڈر زیوریو ٹخنے کی انجری کے سبب ریٹائرڈ ہرٹ ہوگئے۔ دوسرے سیٹ میں گیند پر جھپٹتے ہوئے ان کا پیر مڑگیا تھا، انہیں وہیل چیئر پر کورٹ سے باہر جانا پڑا۔
   رافیل ندال ۱۴؍ ویں بار فرنچ اوپن ٹینس کے فائنل میں پہنچے ہیں اور رافیل ندال اب تک۱۳؍ مرتبہ فرنچ اوپن جیت چکے ہیں۔ اسپین کے رافیل ندال نے جرمنی کےالیگزینڈر زیوریو کے ۲؍سیٹ کے بعد ٹخنے کی چوٹ سے ریٹائرڈ ہوجانے سے سال کے دوسرے گرینڈ سلیم فرنچ اوپن کے فائنل میں ۱۴؍ ویں بار داخلہ حاصل کیا ہے۔ زیوریو نے جب میچ چھوڑا تب ندال۶۔۷، ۶۔۶؍ سے آگے تھے۔ میچ ۳؍گھنٹے سے زیادہ تک ہو چکاتھا اوردوسرا سیٹ ٹائی بریکر میں داخل ہونے والا تھا لیکن زیوریو نے میچ چھوڑدیا۔ جرمن کھلاڑی بیس لائن کے پیچھے ندال کے فورہینڈ کو پکڑنے کی کوشش میں اپنا داہنا ٹخنہ زخمی کرابیٹھے اورانہیں  وہیل چیئر پر کورٹ سے باہر جاناپڑا۔ ندال، ۳۶؍ سال کے ہوچکے  ہیں اور انہوں  نے  ۱۴؍ ویں بار فائنل میں جگہ بنالی ہے۔
 زیوریو گرنے کے بعد درد سے کراہ اٹھے اور ان کے فیزیو اوران کے پاس پہنچے ندال نے انہیں وہیل چیئر پر بٹھایا۔ عالمی نمبر۳؍ کھلاڑی آنسوؤں کے ساتھ کورٹ پرآئے جہاں شائقین نے کھڑے ہوکر ان کا استقبال کیا۔ ندال نے بھی زیوریف کو گلے لگالیا۔
 ۱۳؍بار کے فاتح ندال نے میچ کے بعد کورٹ پر کہا ’’مجھے ان کیلئے بہت افسوس ہے۔ وہ ٹورنامنٹ میں ناقابل یقین کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے تھے۔ وہ ایک گرینڈ سلیم جیتنے کی بھرپور کوشش کر رہے تھے لیکن اس وقت وہ بدقسمت ہیں۔ میں ان کی جلد صحت یابی کیلئے اپنی نیک تمناؤں کا اظہار کرتا ہوں۔ ندال نے یہ بھی کہا کہ ایک بار پھر فرنچ اوپن کے فائنل میں پہنچنا ایک خواب پورا ہونے جیسا ہے۔ اپنی ۳۶؍ویں سالگرہ کا جشن منانے والے اسپین کے کھلاڑی نے پہلے سیٹ کے ٹائی بریکر میں۲۔۶؍ سے پیچھے رہنے کے بعد لوٹتے ہوئے رفتارپکڑی اورٹائی بریکر ۸۔۱۰؍ سے جیت کر سیٹ ایک گھنٹے ۳۱؍ منٹ میں ختم کیا۔ دوسرے سیٹ میں۶۔۶؍ کے اسکور کے بعد زیوریو نے میچ چھوڑدیا۔
 دوسری طرف ناروے کے کیسپر رُوڈ نے ٹینس گرینڈ سلیم کے سیمی فائنل میں تاریخ رقم کر دی۔ اس نوجوان کھلاڑی نے۲؍ گھنٹے۵۵؍منٹ تک جاری رہنے والے ایک میچ میں کروشیا کے مارین چلچ کو جو کہ ان سے زیادہ مضبوط کہے جارہے تھے،کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی ہے۔ مارین چلچ ۲۰۱۴ء کے یو ایس اوپن فاتح ہیں۔ اب فائنل میں کیسپر ُروڈ کا مقابلہ۱۳؍ بار کے چمپئن رافیل ندال سے ہوگا۔ کیسپر رُوڈ نے مارین چلچ کو ۶۔۳، ۴۔۶، ۲۔۶، ۲۔۶؍ سے شکست دے کر فائنل میں اپنی جگہ محفوظ کرلی۔ یہ کیسپررُوڈ کا پہلا گرینڈ سلیم فائنل ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK