• Thu, 22 October, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

آیوش ورما، پروین کمار اور سچن کھلاری کو سونے کے تمغے

Updated: October 22, 2026, 1:00 PM IST | Agency | Nagoya

ایشین گیمز کے تیسرے دن ہندوستانی کھلاڑیوں نے ۲۷؍ تمغے جیتے جن میں۵؍ طلائی شامل ہیں، سمرن شرما کا ڈبل گولڈ، ہندوستان کے۱۴؍ طلائی سمیت کل ۶۲؍ تمغے۔

First image: Ayush Verma, gold medalist in the shot put. Second image: Praveen Kumar (left) and Bunty (right), who won gold and silver medals in the high jump. Photo: INN
پہلی تصویر: شاٹ پٹ میں طلائی تمغہ جیتنے والے آیوش ورما ، دوسری تصویر: ہائی جمپ میںطلائی اورنقرئی تمغہ جیتنے والے پروین کمار(بائیں )ا وربنٹی (دائیں)۔ تصویر: آئی این این

پیرا ایشین گیمز کے تیسرے دن بدھ کو ہندوستان نے اپنے تمغو ں کی تعداد ۶۰؍ سے زیادہ کرلی۔ بدھ کوہندوستان نے۵؍ سونے،۱۱؍ چاندی  اور۱۱؍ کانسے کے  تمغے جیتے۔ہندوستان کے کل تمغوں کی تعداد اب۶۲؍ ہوچکی ہے سمرن شرما نے خواتین کی ۱۰۰؍ میٹر ٹی۱۲؍ دوڑ میں گیمز ریکارڈ کے ساتھ طلائی تمغہ جیتا۔ یہ ان کا موجودہ ایشین پیرا گیمز میں دوسرا طلائی تمغہ ہے۔ موجودہ چمپئن دلیپ مہادو گاوت نے مردوں کی ۱۰۰؍میٹر ٹی۴۷؍ میں طلائی جبکہ محمد باسل نے چاندی کا تمغہ جیتا۔ 

آیوش ورما نے پیرا ایتھلیٹکس میں ہندوستان کوگولڈ دلایا

آیوش ورما نے ایشین پیرا گیمز میں پیرا ایتھلیٹکس میں ہندوستان کیلئے نواں طلائی تمغہ جیت لیا۔ یہ ان کا ان کھیلوں میں دوسرا تمغہ ہے۔ منگل کو مردوں کے جیولن تھرو ایف۵۳؍ایف ۵۴؍ مقابلے میں کانسے کا تمغہ جیتنے کے بعد آیوش نے بدھ کو مردوں کے شاٹ پٹ ایف۵۳؍ مقابلے میں ۸ء۱۶؍میٹر کی تھرو کے ساتھ طلائی تمغہ حاصل کیا۔

ہائی جمپ میں پروین کمار کو طلائی تمغہ

آیوش کے طلائی تمغے کے کچھ ہی دیر بعد پروین کمار نے مردوں کے ہائی جمپ ٹی۶۴؍مقابلے میں۲ء۰۵؍ میٹر کی بہترین چھلانگ کے ساتھ ایک اور طلائی تمغہ جیتا۔ یہ پروین کا نیا گیمز ریکارڈ بھی ہے جو ان کے ایشین ریکارڈ سے صرف ۰۳ء۰؍ میٹر کم ہے۔ اسی مقابلے میں بنٹی نے۱ء۹۲؍میٹر کی بہترین چھلانگ کے ساتھ چاندی کا تمغہ حاصل کیا۔

یہ بھی پڑھئے:فضائی سفر کی تھکن سے دوچار ہندوستانی ٹیم کے سامنے نیوزی لینڈ کا چیلنج

شاٹ پٹ ایف ۴۶؍ میں تین ہندوستانیوں کو تمغے

مردوں کے شاٹ پٹ ایف ۴۶ ؍ مقابلے میں سچن کھلاری نے۱۵ء۸۷؍میٹر کی تھرو کے ساتھ نیاریکارڈ قائم کیا اور طلائی تمغہ جیتا ۔ اس مقابلے میں تینوں تمغے ہندوستانی ایتھلیٹس نے جیتے ۔  محمد یاسرنے۱۵ء۰۶؍میٹر کے ساتھ چاندی اور پروین نے۱۴ء۹۴؍میٹر کے ساتھ کانسہ کا تمغہ جیتا۔

بھاگیہ شری کو چاندی کا تمغہ 

بھاگیہ شری جادھو نے خواتین کے شاٹ پٹ ایف۳۴؍ مقابلے میں ۸ء۱۹؍میٹر کے بہترین تھرو کے ساتھ چاندی کا تمغہ جیتا۔ ان کے تھرو نے ابتدا میں موجودہ ایشین پیرا گیمز ریکارڈ کی برابری کی لیکن چین کی ژو لی جُوآن نے ۹ء۰۷؍میٹر کے تھرو کے ساتھ جلد ہی نیا ریکارڈ قائم کردیا ۔ یہ ان کے ۹ء۲۵؍ میٹر کے عالمی ریکارڈ کے بھی قریب تھا ۔ منجیت نے مردوں کے جیولن ایف۱۲؍ایف۱۳؍زمرے میں۶۱ء۴۱؍ میٹر کے بہترین تھرو کے ساتھ چاندی کا تمغہ جیتا اور انہیں۸۳۸؍ پوائنٹس ملے ۔ جاپان کے یوتا واکوہ  نے۵۹ء۶۶؍میٹر کے تھرو کے ساتھ ۹۱۴؍ پوائنٹس حاصل کرکے طلائی تمغہ جیتا۔

ؕانوبھو چودھری ۰ء۰۳؍ سیکنڈ سے چاندی سےچوک گئے 

انوبھو چودھری نے مردوں کی ۱۰۰؍ میٹر ٹی۳۵؍ دوڑ میں۱۲ء۷۲؍سیکنڈ کے بہترین وقت کے ساتھ کانسے کا تمغہ حاصل کیا ۔ وہ چاندی کے تمغے سے صرف۰ء۰۳؍سیکنڈ پیچھے رہے جبکہ طلائی تمغہ جیتنے والے ایران کے علی رضا  سے ان کا وقت ۰ء۴۰؍ سیکنڈ زیادہ رہا۔راکیش بھائی بھٹ نے مردوں کی ۱۰۰؍میٹر ٹی۳۷؍ دوڑ میں ۱۱ء۵۰؍ سیکنڈ کے اپنے بہترین وقت کے ساتھ کانسے کا تمغہ جیتا۔

شیتل دیوی اور پائل ناگ کی ٹیم کو چاندی کا تمغہ 

ایک اور ایونٹ میں شیتل دیوی (ٹاپس ایتھلیٹ) اور ڈیبیو کرنے والی پائل ناگ کی ہندوستانی ٹیم نےتیراندازی کے پیرا کمپاؤنڈ خواتین کے ڈبلز مقابلے میں چاندی کا تمغہ جیتا۔ ہندوستانی ٹیم کو چین کی زیوکنگ ژو اور جینگ ژاؤ سے قریبی مقابلے کے بعد۱۴۱-۱۵۰؍ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK