Inquilab Logo

گل بلے بازی میں اور سراج گیندبازی میں سرفہرست

Updated: November 09, 2023, 12:01 PM IST | Agency | Dubai

ہندوستان کے نوجوان بلے باز نے پاکستانی کپتان بابراعظم کو پیچھے کردیا۔ محمدسراج ۷۰۹؍پوائنٹس کے ساتھ گیندبازوں میں ٹاپ پر ہیں۔

Mohammed Siraj. Photo: INN
محمد سراج۔ تصویر:آئی این این

ہندوستان کے مایہ ناز بلے باز شبھمن گل اور تیز گیند باز محمد سراج انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی تازہ ترین درجہ بندی میں ٹاپ پر پہنچ گئے۔
ہندوستان کے شبھمن گل نے پاکستان کے کپتان بابر اعظم کوپیچھے کرتے ہوئے۸۳۰؍ پوائنٹس کے ساتھ پہلی رینکنگ حاصل کر لی ہے۔ وراٹ کوہلی بھی اب چوتھے اور روہت شرما چھٹے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ وہیں ون ڈے  گیندبازوں کی رینکنگ میں محمد سراج ۷۰۹؍ پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔ جنوبی افریقہ کے اسپنر کیشو مہاراج ۶۹۴؍ پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر آگئے ہیں۔
ہندوستان کے نوجوان بلے بازشبھمن گل کے بعد پاکستانی اوپنر بابر اعظم تازہ ترین آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں ۸۲۴؍پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر آگئے ہیں۔ جنوبی افریقہ کے وکٹ کیپر بلے باز کوئنٹن ڈی کاک ۷۷۱؍ پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔ وہیں۷۷۰؍ پوائنٹس کے ساتھ وراٹ کوہلی نے اس ورلڈ کپ میں۵۰۰؍ سے زیادہ رن بنا کر آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں بڑی چھلانگ لگائی ہے، وہ روہت شرما اور ڈیوڈ وارنر کو پیچھے چھوڑ کر چوتھے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ وہ ڈی کاک سے صرف ایک پوائنٹ پیچھے ہیں۔ آسٹریلیا کے افتتاحی بلے باز ڈیوڈ وارنر ۷۴۳؍ پوائنٹس کے ساتھ  ۵؍ویں نمبر پر ہیں۔ ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما کے ۷۳۹؍ پوائنٹس ہیں۔
شریاس ایّر ۱۷؍ مقام کی چھلانگ لگا کر ۱۸؍ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ اس کے علاوہ گزشتہ ۲؍میچوں میں شاندار بلے بازی کرنے والے پاکستانی اوپنر فخر زمان ۳؍ مقام کی چھلانگ کے ساتھ ۱۱؍ویں نمبرپر آگئے ہیں۔ اس کے علاوہ افغانستان کے اوپنر ابراہیم زدران ۶؍ پائیدان  کی چھلانگ لگا کر۱۲؍ویں نمبر پر پہنچ گئے۔
گل ون ڈے رینکنگ میں نمبر ون پوزیشن پر پہنچنے والے چوتھے ہندوستانی کھلاڑی ہیں۔ اس سے قبل عظیم بلے باز سچن تینڈولکر، سابق کپتان ایم ایس دھونی اور اسٹار بلے باز وراٹ کوہلی یہ مقام حاصل کر چکے ہیں۔ موجودہ ورلڈ کپ میں گل نے ۶؍ اننگز میں مجموعی طور پر ۲۱۹؍ رن بنائے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی ورلڈ کپ میں اب تک ۸؍ اننگز میں۲۸۲؍ رن بنانے والے بابر اعظم آئی سی سی کی تازہ ترین ون ڈے ریٹنگ میں ۶؍ پوائنٹس گر کر دوسرے نمبر پر آ گئے ہیں۔ گل اپنے مختصر لیکن متاثر کن کریئر میں پہلی بار ٹاپ پر پہنچے ہیں جبکہ کوہلی اب تک دنیا میں۵۴۳؍ رن بنا چکے ہیں۔ اس کی وجہ سے وہ۳؍ مقام کی چھلانگ لگا کر چوتھی پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔ وراٹ تیسرے نمبر کے جنوبی افریقی کوئنٹن ڈی کاک سے صرف ایک پوائنٹ پیچھے ہیں۔ گیندبازی رینکنگ میں آسٹریلیا کے ایڈم زمپا تیسرے نمبر پر ہیں۔ ہندوستان کے کلدیپ یادو چوتھے نمبر پر ہیں۔ وہیں شاہین شاہ آفریدی اب پہلے نمبر سے ۵؍ویں نمبر پر آگئے ہیں۔ کلدیپ یادو اور شاہین شاہ آفریدی کے درمیان ۳؍ پوائنٹس کا فرق ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK